راولپنڈی(ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر نائب صدر معروف قانون دان شیر افضل مروت نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف سمجھتی ہے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ہوتے ہوئے ہمیں انصاف نہیں مل سکتا ،
انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیف جسٹس کی رویے کی مذمت کرتی ہے، آپ کو کوئی حق نہیں آپ پی ٹی آئی یا ان کے وکلاء کی تضحیک کریں۔ انھوں نے کہا کہ ہم چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اعلان کر رہے ہیں۔ آج لیگل ٹیم نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کرکے سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیسز پر گفتگو کی لیکن فاضل چیف جسٹس کا تحریک انصاف کے وکلاء کے ساتھ رویہ توہین آمیز ہے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ فاضل چیف جسٹس سمجھتے ہیں ملک میں امن و آشتی ہے۔ پی ٹی آئی کے 12 سو کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ہیں لیکن ہمارے کیسز کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے عمیر نیازی کو توہین عدالت کا نوٹس بھیجا لیکن آر اوز کے کنڈکٹ پر نوٹس نہیں لیا جا رہا، ہمارے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کو اغواء کیا جا رہا ہے، بہتر ہوگا پی ٹی آئی کے کیسز کے لیے علحیدہ بینچز بنائے جائیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ چیف جسٹس پی ٹی آئی دور میں دائر کیے گئے ریفرنس کا بغض نہیں نکال سکے ہیں اور ہم نے قاضی فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس بننے پر مبارک باد دی تھی،
انھوں نے کہا کہ ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے لیکن توہین برداشت نہیں کرسکتے۔
انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے آج تک ہمیں کوئی ریلیف میں ملا بلکہ سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو ضمانت کسی اور بینچ سے ملی ہے۔