اسلام آباد(ای پی آئی)وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے ایک ارب ڈالر کی امداد کے اعلان کا شکریہ ادا کرتا ہے۔

وزیر اعظم سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ پاکستان سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے سعودی عرب کی امداد کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی فنڈ کے ایک چار رکنی وفد سے جمعرات کے روزا سلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی سربراہی سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) سلطان المرشد کر رہے تھے۔وزیر اعظم نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے ایک ارب ڈالر کی امداد کے اعلان پر سعودی عرب کی عوام اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم نے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینے پرسعودی وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔ملاقات کے دوران پاکستان میں سعودی عرب کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ملاقات میں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈا ر، وزیر قانون سینیٹر چوہدری اعظم نزیر تارڑ ، وزیراعظم کے مشیر احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔