اسلام آباد (ای پی آئی ) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کی سوشل میڈیا پر خاموش،صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف سمیت نائب صدر، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت سینئر قیادت کی جانب سے ملکی صورتحال بارے حالیہ چندروزمیں کوئی بیان جاری نہیں کیاگیا ۔
پارٹی صدرمیاں نواز شریف کے ایکس اکاؤنٹ پر16دسمبر کوپارٹی رہنما صدیق الفاروق کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد آج 28دسمبر کوفیصل آباد سےپارٹی کے رہنما اسرار احمد خان کی وفات پر اظہارتعزیت کیا گیاہے میاں نواز شریف نے لکھاہے کہ اسرار احمد خان کی ناگہانی وفات پر دِلی افسوس ہوا۔ وہ مسلم لیگ ن کے بہت باوفا رُکن اور میرے مخلص ساتھی تھے۔ میں دُکھ کی اِس گھڑی میں انکے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ اللہ تعالیٰ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر و ہمت سے یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے 20 دسمبرسے کوئی ٹویٹ نہیں کی۔
البتہ خواجہ سعد رفیق نے بے نظیر بھٹوکی شہادت کے روز ٹویٹ کیااور لکھا کہ 27 دسمبر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے یوم شہادت پر انکی جرأت اور جدوجہد کو سلام
پیپلزپارٹی سے سیاسی اور بھٹو مرحوم سے ہمارے گھرانے کے سیاسی و ذاتی اختلاف کے باوجود یہ ماننا پڑے گا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے ضیا اور مشرف آمریت کیخلاف بے مثل طویل جدوجہد کی ۔دونوں بڑے لیڈروں نے غلطیوں سے سیکھ کر میثاق جمہوریت کیا ۔خواجہ سعد رفیق نے لکھا کہ اگر میاں نواز شریف اور محترمہ بے نظیر کے طے شدہ میثاق جمہوریت پر عمل ھو جاتا تو آج پاکستان کی تقدیر بدل چکی ھوتی لیکن بی بی کی شھادت کے باعث یہ عظیم کام ادھورا رہ گیا ۔انکی شہادت کے بعد پاکستانی سیاست میں پیدا ھونیوالا خلا پُر نہیں کیا جا سکا ۔اللّٰہ کریم مغفرت فرمائیں
اس کے بعد خواجہ سعد رفیق نے اقبال کے دوشعر لکھے ہیں
تُو رہ نورد شوق ہے ، منزل نہ کر قبول
لیلٰی بھی ہم نشيں ہو تو محمل نہ کر قبول
اے جوئے آب بڑھ کے ہو دريائے تند و تيز
ساحل تجھے عطا ہو تو ساحل نہ کر قبول
(ضرب ِ کلیم)اقبال رح
سینیٹرعرفان صدیقی نے 13 دسمبر کے بعد سے کوئی ٹویٹ نہیں کی۔
رانا ثنا اللہ نے 21 دسمبر کےبعد کل 27دسمبر کو ترجمان آئی ایس پی آرکی پریس کانفرنس کا ایک کلپ شیئر کیا ہے۔
البتہ ملک کے انتظامی سربراہ وزیراعظم شہباز شریف کے ایکس اکاؤنٹ پر مسلسل ٹویٹس کا سلسلہ جاری ہے۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی 25 دسمبر کے بعد سے آج تک کوئی ٹویٹ نہیں کی۔