نوشہروفیروز( ای پی آئی)بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیوائس مافیا کیجانب سے مبینہ ہراساں کئے جانے پر کنڈیارو میں 22 سالہ نوجوان نے اپنی زندگی کا دیا بجھا دیا .
نوجوان سلیم سولنگی نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کرلی پولیس نے جائے وقوع پہنچ کر نعش کو ضروری کارروائی کیلئے کنڈیارو اسپتال منتقل کردی.
متوفی کے کزن احمد سولنگی کا کہنا تھا کہ سلیم سولنگی نے بی آئی ایس پی فرنچائز سے ڈیوائس لے رکھی تھی جس کے کک آؤٹ ( 25 فیصد کمیشن ) کیلئے نوجوان سے 2 لاکھ روپے طلب کئے جارہے تھے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے کزن پریشان تھا ڈیوائس مافیا اسے ہراساں کررہی تھی کزن آج گھر آیا تو ڈیوائس مافیا کے کارندے اسکے پاس گھر پر آگئے اور دھمکیاں دے کر چلے گئے جسکے بعد نوجوان نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی.
ورثاء نے ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد, ایس ایس پی سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کیخلاف مقدمہ دائر کرکے قانونی کارروائی کی جائے کیونکہ یہ خودکشی نہیں بلکہ نوجوان کا قتل ہے.
دوسری جانب پولیس نے نوجوان کی نعش کو ضروری کارروائی کیلئے کنڈیارو اسپتال منتقل کردیا جبکہ کنڈیارو پولیس نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ورثاء کی شکایت درج کرلی ہے ملزم گھر خالی کرکے فرار ہوگئے ہیں مزید ہر حوالے سے تفتیش بھی جاری ہے متاثرین کو انصاف فراہم کرینگے۔


