کشمور(ای پی آئی) صوبہ سندھ کے ڈاکو زدہ ضلع کشمور میں دیرینہ دشمنی نے ایک اور زندگی نگل لی۔

کشمور تھانہ کی حدود انڈس ہائی وے گرڈ اسٹیشن کے مقام پر نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ڈیوٹی کیلئے اسکول جانے والے استاد فہد حسن کھوسہ پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ گولیاں لگنے سے فہد حسن کھوسہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع واردات پر پہنچی تب تک ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے قانونی کاروائی کیلئے لاش کو ہسپتال منتقل کیااور پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کے ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ غسل کفن کے بعد لاش سپرد خاک کی گئی۔

رابطہ کرنے پر پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول کے ورثہ کا کہنا ہے کہ ہمارے نوجوان کو دیرینہ دشمنی کے بنیاد پر بہلکانی برادری نے قتل کیا ہے۔ پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ورثہ کے آنے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا اور ملزمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مقتول کے بھائی پر الزام تھا کہ اس نے بہلکانی برادری کے ایک شخص کو قتل کیا تھا.