اسلام آباد (ای پی آئی )وفاقی محتسب سیکرٹریٹ برائے انسداد ہراسیت کے خط پرآئی جی، اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت کے چھ بڑے پارکوں میں خواتین کے تحفظ کے لیے مختلف اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔
پیر کو وفاقی محتسب سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی محتسب سیکرٹریٹ برائے انسداد ہراسیت کے 06.09.2023 کو خط پر آئی جی، اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت کے چھ بڑے پارکوں میں خواتین کے تحفظ کے لیے مختلف اہم اقدامات اٹھائے۔
یہ خط پبلک پارکس اور مارگلہ ٹریلز میں خواتین کو ہراساں کیے جانے کی رپورٹس کے تناظر میں لکھا گیا، جس میں سیکیورٹی بڑھانے کے اقدامات کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ خواتین عوامی مقامات پر شرکت کے اپنے آئینی حق کا استعمال کر سکیں۔
جواب میں، اسلام آباد پولیس نے فوسپاہ کو بتایا کہ پارکس اور مارگلہ ٹریلز کے حکام کے تعاون سے 200 کیمرے نصب کیے گئے ہیں جن کی سیف سٹی کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے۔
مارگلہ ٹریلز کی نگرانی کے لیے ڈرون کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ پارکس اور مارگلہ ٹریلز کی نگرانی کے لیے نصب پٹرولنگ یونٹس کو فعال کر دیا گیا ہے۔فوسپاہ
آئین پاکستان کے آرٹیکل 25 اور 34 کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس کی کوششوں کو سراہتا ہے جو خواتین کی مساوات اور نمائندگی کو لازمی قرار دیتے ہیں۔ فوسپاہ اسلام آباد کو ہراسگی سے پاک شہر بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں پولیس فورس کے اہلکاروں کے لیے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔


