خیرپورٹامیوالی(ای پی آئی )چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر روایتی کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ کلچرل سرگرمیاں جاری ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی ہدایت کے مطابق دلوش سٹیڈیم چولستان میں ضلع کونسل بہاول پور اور ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے گئے۔

اس موقع پر دلوش سٹیڈیم میں فیصل آباد ڈویژن اور بہاول پور ڈویژن کی کبڈی ٹیموں کے مابین کبڈی میچ بھی کھیلا گیا۔کبڈی کے کھلاڑیوں نے جوش و خروش سے اس مقابلے میں حصہ لیا اور بہترین نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار کھیل پیش کیا۔
کبڈی کے مقابلہ میں بہاول پور ڈویژن کی ٹیم نے 36 پوائنٹس حاصل کئے جبکہ فیصل آباد کی کبڈی ٹیم نے 34 پوائنٹس حاصل کیے۔اس طرح یہ مقابلہ بہاول پور ڈویژن کی کبڈی ٹیم نے جیت لیا۔
چیف آفیسر ضلع کونسل نصراللہ نے بحیثیت مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر عامر حمید، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر فواد انور،سپورٹس افسران،کھلاڑی اور شائقین بڑی تعداد میں موجود تھے۔