ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان اور یونیورسٹی آف یوٹاہ کے درمیان پاکستان کی سرکاری جامعات میں استعداد کار بڑھانے کی مختلف سرگرمیوں کو فروغ دینےکے حوالے سے معاہدہ کیا گیا۔
یہ اقدام امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے ذریعے ہائر ایجوکیشن سسٹم اسٹرینتھننگ ایکٹیویٹی (HESSA) کی معاونت سے طے پایا، جس کا مقصد اساتذہ کی ترقی، حکمت عملی کی منصوبہ بندی، پالیسی اصلاحات، اور ادارہ جاتی گورننس کو بہتر بنانا ہے۔
اس تقریب میں ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد، یو ایس ایڈ کے ڈپٹی مشن ڈائریکٹر اینڈریو مک کم اور ایچ ای سی،
یونیورسٹی آف یوٹاہ، اور یو ایس ایڈ کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ایچ ای سی کی جانب سے ایڈوائزر گلوبل انگیجمنٹ
اویس احمد اور یونیورسٹی آف یوٹاہ کے پروفیسر آف سول انجینئرنگ ڈاکٹر مائیکل باربر نے اپنے متعلقہ اداروں کی طرف سے
دستاویز پر دستخط کیے۔ اس اقدام کے تحت 16 پاکستانی جامعات کو اس شراکت داری میں شامل کیا گیا ہے، کیونکہ پہلے سے
16 جامعات کو HESSA کے ذریعے تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد نے اس قسم کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا،”یونیورسٹی آف یوٹاہ کے ساتھ یہ شراکت داری ہمارے اساتذہ اور ادارہ جاتی رہنماؤں کو پاکستان میں تعلیم کے معیار کو بلندکرنے میں مدد دے گی۔” انہوں نے امریکہ کے ساتھ سابقہ تعاون کے نتائج پر روشنی ڈالی اور پاکستانی نوجوانوں کے لیے یوایس ایڈ کی جانب سے فراہم کردہ وسائل کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ملک کے لیے ’سونے کی کان‘ ہیں اوراس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔
اینڈریو مک کم نے بھی اس عزم کو دہرایا اور کہا، "یو ایس ایڈ اس اہم اقدام کی حمایت پر فخر محسوس کرتا ہے، جو پاکستان میں پائیدار ترقی کے حصول میں تعلیم کے کردار کو مستحکم کرتا ہے۔”
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر مائیکل باربر نے کہا کہ یونیورسٹی آف یوٹاہ اس تعاون کے لیے انتہائی پُرجوش ہے۔ "ایچ ای سی کے ساتھ شراکت داری کوہم اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں پاکستان کے تعلیمی نظام کو آگے بڑھانے کیلئے ہم مل کرجدت کو فروغ دینے، علم کے تبادلے کو بڑھانے اور تعلیمی ترقی کی حوصلہ افزائی کا عزم رکھتے ہیں۔”
تقریب کے آغاز میں ایچ ای سی کے ایڈوائزر گلوبل انگیجمنٹ اویس احمد نے شراکت داری کے بنیادی مقاصد پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ اس تعاون کا مقصد اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے حکمت عملی کی منصوبہ بندی، تربیت کے ذریعے جامعات
کی استعداد کار میں اضافہ اور پالیسی اصلاحات میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
یہ شراکت یو ایس ایڈ کے اس مشن کی عکاسی کرتی ہے جس کا مقصد پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے کو بین الاقوامی شراکتوں کے ذریعے مضبوط بنانا ہے، تاکہ پاکستانی جامعات کو عالمی چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنےکے قابل بنایا جا سکے۔ یونیورسٹی آف یوٹاہ کے ساتھ شراکت داری ایچ ای سی کے اس عزم کی عکاس ہے کہ وہ ایسی دیرپاعالمی تعلیمی شراکتیں قائم کرے جو طلباء اور اساتذہ دونوں کے لیے مفید ہوں۔