میرپورخاص( ای پی آئی ) انسداد دہشتگردی عدالت میر پور خاص میں ڈاکٹر شاہنواز قتل کیس کی سماعت۔عدالت نے نامزد ملزمان پیر عمر جان سرہندی، سابق ایس ایس پی عمرکوٹ سمیت 7 پولیس افسران و اہلکار کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی ،5 پولیس اہلکاروں کو 12 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔
دوران سماعت ڈاکٹر شاہنواز قتل کیس میں عبوری ضمانت حاصل کرنے والے سابق ایس ایس پی عمرکوٹ آصف رضا بلوچ، پیر عمر جان سرہندی، سابق سی آئی اے انچارج عنایت زرداری اور ڈی آئی بی کے سابق انچارج دانش بھٹی میرپورخاص انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوئے ۔
عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں 12 دن کی توسیع کر دی ۔دریں اثناء اسی کیس میں گرفتار سی آئی اے پولیس کے سب انسپکٹر ہدایت اللہ ناریجو، پولیس اہلکار فرمان، نادر، غلام قادر اور عطا بجیر کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے ان کا مزید 12 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔