1
وزیرداخلہ سینیٹ کاغذات نامزدگی کیس کی کاز لسٹ منسوخ،اسلام آباد ہائی کورٹ رجسٹرار آفس نے کیس موسم سرما کی تعطیلات کے باعث نو اسکوپ میں ڈال دیا۔ اس سے قبل کیس کو 31 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔ یڈوکیٹ عمیر شفیق مغل نے سردار عبدالرازق ایڈوکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کر رکھی ہے۔
درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن کمیشن سے 10 روز میں جواب طلب کر رکھا تھا۔ درخواست میں سینیٹ الیکشن 2024 میں وزیرداخلہ محسن نقوی کے کاغذات نامزدگی کی مصدقہ کاپی فراہمی کی استدعا کی گئی ہے۔
2
پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام؛ 15 سے زائد خوارج و افغان طالبان ہلاک و زخمی، 27, 28 دسمبر کی شب فتنۃ الخوارج کے 20سے 25 دہشت گردوں نے افغان طالبان کی بارڈر پوسٹوں کا استعمال کرتے ہوئے کُرم اور شمالی وزیرستان میں 2مقامات سے پاکستان میں در اندازی کی کوشش کی، جس پر پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔
28 دسمبر کی علی الصبح خوارج نے دوبارہ افغان طالبان کی پوسٹوں کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں در اندازی کی کوشش کی اور ناکام ہونے پر 28 دسمبر کی علی الصبح خوارج اور افغان طالبان نے مل کر پاکستانی پوسٹوں پر بِلا اشتعال بھاری ہتھیاروں سے فائر کھول دیا۔پاکستانی سکیورٹی فورسز نے اس بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔
3
یونان کشتی حادثہ، ایف آئی اے 31 افسران و اہلکار کے مبینہ طورپر ملوث ہونے کا انکشاف،ایف آئی اے نے یونان کشتی حادثے کی تحقیقات میں 31 اہلکاروں کو مشتبہ قرار دے دیا ہے۔ مشتبہ ایف آئی اے اہلکاروں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مشتبہ افسران میں فیصل آباد ائیرپورٹ کے 19 ، سیالکوٹ ائیرپورٹ کے 3 اور لاہور ائیر پورٹ کے 2 افسران شامل ہیں۔
4
قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے چئیرمین کی نامزدگی کے معاملے پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے دیے گئے نام پر فل اسٹاپ لگاتے ہوئے عہدے کے لیے شیخ وقاص اکرم کا نام برقرار رکھا اور کہا ہے اس حوالے سے فیصلہ میں کروں گا، کوئی حکومتی عہدیدار نہیں۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ چیئرمین پی اے سی کی نامزدگی کے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے نامزدگی کے معاملے پر بانی چئیرمین نے پی ٹی آئی کی قیادت کی سرزنش کی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی سے چیئرمین پی اے سی کون ہو گا فیصلہ میں کروں گا، شہباز شریف یا دیگر حکومتی عہدیدار نہیں، میری طرف سے چئیرمین پی اے سی کے لئے پہلا دوسرا، تیسرا اور چوتھا نام بھی شیخ وقاص اکرم ہی ہو گا۔ذرائع نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے پی اے سی چئیرمین شپ نہ ملنے پر قائمہ کمیٹیوں کی چئیرمین شپ سے بھی استعفی ہونے کا عندیہ دے دیا۔
5
مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے کسان دوست اقدامات کو سراہنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے کسان دوست اقدامات کو سراہتا ہے، پنجاب حکومت کا زرعی گریجویٹ انٹرن شپ پروگرام کا آغاز قابل ستائش ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت کسانوں کے لیے ٹریکٹر اسکیم، کسان کارڈ اور سپرسیڈر جیسے پروجیکٹ شروع کر چکی ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز کی زراعت کے شعبے میں ذاتی دلچسپی سے کاشتکاروں کا حوصلہ بڑھا ہے۔
6
کراچی میں کچرا پھیلانے پر 5 افراد گرفتار،ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کچرا چننے والے 5 افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔اسسٹنٹ کمشنر کورنگی کے مطابق ملزمان ضیا کالونی میں کچرا چننے کے بعد پھیلا کر چھوڑ دیتے تھے۔کورنگی نالے کا مقام کلئیر ہونے تک کچرا پھینکنے اور پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی جاری رہے گی۔