1
کرم امن معاہدے میں ڈیڈ لاک ختم ہونے کا امکان؛ عمائدین دستخط کرنے پر راضی،حکومتی اراکین اور عمائدین کا ضلع کرم کے معاملے پر امن جرگہ کل منگل کے روز پھر منعقد ہو گا، جس میں امید ہے کہ مسئلے کا حل نکل آئے گا۔ جرگہ تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر سکا ہے۔
ایک فریق کے عمائدین نے امن معاہدے پر تاحال دستخط نہیں کیے۔جرگہ ذرائع کے مطابق کرم امن معاہدے میں ڈید لاک ختم ہونے کا امکان ہے اور امن معاہدے کے مسودے پر دستخط کے لیے عمائدین کو راضی کر لیا گیا ہے۔یاد رہے کہ پشاور تا پاراچنار مرکزی شاہراہ ڈھائی ماہ سے زائد عرصہ سے بند ہے۔
پاراچنار سمیت اپر کرم کے کئی دیہات کے لوگوں کو خوراک اور ادویات لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جب کہ مرکزی سڑک کی بندش کے خلاف پاراچنار پریس کلب سمیت شہر کے 5دیگر مقامات پر متاثرین کا دھرنا جاری ہے۔منتخب نمائندوں اور پاراچنار اسپتال کے ایم ایس کے مطابق ادویات کی قلت اور علاج معالجے کی سہولیات کے فقدان کے باعث بچوں سمیت مریضوں کی اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
2
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ یا کسی ملک کے کہنے پر ڈیل نہیں کروں گا۔سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ عدلیہ کا مذاق بنایا گیا ہے۔ میں ہر کیس لڑوں گا۔
جب کیسز لڑ رہا ہوں تو مجھے ڈیل کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ اسٹیبلشمنٹ یا کسی ملک کے کہنے پر ڈیل نہیں کروں گا۔علیمہ خان کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ 9 مئی انہوں نے کیا جنہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیج چرائی۔ 9 مئی کی سازش پہلے سے کی گئی تھی۔ جن لوگوں نے 9 مئی کے بعد پارٹی چھوڑی ان کے کیسز معاف کردئیے گئے۔
26 نومبر کے لاتعداد لوگ مسنگ ہیں۔ لال مسجد کی طرح لاشیں دفنائی گئی ہیں۔ آپ ملک کی سرحدوں کی فکر کریں۔ دو مطالبات ہیں 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن بنائے جائیں اور بے گناہ قیدیوں کو رہا کیا جائے۔
3
توشہ خانہ 2؛ عمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے 100 سے زائد تحائف کی فہرست عدالت میں پیش،اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کے روبرو ہونے والی سماعت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی موجود تھے جب کہ بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا اور فیصل چوہدری بھی سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران کیبنٹ ڈویژن کے سیکشن آفیسر بنیامین کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا۔
علاوہ ازیں بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے گواہ پر جزوی جرح کی، جو آئندہ سماعت پر مکمل کی جائے گی۔ا سی طرح آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر بھی گواہ پر جرح کریں گے۔گواہ نے 100 صفحات پر مشتمل ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا۔ گواہ کی جانب سے توشہ خانہ 2 کیس کے سلسلے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بطور وزیر اعظم ملنے والے 108تحائف کی فہرست عدالت پیش کر دی گئی۔
علاوہ ازیں گواہ نے توشہ خانہ تحائف کے ریکارڈ سے متعلق 2رجسٹر بھی عدالت پیش کردیے۔گواہ نے پرائیویٹ اپریزر کا قانونی طریقہ کار بھی عدالت پیش کر دیا۔واضح رہے کہ کیس میں مجموعی طور پر 3گواہان کی شہادت قلمبند کی جا چکی ہے۔بعد ازاں عدالت نے توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت 2 جنوری تک ملتوی کردی۔
4
بے پردگی ہوتی ہے؛ طالبان نے گھروں میں کھڑکیاں رکھنے پر پابندی لگا دی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان طالبان کا کہنا ہے کہ یہ پابندی امیر ہبتہ اللہ اخوندزادہ کے حکم پر عائد کی جا رہی ہے۔
طالبان حکومت کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دعویٰ کیا گیا ہے کہ خواتین کو کچن، صحن یا کنوؤں سے پانی جمع کرتے ہوئے دیکھنا فحش حرکات کا باعث بن سکتا ہے۔اب نئی عمارتوں میں ایسی کھڑکیاں بنانے سے گریز کرنا چاہیے جن سے پڑوسیوں کے گھر بالخصوص صحن، باورچی خانے، پڑوسیوں کے کنویں اور خواتین کے استعمال والی دیگر جگہیں نظر آتی ہیں۔
5
پی ٹی آئی احتجاج؛ عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر توہینِ عدالت کی درخواست سماعت کیلیے مقرر،ہائی کورٹ کی جانب سے تحریک انصاف کے احتجاج میں عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنے پر تاجر تنظیم کے صدر کی توہینِ عدالت کی درخواست موسم سرما کی تعطیلات کے بعد 16 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اسد عزیز کی درخواست پر سماعت کریں گے ۔ واضح رہے کہ عدالتی حکم پر سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اور آئی جی نے جواب جمع کروا رکھا ہے ۔رجسٹرار آفس نے کیس 16 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی کازلسٹ جاری کر دی ہے۔
6
پنجاب کے مزید 12 اضلاع میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کا دائرہ کار بڑھانے کے فیصلے کے تحت وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے پیش نظر مری میں پی آر اے آفس کے فعال ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
ترجمان پی آر اے نے کہا کہ چند ماہ پہلے ہی بہاولپور، شیخوپورہ، قصور میں آفیسز بھی آپریشنل کیے گیے تھے، ایڈیشنل کمشنر میڈم مرزیا سلیم کو مری کا چارج سونپا گیا ہے، ٹیکس د ھندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے میٹنگز شروع کر دی گئی۔
7
آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کی نامزدگیوں کا اعلان ،انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری ناموں میں انگلینڈ کے بیٹرز جو روٹ اور ہیری بروک شامل ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے ان کے علاوہ بھارت کے فاسٹ بولر جسپریت بھمراہ کو بھی نامزد کیا گیا۔
عالمی کرکٹ کونسل کی جانب سے نامزد ناموں میں سری لنکا کے کمیندو مینڈس ایمرجنگ کے بعد ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔


