ابوظہبی(ای پی آئی)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور متحدہ عرب امارت کے صدر شیخ محمد زاید کے درمیان قصر الشاطی پیلس میں ملاقات ہوئی جس میں شیخ محمد بن زاید النہیان نے جنرل عاصم منیر کو پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف کے طور پر تقرری پر مبارکباد دی اور پاکستان اور پاکستانی عوام کی خدمت کے لیے ان کی نئی ذمہ داریوں میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دفاعی اور عسکری امور میں تعاون کے تعلقات اور مشترکہ کام کے ساتھ ساتھ دونوں دوست ممالک کے مشترکہ مفادات کے لیے انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
آرمی چیف 4جنوری سے 10جنوری تک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں۔
آرمی چیف دونوں برادر ممالک کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اور دوطرفہ تعلقات سلامتی سے متعلق موضوعات پر مرکوز ہیں۔


