1
سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سانحہ 9 مئی میں ملوث مزید 60 مجرمان کو فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سزائیں سنائیں، فیلڈ کورٹ مارشل نے تمام شواہد کی جانچ پڑتال، مجرموں کو قانونی حق کی یقینی فراہمی اور قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے سزائیں سنائیں۔جناح ہاؤس حملے میں ملوث عمران خان کے بھانجے حسان خان نیازی ولد حفیظ اللہ نیازی کو 10 سال قید بامشقت جبکہ میاں عباد فاروق ولد امانت علی کو 2 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔جناح ہاؤس حملے میں ملوث رئیس احمد ولد شفیع اللّٰہ کو 6 سال قید بامشقت، ارزم جنید ولد جنید رزاق کو 6 سال قید بامشقت، علی رضا ولد غلام مصطفیٰ کو 6 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔آئی ایس پی آر
2
حکومت نے دیوالیہ ہوتی معیشت کو سنبھال لیا: عمران خان کا اعتراف،اڈیالہ جیل راولپنڈی میں پیشی کے دوران بانی پی ٹی آئی نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیئے، عمران سے صحافی نے پوچھا کیا آپ تسلیم کر رہے ہیں حکومت نے معیشت کو استحکام دیا ہے؟جس پر عمران خان نے جواب دیتے ہوئے تسلیم کیا کہ حکومت نے دیوالیہ ہوتی معیشت کو سنبھال لیا ہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ معیشت دیوالیہ ہونے سے بچ گئی ہے لیکن ترقی نہیں ہوئی۔
3
جلاؤ گھیراؤ کیس: علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع،تھانہ حسن ابدال میں درج جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں مسلسل غیر حاضری پر وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی گئی۔عدالت نے علی امین گنڈا پور کو 21 جنوری 2025 تک عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا اور کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور پیش نہ ہوئے تو اشتہاری قرار دیئے جائیں گے۔
4
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ایک طرف مذاکرات کا ڈرامہ کھیل رہی ہے اور دوسری طرف سول نافرمانی کی تحریک کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے۔ تحریک انصاف کے سرکردہ شیرو اور ٹائیگرز سوشل میڈیا پر اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر نہ بھیجنے پر اکسا رہے ہیں، زلفی بخاری، شہباز گل اور شہزاد اکبر جیسے غیرملکی ٹاؤٹ اس مہم میں پیش پیش ہیں، اوورسیز پاکستانیوں نے فتنے اور فتنہ پارٹی کی ملک دشمنی کو مسترد کردیا ہے، سمندر پار پاکستانیوں نے رواں سال ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ ریکارڈ ترسیلات زر بھیجے ہیں۔اڈیالہ جیل کے قیدی نے ڈیڑھ سال قوم کو بتایا کہ میں آپ کو امریکی غلامی سے آزاد کراؤں گا، اب ایک مہینے سے امریکی لابی کو پاکستان میں مداخلت کی درخواستیں کر رہے ہیں،اڈیالہ جیل کا قیدی این آر او مانگنے کے لیے کسی کے بھی پاؤں پکڑنے کے لیے تیار بیٹھا ہے۔
5
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ بارڈر علاقوں میں آپریشن کئے ہیں۔افغانستان میں ایئر سٹرائیکس کے سوال پر ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے درعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے لوگوں کی سکیورٹی کیلئے پُرعزم ہے، بارڈر کے علاقوں میں سکیورٹی فورسز آپریشن کئے گئے ہیں اور بارڈر ایریا میں یہ آپریشنز انٹیلیجنس اطلاعات اور ثبوتوں کی بنیادوں پر کئے جاتے ہیں۔ان کارروائیوں کا مقصد پاکستانی شہریوں کو ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گردوں سے بچانا ہے۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ گزشتہ دنوں سے ہی رابطے میں ہے اور نمائندہ خصوصی برائے افغانستان صادق خان اس وقت کابل میں موجود ہے، صادق خان نے افغان وزیر داخلہ ، وزیر خارجہ، نائب وزیر اعظم اور دیگر لوگوں سے ملاقات کی ہے اور ملاقاتوں میں سکیورٹی صورتحال ، بارڈر مینجمنٹ اور تجارت پر بات چیت کی گئی۔
6
توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی 30 دسمبر تک ملتوی،راولپنڈی اڈیالہ جیل میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کیس کی سماعت کے لیے اڈیالہ جیل آئیں۔سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز عدالت میں پیش ہوئے، اس کے علاوہ وکیل سلمان صفدر اور کوثین فیصل مفتی کی جانب سے ذاتی مصروفیات کے باعث سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔وکلا کی عدم موجودگی کے باعث پراسیکیوشن کے گواہ کا بیان ریکارڈ نہ ہو سکا جس پر عدالت نے بغیر کارروائی توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 30 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
7
جی ایچ کیو حملہ کیس: ملٹری کورٹس سے سزا یافتہ مزید 5 ملزمان اڈیالہ جیل منتقل، اڈیالہ جیل منتقل کئے جانے والوں میں محمد عبداللہ ولد کنور اشرف، راجہ دانش وحید ولد راجہ عبدالوحید، حسن شاہ ولد صابر حسین شاہ، علی حسنین ولد خلیل الرحمان اور فرہاد خان ولد شاہد حسین خان شامل ہیں۔ملزمان کو حال ہی میں جرم ثابت ہونے پر ملٹری کورٹ سے 10، 10 سال قید با مشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔
8
خیبر پختونخوا: امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر جیلوں میں سکیورٹی بہتر بنانے کا فیصلہ، صوبائی محکمہ داخلہ نے صوبائی حکومت سے فنڈز جاری کرنے کی درخواست کردی، جیلوں میں سی سی ٹی وی کیمرے، موبائل جیمرز، کمیونیکیشن سسٹم نصب کیے جائیں گے۔دستاویز کے مطابق جیلوں میں جدید سہولیات کی فراہمی مرحلہ وار کی جائے گی، پہلے مرحلے میں صرف 5 جیلوں کو جدید آلات سے لیس کیا جائے گا، مردان، ہری پور، ڈی آئی خان اور بنوں کی جیلوں میں جدید ٹیکنالوجی نصب ہو گی۔سرکاری دستاویز کے مطابق پانچ جیلوں میں جدید ٹیکنالوجی کی تنصیب پر 1329 ملین روپے خرچ کیے جائیں گے، موجودہ صورت حال میں جیلوں کو جدید آلات سے لیس کرنا وقت کی ضرورت ہے۔