1
شیخ رشید نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی چیلنج کردی۔شیخ رشید احمد نے سپریم کورٹ میں سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کے ذریعے پٹیشن داخل کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ میرے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے لئے ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں، مقدمہ کے 95 گواہان میں سے کسی نے بھی شیخ رشید کو نامزد نہیں کیا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شیخ رشید ایف آئی آر میں نامزد نہیں ہیں، 6 ماہ کے بعد محض 8 فروری کے الیکشن سے باہر کرنے کے لئے نام ڈالا گیا، ہمراہی ملزم صداقت علی عباسی کے 164 کے جبری بیان کو بنیاد بنا کر اعانت جرم کا الزام لگایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق ایک ملزم کا بیان دوسرے ملزم کے خلاف استعمال نہیں کیا جاسکتا، صداقت عباسی پہلے ہی اپنے بیان کی تردید کرچکے ہیں۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شیخ رشید کا جی ایچ کیو حملہ کیس سے کوئی تعلق نہیں، انہیں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265K کے تحت بری کیا جانا چاہئے تھا، اگر فرد جرم کے لئے ٹھوس مواد موجود نہ ہوں تو فرد جرم نہیں لگائی جاسکتی۔
2
حکومت بلوچستان کا صوبے میں بے نظیر کسان کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ،وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے محکمہ زراعت کی سمری پر کسان کارڈ کی منظوری دے دی، کسان کارڈ کے تحت بلوچستان کے چھوٹے زمینداروں کو سبسڈی دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پہلے مرحلے کی منظوری دے دی، کسان کارڈ کے لئے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی دو سال کے لئے کلاؤڈ سسٹم قائم کرے گی۔ کسان کارڈ صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے کسان دوست وژن کا حصہ ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے سندھ اور بلوچستان کے ہاریوں کی بہبود کیلئے جامع حکمت عملی پر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند
3
بلوچستان اسمبلی کا اجلاس دو روزہ وقفے کے بعد کل ہوگا۔اجلاس میں سال 25-2024 میں واشک کے کالجوں کے قیام سے متعلق مختص بجٹ جاری کرنے کے بارے میں توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائیگا، اجلاس میں واشک کو دو حلقوں پر تقسیم کرنے سے متعلق قرار داد پیش کی جائیگی۔پنجگور کے گزشتہ 3 برسوں سے بند انٹر نیٹ سروس کو بحال کرنے کی بابت عملی اقدمات اٹھانے سے متعلق قرار داد پیش کی جائیگی، محکمہ ریلوے کی آسامیوں کو ختم اور سی پیک فیز 2 بلوچستان بھر میں ریلوے نظام کو شامل کرنے سے متعلق قرار داد پیش کی جائیگی۔
4
اسرائیلی فورسز کی غزہ میں گولہ باری جاری، مزید 20 فلسطینی شہید،عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج جنگی جنون میں عالمی اخلاقی قوانین بھول گئی، صحافیوں پر بھی حملے جاری ہیں، غزہ میں اسرائیل کا القدس ٹی وی کی گاڑی پر حملہ کیا جس میں 5 صحافیوں سمیت کم 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔وسطی شہر نصیرات میں پناہ گزین کیمپ کے باہر کھڑے ٹرانسمیشن ٹرک کو اسرائیلی میزائل نے نشانہ بنایا گیا، غزہ کے جنوب میں گھر پر حملہ کیا گیا جس میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔کمال عدوان ہسپتال کے سامنے ڈرون حملے میں خاتون شہید ہوگئیں، جنوبی غزہ میں نقل مکانی کرنے والے کیمپ میں تین فلسطینی بچے ہائپوتھرمیا کی وجہ سے شہید ہوگئے۔
5
برسبین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 14واں ایڈیشن 31 دسمبر سے شروع ہوگا۔برسبین انٹرنیشنل اوپن ٹینس منتظمین کے مطابق ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لئے تیاریاں جاری ہیں، ٹورنامنٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز اور ویمنز ڈبلز مقابلے ہوں گے۔ٹورنامنٹ میں بلغاریہ کے گریگور دیمتروف مردوں کے سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے، خواتین کے سنگلز مقابلوں میں قازقستان کی ایلینا ریباکینا ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔
6
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخ بڑھ گئے۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 14ڈالر کے اضافے سے 2628ڈالر کی سطح پر آ گئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1400 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت میں 1200 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 74 ہزار روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 34 ہزار 911 روپے ہوگئی۔
7
حج پروازوں سے متعلق وزارت مذہبی امور اور سعودی ایئرلائن کے مابین معاہدہ طے, سعودی ایئرلائن 35 ہزار پاکستانی سرکاری حجاج کو سفری سہولیات مہیا کرے گی، معاہدے پر دستخط وزارت مذہبی امور میں کیے گئے۔سعودی ایئرلائن کے پاکستان میں کنٹری منیجر سلطان الحربی اور ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمان نے معاہدے پر دستخط کیے۔ترجمان کے مطابق سعودی ایئرلائن کے کنٹری منیجر نے پاکستانی حجاج کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستانی حجاج کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔