اسلام آباد(ای پی آئی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے خوشگوار دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات باہمی اعتماد اور احترام کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کو فروغ دے کر موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی سطح پر رابطوں میں فروغ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیلاروس کے دارالحکومت منسک میں بیلاروس کے ایوان نمائندگان کے اسپیکر ایگور سرگینکو سے ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی کی سربراہی میں بیلاروس کا دورہ کرنے والے پارلیمانی وفد میں اراکین قومی اسمبلی بھی موجود تھے۔
اسپیکر نے پارلیمانی سفارتکاری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے اور دونوں اقوام کو قریب لانے کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ پاکستان کی قومی اسمبلی میں تمام دوست ممالک کی پارلیمانوں سے رابطوں میں فروغ کیلئے پارلیمانی فرینڈ شپ گروپس تشکیل دیے گے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بیلاروس فرینڈ شپ گروپ کی تشکیل اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بیلاروس فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
اسپیکر نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور سماجی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اہم علاقائی اور عالمی معاملات پر یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی جانب سے بیلاروس کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اہم علاقائی اور عالمی امور پر یکساں موقف کے حامل ہیں اور پاکستان کے عالمی فورمز پر بیلاروس کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔
اسپیکر نے بیلاروس میں پاکستان کے پارلیمانی وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر بیلاروس کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں اسپیکر نے بیلاروس کے ایوان نمائندگان میں مہمانوں کے لیے رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کرتے ہوئے دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیلاروس کے اسپیکر ایگور سرگینکو نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ان کے پارلیمانی وفد کا بیلاروس کے دورے پر خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پارلیمانی وفد کا حالیہ دورہ دونوں ممالک میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور عالمی فورمز پر پاکستان کی جانب سے بیلاروس کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔