اسلام آباد (28 اکتوبر 2024ء) فلسطین فاونڈیشن کے اشتراک سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں صحافی برادری نے قومی صحافی کانفرنس برائے اظہار یکجہتی فلسطین و لبنان کا اہتمام کیا، جس میں سینئر صحافیوں، کالم نگاروں، تجزیہ کاروں اوراینکرز نے اظہار خیال کیا۔مقررین نے اپنی گفتگو میں پاکستان کے الیکٹرانک، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافی فلسطین اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں .
اقوام عالم و عالمی اداروں بشمول اقوام متحدہ، اوآئی سی، عرب لیگ اور یورپی یونین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری غزہ و لبنان میں جنگ بندی اور غزہ سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلاء کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ کانفرنس سے سینئر صحافی حامد میر، سینئر کالم نگار سجاد اظہر، سینئر صحافی افتخار شیرازی، سینئر صحافیوں شکیل قرار، علی رضا علوی، سکھ اینکرپرسن ہرمیت سنگھ، اینکرپرسن ڈاکٹر سجاد بخاری، کالم نگار پروفیسر شوذب عسکری، صحافی رضی طاہر، فلسطین فاونڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابومریم اور صحافیوں ساجد گوندل اورنادر بلوچ نے گفتگو کی۔
سینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ ہم بانی پاکستان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اہل فلسطین کے ساتھ ہیں اور فلسطین کے ساتھ پاکستان کی عوام غداری نہیں کرسکتی، سینئر صحافی افتخار شیرازی نے کہا کہ فلسطین کی عوام پوری امت مسلمہ کی جنگ لڑرہے ہیں، اینکر پرسن ہرمیت سنگھ نے کہا کہ غزہ و لبنان کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے، انسانیت جس کے اندر بیدار ہے وہ نیتن یاہو کی دہشتگردی کی کھل کر مذمت کرے گا۔ ڈاکٹر صابر ابومریم نے کہا کہ غزہ کی عوام ہماری مدد کے منتظر ہیں، ہمارے حکمران نیند سے بیدار ہوں اور اہل غزہ کی آواز بنیں، صحافی رضی طاہر نے اپنی معصوم بیٹی کو اٹھا کر کہا کہ مجھے اپنی بیٹی ایلاف اور غزہ کی معصوم بچیوں میں کوئی فرق دکھائی نہیں دیتا، غزہ میں ایک ہزار سے زائد ایسے بچے شہید ہوئے جنہوں نے محض چند سانسیں لی تھیں۔
کانفرنس کے شرکاء اور مقررین نے متفقہ قرارداد کی منظوری دی جس میں کہا گیا کہ ہم غزہ اور جنوبی لبنان میں بالخصوص اور مشرق وسطیٰ کے تنازعات کے علاقوں میں بالعموم اپنی صحافتی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے والے صحافیوں کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اور اس فرض کی راہ میں شہید ہونے والے لگ بھگ 190 صحافیوں کے خاندانوں سے اظہارتعزیت کرتے ہیں۔ شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے لیکن فرض کی راہ کو نہیں چھوڑا۔ قرارداد میں شہید اسماعیل ہنیہ، شہید سید حسن نصر اللہ، شہید یحییٰ السنوار، شہید صالح العروری، شہید ہاشم صفی الدین، شہید نیلفروشان اور القدس کے راستے پر شہید ہونے والے ہر حریت پسند کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد میں اپنی سرزمین کا دفاع کرنے والے فلسطینیوں اور لبنانیوں کیلئے دہشتگرد کی اصطلاع استعمال کرنے والے عالمی صحافتی اداروں کی بھی بھرپور اور واشگاف الفاظ میں مذمت کی گئی اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ اہل فلسطین و لبنان کی ہر ممکن عملی، اخلاقی و سفارتی مدد کی جائے اور پاکستان میں فلسطین کیلئے اٹھنے والی آوازوں کو دبانے اور دہشتگردی کے مقدمات درج کرنے کا سلسلہ روکا جائے۔ کانفرنس کے اختتام میں شہدائے غزہ و لبنان کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
کانفرنس میں اینکرپرسن تحسین اللہ تحسین، اینکرپرسن جہانگیر خان، سینئر صحافی فرخ نواز بھٹی، رپورٹرز قمر میکن، سبین شہباز، ثقلین ہموانہ، بلال عباسی، انعام گورائیہ، سماجی کارکنان احسن ایازکھیتران، فرخندہ کوکب، مرتضی وڑائچ، فہد گل، احمد اسامہ طاہر سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔