اسلام آباد(ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈی چوک پر احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں کے تشدد سے شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کی شہادت کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی جانب سے ٹی وی انٹرویو میں دیئے گئے بیان کی شہید پولیس اہلکار کے بیٹوں نے سختی سے تردید کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران شدید زخمی ہونے کے باعث پولیس کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کی شہادت ہوئی جس پر گزشتہ روز عمر ایوب نے ٹی وی پروگرام میں غلط بیان دیتے ہوئے کہا کہ ” شہید کانسٹیبل کی ڈیتھ بلڈ پریشر اورہارٹ اٹیک سے ہوئی ہے۔ اس موقع پر عمر ایوب نے شہید پولیس کانسٹیبل کے بیٹوں کے بیان کا حوالہ دیا ۔

جس کے بعد اب شہید پولیس کانسٹیبل کے بیٹوں کے ویڈیو بیانات اور تردید منظر عام پہ آگئی ہے ۔شہید عبدالحمید شاہ کے بیٹے نعمان عبد الحمید شاہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ "میرے والد کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید زخموں کے نشانات پائے گئے” "میں وزیراعظم پاکستان، آئی جی اسلام آباد اور آرمی چیف سے گزارش کرتا ہوں کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے اور ان کے قاتلوں کو سخت سزا دی جائے”

دوسرے بیٹے حماد حمید شاہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میرے والد 4 اکتوبر 2024 کو پی ٹی آئی کے جلسے میں شہید کیے گئے۔سی ٹی سکین رپورٹ کے مطابق میرے والد کے سر پر چوٹ اور سینے پر زخموں کے نشانات تھے۔ انھوں نے کہا کہ اپنے مضموم سیاسی مقاصد کے لیے سیاسی انتشار ،پر تشدد کاروائیاں اور جھوٹ اس جماعت کا وطیرہ ہے، تجزیہ کار سیاست کی آڑ میں پرتشدد کاروائیوں اور توڑ پھوڑ کی اجازت بالکل نہیں ہونی چاہیے، تجزیہ کارشہید کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کے قاتلوں کو سخت سزا دے کر نشان عبرت بنایا جائے ،