شکار پور (ای پی آئی نیوز) سندھ کے ضلع شکار پور میں ڈاکوؤں کا راج ،ایک ہی رات میں 4 افراد اغواء پولیس کی جانب سے جلد بازیابی کا دعویٰ ۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کاضلع شکارپور ڈاکوؤں کے لئے مضبوط قلعہ کی صورت اختیار کر گیا ہے ۔ڈاکوؤں کی جانب سے شہریوں کے اغواء کی وارداتیں معمول بن گئیں ،
گذشتہ رات تھانہ بچل بہیو کی حدود میں ڈاکوؤں نے لوڈر رکشہ میں سامان لیکر جانے والے 3 افراد کو اغواء کر لیا جبکہ دوسری واردات میں اپنے گھر سے زمین پر جا نے والے شخص کو بھی اغواء کر کے ڈاکو کچے کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔
ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغواء ہونے والوں میں ساون جتوئی، عبد الصمد جتوئی ،مولا بخش جتوئی اور عبدالرحیم مہر شامل ہیں۔
ڈاکوؤں کی جانب سے اغواء کئے گئے 4 افراد کی بازیابی کے لئے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے جبکہ ایس ایچ او رتھانہ بچل بہیو نے اغواء ہونے والے شہریوں کے ورثاء کو ڈاکوؤں کا تعاقب کر کے اغواء ہونے والے افراد کی جلد بازیابی کی یقین دہانی کروائی ہے


