اسلام آباد(ای پی آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین کیس میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔
تینوں رہنمائوں نے حاضری سے استثنی کی درخواستیں دائر کی تھیں، 4 رکنی کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔الیکشن کمیشن کے 4رکنی کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیسز کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کردی جبکہ اسد عمر اور فواد چودھری کے قابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کر دیئے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی جاری رکھنے کی اجازت دے دی تھی۔عدالتی حکم میں کہا گیا تھا کہ سندھ اور لاہور ہائی کورٹس نے صرف حتمی فیصلہ جاری کرنے سے روکا ہے، الیکشن ایکٹ کمیشن کو کارروائی کیلئے با اختیار بناتا ہے۔
سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ الیکشن کمیشن عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر کے خلاف کارروائی جاری رکھے، الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے اعتراضات پر بھی قانون کے مطابق فیصلہ کرے کیونکہ کسی ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی سے نہیں روکا۔


