اسلام آباد (ای پی آئی ) 26ویں آئینی ترمیم پر وفاقی شرعی عدالت کی جانب سے خیر مقدم۔ وفاقی شرعی عدالت کے سینئر ریسرچ ڈاکٹر مطیع الرحمان نے پریس ریلیز جاری کردی
پارلیمنٹ نے آئین پاکستان میں 26 ویں ترمیم کو متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے، آرٹیکل 38 ایف میں ترمیم کے مطابق یکم جنوری 2028 تک سود کے مکمل خاتمے کو لازمی قرار دیا گیا ہے،
یہ پاکستان میں اسلامی مالیاتی اور بینکاری نظام کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، یہ آئینی ترمیم ایک تاریخی کامیابی ہے، جس سے اسلامی مالیات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ ہوتا ہے، یہ ترمیم وفاقی شرعی عدالت کی طرف سے 28 اپریل 2022 کو سنائے گئے تاریخی فیصلے کا نتیجہ ہے،
یہ فیصلہ جسٹس ڈاکٹر سید محمد انور نے تحریر کیا تھا، فیصلے میں عدالت نے ملک کے مالیاتی نظام سے ربا کے مکمل خاتمے کے لیے 5 سال کی مدت کا تعین کیا تھا، یہ فیصلہ اب آئین کا حصہ بن چکا ہے، جو پاکستان کی قانون سازی کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت ہے،