اسلام آباد(ای پی آئی )ءچیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نوجوانوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نوجوان نسل کسی بھی ملک کا انتہائی قیمتی اثاثہ ہوتی ہے خوش قسمتی کی بات ہے کہ پاکستان کی 60فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ۔ انھوں نے کہا کہ میں پاکستان کے نوجوانوں کو آج کے دن کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔پاکستانی نوجوان ٹیلنٹ اور صلاحیتوں کی دولت سے مالا مال ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے ارشد ندیم کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے اولیمکس گیمز میں عالمی رکارڈ قائم کرکے ملک کا نام پوری دنیا میں مشہور کردیا ہے ارشد ندیم نے ثابت کیا کہ حالات جس طرح بھی ہوں مسلسل محنت اور لگن سے کامیابی کا حصول یقینی ہوسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ”نوجوان اپنی بہادری اور عزم سے بڑی کامیابیاں حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر سکتے ہیں “اور نوجوان ہی تبدیلی کے اصل ایجنٹ ہیں جو محنت اور لگن سے کوئی بھی بڑا مقام حاصل کرسکتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کا ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔چیئرمین سینیٹ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ ملک و قوم کے روشن مستقبل کے لیے اپنی صلاحیتوں اور اعلیٰ تعلیم سے خود کو آراستہ کریں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے جمہوری عمل میں نوجوانوں کی شرکت ناگزیر ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک کی ترقی، درپیش چیلنجوں اور ملکی معیشت کے استحکام کےلئے ضروری ہے کہ ہم بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق کام ،کام اور صرف کام پر توجہ دیں۔

یوسف رضا گیلانی کا مزید کہنا تھا کہملکی ترقی کےلئے ناگیزیر ہو چکا ہے کہ ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملکی مفاد کو ملحوظ خاطر رکھیں اور ملک کی ترقی اور خوشحالی پر اپنی توجہ مرکوز کریں ۔