اسلام آباد(ای پی آئی ) وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے جاری رپورٹ میں اسکول نہ جانے والے بچوں سے متعلق ہوشربا انکشافات سامنے آگئے ملک بھر میں 2کروڑ 62 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ،پنجاب کا پہلا نمبر ۔

تفصیل کے مطابق پاکستان بھر بچوں کی تعلیم کے حوالے سے شماریاتی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ملک بھر میں 2 کروڑ 62 لاکھ بچے اس وقت اسکول جانے سے محروم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں ایک کروڑ 17 لاکھ 30 ہزار بچے تعلیم سے محروم ہیں جبکہ سندھ میں 76لاکھ 30 ہزار، کے پی میں 36 لاکھ 30 ہزار اور بلوچستان میں 31 لاکھ 30 ہزار بچے تعلیم سے محروم ہیں۔

اسی طرح وفاقی دارالحکومت میں 8 لاکھ بچے اسکول نہیں جا رہے۔ جاری رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 39 فیصد بچے مختلف وجوہات کی بنا پر اسکول نہیں جا رہے جبکہ سب سے زیادہ بلوچستان میں 65 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں،

بلوچستان کی نسبت خیبر پختونخوا کا تعلیمی میعار بہتر ہے۔ خیبرپختونخوا میں 30 فیصد بچے اسکول نہیں جا رہے۔

رپورٹ کے مطابق 2016 اور 2017 میں 44 فیصد بچے اسکولوں سے باہر تھے جبکہ 2021 اور 2022 میں 39 فیصد بچے اسکول سے باہر ہیں۔

انٹر کی سطح پر دیکھا جائے تو 60 فیصد بچے تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں جبکہ میٹرک، مڈل اور پرائمری سطح پر 44 فیصد، 30 فیصد اور 36 فیصد بچے اسکول نہیں جا رہے ہیں۔