چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ انسانیت کو موسمیاتی تبدیلیوں، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں رکاوٹوں اور سماجی و اقتصادی عدم مساوات کے چیلنجز کا سامنا ہے اور اس ضمن میں پارلیمنٹ اور ارکان پارلیمنٹ کا کردار انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ پیر کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز (PIPS) اسلام آباد میں 10ویں سالانہ قومی پارلیمانی ڈیویلپمنٹ کورس کے افتتاحی سیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ عوام کے نمائندے ہوتے ہیں اور انھیں آئین کے تحت عوامی خدمت کی اہم ذمہ داری سونپی جاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پارلیمانی کام ایک خصوصی شعبہ بن گیا ہے جس کے لیے مہارت رکھنے والے افسران کی ماہرانہ اور پیشہ ورانہ معاونت کی ضرورت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے اس تربیتی کورس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آئین، پارلیمانی رولز آف پروسیجر، اور گورنمنٹ رولز آف بزنس 1973 کو سمجھنے میں یہ تربیتی کورس انتہائی معاون ثابت ہو گا اور افسران ان مہارتوں کا بھر پور استعمال کریں۔
انہوں نے PIPS انتظامیہ کی جانب سے پارلیمانی افسران کو بااختیار بنانے میں ان کے کردار کی تعریف کی۔
چیئرمین سینیٹ نے کورس کے شرکاء کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پارلیمانی اداروں کو معیاری خدمات پیش کریں گے۔ کورس میں پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے ساتھ ساتھ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلیوں کے مڈ کیریئر افسران کا ایک متنوع گروپ حصہ لے رہا ہے۔