کشمور(رپورٹ حاکم نصیرانی )حالیہ برسات کے طاقتور اسپیل میں کشمور اور اس کے گرد و نواح میں ابر رحمت خوب جم کر برسا۔ وقفے وقفے سے جاری برسات کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور کئی کچے مکانات کو نقصان پہنچا۔
گھروں کی چھتیں گرنے کے دو مختلف واقعات میں ایک بچی سمیت دوافراد جاں بحق جبکہ ایک عورت اوردو بچے زخمی ہوگئے۔

گذشتہ شب کشمور کے نواحی گاؤں رند علی مزاری میں گھر کی چھت گرنے سے جمال الدین مہمدانی جاں بحق ہو گیا جب کہ شام کو برسنے والی برسات کی وجہ سے گڈو کے نواحی علاقے امن سٹی کے قریب ایک مزدور حاکم کھوسہ کے گھر کی چھت گر گئی

چھت گرنے کی وجہ سے گھر میں موجود ایک چار سالہ بچی سہانا جاں بحق ہو گئی اور ایک عورت دو بچوں سمیت شدید زخمی ہو گئی۔ زخمی ماں اور بچوں کو تشویشناک حالت میں علاج کیلئے رحیمیار خان منتقل کیا گیا۔ واقعات کی وجہ سے مرحومین کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی اور علاقے میں سوگ کا سماں چھا گیا۔