کشمور(ـای پی آئی )محکمہ تعلیم سندھ کے ڈپٹی ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن غازی خان مہر، چیف مانیٹرنگ آفیسر سید علی رضا شاہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (پرائمری) سید عبدالغفار شاہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری) ارشاد احمد بکرانی سمیت ضلع کشمور کے تعلقہ ایجوکیشن افسران نے مختلف سکولوں کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران انہوں نے ضلع کشمور میں مفت نصابی کتب کی تقسیم، سکولوں میں اساتذہ اور طلباء کی حاضری، سکولوں میں جاری تدریسی عمل، سکولوں کی عمارتوں کی حالت، انتظامی امور اور سکولوں کی صفائی کا معائنہ کیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر غازی خان مہر نے کلاس رومز میں موجود طلباء سے سکولوں کے دورے کے دوران نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں اور اساتذہ کے رویے کے بارے میں بھی پوچھا۔

علاوہ ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر (مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن) نے ضلعی محکمہ تعلیم کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ بھی کی جس میں انہوں نے ہدایات جاری کی کہ تمام افسران روزانہ سکولوں کا دورہ کریں، اساتذہ اور طلباء کی حاضری کو یقینی بنائیں اور بروقت سہولیات فراہم کریں۔ طلباء کو کتابیں عطیہ کریں، بنیادی سہولیات کی جلد فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور سرکاری سکولوں میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے سکولوں میں شجر کاری مہم بھی شروع کریں۔