1
پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ عمران خان کی اوورسیز پاکستانیوں کو زرمبادلہ وطن نہ بھیجنے کی کال جاری رہے گی، عمران خان نے سب مظالم معاف کرنے کی ہامی بھری ہے۔ آج مذاکراتی کمیٹی کی عمر ایوب کی سربرہی میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، بانی پی ٹی آئی کی زرمبادلہ پاکستان نہ بھیجنے کی کال جاری رہے گی، 1971ء کے بعد کسی پارٹی کے حقوق چھینے گئے، سول رائٹس اور ہیومن رائٹس کو معطل کیا گیا، الیکشن میں ہمارا مینڈیٹ چرایا گیا اس لیے یہ کال جاری رہے گی۔پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی ممبران کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو ،ہم مذاکرات کو 31 جنوری 2025ء کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں، عمر ایوب ڈیڈ لائن سے متعلق حکومت کو باضابطہ طور پر آگاہ کریں گے، عمران خان نے تمام مظالم کو معاف کرنے کی ہامی بھری ہے، انھوں نے وزیراعلیٰ کے پی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے انھوں نے فسطائیت کا سامنا کرنے والے تمام پارلیمنٹرین اور کارکنوں کو اپنا فخر کہا ہے اور کرم ایجنسی کے معاملے کو فوری حل کرنے کا کہا ہے۔
2
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سانحہ نو مئی بانی پی ٹی آئی کی سازش تھی، بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے رفقاءنے نو مئی کی منصوبہ سازی میں حصہ لیا۔ نو مئی کو لاہور جناح ہاؤس، پی اے ایف میانوالی، راولپنڈی، قلعہ چکدرہ کے ملزمان کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، نو مئی کو ملک کے دفاعی اداروں کو کمزور کرنے کی سازش کی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے مذموم سازش تھی،بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے رفقاءنے نو مئی کی منصوبہ سازی میں حصہ لیا۔ سانحہ نو مئی کے مجرمان کو شواہد کی بنیاد پر سزائیں سنائی گئیں،جن مجرمان کو سزائیں سنائی گئیں یہ توڑ پھوڑ میں ملوث تھے، نو مئی کے مجرمان کا فیئر ٹرائل ہوا ہے۔سانحہ نو مئی کے مجرمان کو ٹرائل کے دوران تمام بنیادی حقوق دیے گئے،ٹرائل کورٹ میں عجلت میں کیس کا فیصلہ نہیں ہوا، پراسیکیوشن کی طرف سے بہت وقت لیا گیا، اور عدالت میں باقاعدہ شواہد پیش کیے گئے۔ آج انصاف کا بول بالا ہوا ہے، اب کوئی جرات نہیں کر سکے گا کہ ملکی دفاعی تنصیبات پر حملہ کرے۔
3
علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں قید پی ٹی آئی کارکنوں کیلیے کمبل بھجوا دئیے۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید پی ٹی آئی کے کارکنان کے لیے کمبل پہنچا دئیے گے۔ پی ٹی آئی کے ڈھائی سو کارکنوں کے لیے کمبل کے ساتھ ساتھ جرابیں اور دیگر اشیا بھی بھجوائی گئیں۔پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری قید کارکنوں کے لیے کمبل اور دیگر اشیا لے کر اڈیالہ جیل پہنچے۔ پی ٹی آئی کارکنوں کے لیے کمبل سمیت دیگر اشیا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے فراہم کی گئی ہیں۔
4
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین تاریخی تعلقات کی بنیاد مشترکہ عزت اور بھروسا ہے۔پرائم منسٹر ہاؤس پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ممتاز چینی آرٹسٹ و مجسمہ ساز ماسٹر یوآن شیکم (Yaun Xikum) نے ملاقات کی، جس میں چیئرمین ماؤ زے تنگ کی بھتیجی مادام ماؤ شیاؤ چنگ بھی موجود تھیں۔اس موقع پر ماسٹر یوآن کے بنائے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح اور چیئرمین ماؤ زے تنگ کے اسکلپچرز کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جو 25 دسمبر کو قائد اعظم اور 26 دسمبر کو ماؤ زے تنگ کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقد کی گئی ۔ وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ماسٹر یوآن کو خوش آمدید کہا ۔وزیراعظم نے قائد اعظم اور چیئرمین ماؤ کے شاندار اسکلپچرز بنانے پر ماسٹر یوآن کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا ۔ آج کی یہ تقریب تاریخی ہے۔ دونوں لیڈرز کے اسکلپچرز ماسٹر یوآن کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی قیادت کرتے ہوئے نئی اسلامی مملکت پاکستان کی بنیاد رکھی جب کہ جدید چین کی بنیاد رکھنے میں چئیرمین ماؤ کا کلیدی کردار تھا۔وزیراعظم کا تقریب سے خطاب
5
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں ایئرفورس کی بمباری پر دکھ ہوا، اس طرح کی کارروائی سے انتشار پھیلے گا۔عمران خان کا یہ پیغام علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیش کیا۔ علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے واضح کیا ہے ملکی معیشت کا بڑا سہارا اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر ہیں۔ عمران خان نے تو صرف اوورسیز پاکستانیوں کو کال دی ہے اگر اوورسیز پاکستانی اپنی ترسیلات زر نہیں بھیجنا چاہیں گے تو اپنی مرضی سے نہیں بھیجنا چاہیں گے اور یہ پاکستانی ہی ہیں جو یہاں سرمایہ کاری کرتے ہیں اور ڈالر بھیجتے ہیں، عمران خان نے کہا ہے کہ جب ہماری مذاکراتی کمیٹی کے دو مطالبات پر سنجیدگی دکھائی جائے گی تب ہم ترسیلات زر روکنے کی کال واپس کریں گے۔
6
قائمہ کمیٹی؛ نان فائلرز پر گاڑی و جائیداد خریدنے، بینک اکاؤنٹ پر پابندی کا بل منظور،سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا، جس میں ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2024 پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ٹیکس آڈیٹرز اور ماہرین پر ٹیکس گزاروں کا ڈیٹا خفیہ رکھنے کی شق منظور کرلی گئی۔علاوہ ازیں قائمہ کمیٹی اجلاس نے نان فائلرز پر گاڑی ، بینک اکاؤنٹ ، شیئرز خریداری پر پابندی کی شق منظور کرلی۔ اس کے علاوہ نان فائلرز کی جائیداد کی خرید و فروخت پر پابندی لگانے کی، ہائی رسک افراد کا ڈیٹا بینکوں سے شیئر کرنے کی شقیں منظور کرلی گئیں۔اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ان افراد کو گاڑی ، جائیداد خریدنے سے پہلے اپنی مالی اہلیت کو ثابت کرنا ہوگا اورخریداری سے قبل اپنے گوشواروں میں ذرائع آمدن کو بتانا ہوگا۔
7
یو اے ای میں قید 4 ہزار 700 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک،متحدہ عرب امارات میں کل 5 ہزار 292 پاکستانی مختلف جرائم میں قید ہیں، متحدہ عرب امارات کی جانب سے حکومت؛پاکستان کو جرائم کی تفصیل فراہم کی گئی، حکومت نے بڑے جرائم میں ملوث پاکستانی شہریوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یو اے ای میں منشیات کے جرائم میں ملوث 2ہزار 470 افراد کے پاسپورٹ بھی بلاک کیے گئے، اس کے علاوہ فراڈ، دھوکہ دہی اور جنسی ہراسانی میں ملوث 100 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بھی بلاک کیے گئے۔
8
فضائی آلودگی اور اسموگ کنٹرول کرنے کے لیے لاہور میں پاکستان کا پہلا اسموگ ٹاور نصب کردیا گیا۔حالیہ ٹاور لاہور کے علاقہ محمود بوٹی میں اسموگ ٹاور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے تعاون سے نصب کیا گیا ہے۔اسموگ ٹاور ایک کلومیٹر کے ایریا میں 50 ہزار کیوبک فی گھنٹہ سے فضا کو صاف کرسکے گا، اسموگ ٹاور کا کلینکل، لیب ٹیسٹ مکمل کرلیا گیا، روڈا کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے تجربے کا مقام فراہم کیا۔ڈی جی ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ ،کہا 15 روز تک اسموگ ٹاور کا فیلڈ ٹیسٹ کیا جائے گا، چمنیوں، انڈسٹریز، ڈمپنگ سائٹ کی کی آلودگی کو کم کرنے کا تجربہ کیا جائے گا، ائیرکوالٹی مانیٹرز سے فضا میں کیمیائی مادوں کی کمی کو چانچا جائے گا تجربہ کامیاب ہونے پر مزید اسموگ ٹاور نصب کرنے کا فیصلہ ہوگا۔
9
اسٹاک ایکسچینج میں آج دن بھر مندی رہی، جس کے سبب انڈیکس ایک لاکھ 10 ہزار پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ملک میں 25 دسمبر کی عام تعطیل کے فوراً بعد کاروباری ہفتے کے چوتھے دن بازارِ حصص میں شدید مندی کا رجحان رہا۔ مارکیٹ کا آغاز 2381 پوائنٹس کی بڑی مندی کے ساتھ ہوا تو نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر 111033 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔بعد ازاں مارکیٹ میں بتدریج 893، پھر 1327، 2326، 2413 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی جو پی ایس ایکس کے دورانیے کے اختتام تک مجموعی طور پر 1991 پوائنٹس پر منتج ہوئی اور اس طرح جمعرات کے روز کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 12 ہزار اور ایک لاکھ 11 ہزار پوائنٹس کی دونوں سطحیں کھو بیٹھا۔