کشمور(ای پی آئی )صوبہ سندھ کے ضلع کشمور کی تحصیل  کندھ کوٹ کے مختلف علاقوں میں پولیس کے مسلسل آپریشن کے دعوے بے سود ثابت ہوگئے۔ پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کا سلسلہ نہ رک سکا۔

کندھکوٹ کے تھانہ بی سیکشن کی حدود میں چمن کے مقام پر پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین مقابلہ ہو گیا۔ دونوں اطراف سے ایک دوسرے پر جدید ہتھیاروں کے ساتھ فائرنگ کی گئی۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے جنہیں علاج کیلئے فوری طور کندھ کوٹ ہسپتال منتقل کیا گیا۔

زخمی اہلکاروں میں محمود لاشاری کی حالت تشویشناک تھی جسے مزید علاج کیلئے لاڑکانہ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جو زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں شہید ہو گئے۔ تاہم زخمیوں میں اللہ داد محمد شعبان کا علاج جاری ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئی ہے۔ آخری اطلاع آنے تک پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔

دوسری جانب شہید اہلکار کی نماز جنازہ ایس ایس پی آفیس میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نےبھی شرکت کی۔