کشمور(ای پی آئی ) سندھ کے ضلع کشمور کے علاقہ کندھ کوٹ میں صنفی بنیاد پر تشدد کے اثرات اور روک تھام سے متعلق تقریب کا انعقاد۔ یورپی یونین کی مالی معاونت اور انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی، ایس ۔ پی او اور ایم ۔ ای ۔ آر ۔ ایف کے اشتراک سے گورنمنٹ گرلز کالج میں عالمی مہم "صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کے لیے 16 دن” کے تحت کمیونٹی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کا مقصد صنفی بنیاد پر تشدد اور غذائی قلت کے درمیان تعلق کو اجاگر کرنا اور صنفی مساوات کے کلچر کو فروغ دینا تھا۔ تقریب میں کمیونٹی کے افراد، کارکنوں، نوجوانوں اور مختلف اسٹیک ہولڈرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں یڈیشنل ڈپٹی کمشنر علی رضا بزدار اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر محکمہ تعلیم نصراللہ ادرانی نے خصوصی شرکت کی۔ پینل مباحثے میں پینلسٹ احمد بخش چنا، امداد اللہ کھوسو، اور روبینہ کوثر نے شرکت کی اور اپنے خیالات اور تجربات کی روشنی میں اقدامات پر زور دیا۔

مقررین نے صنفی بنیاد پر تشدد کی بنیادی وجوہات، عدم مساوات جیسے مسائل، اور زیادہ جامع کمیونٹیز کی تعمیر کے حوالے سے گفتگو کی۔ شرکاء نے آرٹ اور تقاریری مقابلے میں بھی حصہ لیا، جہاں طلباء نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور صنفی مساوات اور بااختیار معاشرے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ "کمیونٹی وائسز” سیگمنٹ میں تشدد کا مقابلہ کرنے والوں کی متاثر کن داستانیں شامل تھیں،

تقریب کا اختتام ایوارڈز کی تقریب کے ساتھ ہوا، جس میں شرکاء اور کمیونٹی چیمپئنز کو ان کی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈز سے نوازا گیا۔تقریب میں آئی آر سی، ایم ای آر ایف، اور ایس پی او کے نمائندوں نے اجتماعی کارروائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صنفی بنیاد پر تشدد ایک معاشرتی چیلنج ہے جو پائیدار ترقی کی راہ میں حائل ایک بڑی رکاوٹ ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اقدامات اور کوششوں کی بدولت تشدد سے پاک، مساوات بے بھرپور، اور مستحکم مستقبل تخلیق کرنے میں کردار ادا کریں گے۔