1
لاہور ہائی کورٹ نے مسلمان کی جائیداد سے غیر مسلم کو حصہ دینے کے قانونی نکتے پر فیصلہ سنا دیا۔جسٹس اقبال چودھری نے ماتحت عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل پر فیصلہ دیا جس کے مطابق مسلم کی جائیداد میں سے کسی غیر مسلم کو حصہ نہیں دیا جا سکتا۔لاہور ہائی کورٹ نے ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا اور اس کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔
عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق کوئی غیر مسلم کسی مسلم کی جائیداد میں حصے کا حق دار نہیں۔گوجرہ کے وفات پانے والے شخص کی 83 کنال اراضی اس کے بچوں میں تقسیم کی گئی جس کے بعد پوتے نے اراضی کے انتقال اور اس میں غیر مسلم چچا کو حصہ دینے کا اقدام چیلنج کیا تھا۔
2
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ ، سردار اویس احمد خان لغاری، وزرائے مملکت شزا فاطمہ، علی پرویز ملک، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔
اجلاس میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو )، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) اور فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کے امور زیر بحث آئے، اجلاس کے شرکاء کو لیسکو، پیسکو اور فیسکو کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 25-2024 میں نومبر تک لیسکو کی ریکوری 96.82 فیصد، پیسکو کی ریکوری 87.98 فیصد اور فیسکو کی ریکوری 97.57 فیصد رہی ، لیسکو نے 2 لاکھ 23 ہزار 365 تھری فیز سمارٹ میٹرز تنصیب کرنے ہیں جن میں سے 49 ہزار 470 کی تنصیب ہو چکی ہے ۔
3
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے فی لٹر سے زائد اضافہ متوقع، ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے سے فی لٹر سے زائد اضافہ متوقع ہے جبکہ پٹرول کی قیمتوں کو برقرار رکھا جا سکتا ہے، مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے فی لٹر اضافے کا امکان ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان 31 دسمبر کو ہوگا، وزیر خزانہ وزیر اعظم کی مشاورت سے نئی قیمتوں کا اعلان کرینگے۔
4
پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ن لیگ اور تحریک انصاف ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی سید حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ اس طرح کی سیاست ن لیگ ہمارے خلاف کرتی تھی ، آج وہی سیاست ن لیگ اور تحریک انصاف ایک دوسرے کیخلاف کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا اس وقت ہی پتا چلے گا جب کسی نتیجے پر پہنچے گا، بانی پی ٹی آئی کا پتا ہی نہیں چلتا کہ وہ کیا چاہتے ہیں، اب تو ان پر پریشر ہے تو وہ مذاکرات کا کہہ رہے ہیں، انکا اپنا پتا نہیں چلتا وہ کہاں کھڑے ہیں۔ہم نے کسی ایسے فتنے کو پنپنے نہیں دینا جو اس ملک کے میزائل اور ایٹمی پروگرام کے خلاف ہو، جن لوگوں نے ایٹمی پروگرام پر حملے کیے سب کے خلاف غداری کے مقدمات ہونے چاہئیں۔
5
شاہین شاہ آفریدی بی پی ایل کھیلنے ڈھاکا پہنچ گئے۔شاہین آفریدی بی پی ایل میں فارچیون بریشال کی نمائندگی کریں گے، فہیم اشرف، جہانداد خان اور محمد علی بھی فارچیون بریشال کا حصہ ہیں، بی پی ایل کا آغاز 30 دسمبر سے ہورہا ہے۔


