1
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی مسلم لیگ کے یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) پاکستان کی تعمیر و ترقی میں گزشتہ تیس سالوں سے مصروف ہے۔
آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے قائد اعظم اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنماؤں کی جدو جہد کے نتیجے میں ایک آزاد وطن پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔بانیان پاکستان کے ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے گزشتہ ساڑھے تین دہائیوں سے مصروف عمل ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور قائد میاں محمد نواز شریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کرتے ہوئے عوامی فلاح کو ترجیح دی، پاکستان کو بچانے کیلیے اپنی سیاست قربان کی اور ملکی سلامتی و معیشت کو ہمیشہ ہی ترجیح دی۔
2
پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس رپورٹ، تعداد 68 ہو گئی۔جاری سال کے دوران 27 کیسز کا تعلق بلوچستان، 20 کا خیبر پختونخوا، 19 کا سندھ اور ایک ایک کیس پنجاب اور اسلام آباد سے سامنے آیا ہے۔
لیب نے ڈی آئی خان سے نیا پولیو کیس سامنے آنے کی تصدیق کردی ہے، جس کے بعد ملک میں رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 68 ہو گئی ہے جب کہ ڈی آئی خان سے یہ رواں سال کا 10 واں پولیو کیس ہے۔
3
پاکستان پیپلز پارٹی( پی پی پی) کی سینیٹرپلوشہ خان کا کہنا ہے کہ ملک میں جو انتشار پھیلایا جا رہا ہے اس کا مقصد ایٹمی پروگرام بند کروانا ہے۔ یہ چاہتے ہیں کہ پاکستان ایران اور عراق بن جائے۔ سوال ہے کہ کون سی لابی ان کے حق میں ہے۔ ان کے حق میں وہ لوگ ہیں جن کے ہاتھ غزہ کے بچوں اور لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ کیا چل رہا ہے۔ ہمارے ذاتی مسائل ہوسکتے ہیں مگر کبھی اداروں کے خلاف بات نہیں ہوئی۔ اب ملک میں سول نافرمانی کی کال دی گئی ہے۔ ملک کے خلاف سول نافرمانی کا مطلب ہے معیشت کو نقصان پہنچانا۔یک طرفہ فیصلے ملک کے لیے نقصان دہ ہیں۔
ن لیگ سے کہتے ہیں فیصلے مشاورت سے کریں۔ اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا ہے تو ان سے مشاورت ضروری ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں سینیٹر پلوشہ خان
4
کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ شہر میں آج رات تک دھرنے ختم نہ ہوئے تو قانون کے مطابق سڑکیں خالی کرائیں گے۔ احتجاج کے نام پر پورے شہر کو بند کرنا مناسب نہیں، کراچی کے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو نہیں ہٹے گا اس کو قانون کے مطابق ہٹائیں گے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی کی میڈیا سے گفتگو ،کہاہم رات تک ان سے مذاکرات کرتے رہے ہیں، مذہبی جماعت کے علماء نے بھی کہا ہے کہ سڑک بند نہیں ہونی چاہیے، پورے شہر کے نظام کو احتجاج کے نام پر مفلوج کرنا ٹھیک نہیں، کراچی کے شہریوں کو ریلیف دیں گے، تین دن سے انہوں نے بہت بھگتا ہے۔
5
29 جمادی الثانی بروز بدھ یکم جنوری 2025ء کی شام موسم صاف ہونے پر ہلال کی رویت بہ آسانی ہو جائے گی۔یکم رجب المرجب جمعرات 2 جنوری کو ہو گی۔ نیا چاند منگل 31 دسمبر 2024ء کو پاکستانی وقت کے مطابق قبل از صبح 3 بج کر 27 منٹ پر پیدا ہو گا اور 29 جمادی الثانی یعنی بدھ یکم جنوری 2025ء کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر جو کم از کم 19 گھنٹوں سے زائد ہونی چاہیے، وہ پاکستان کے تمام علاقوں میں 37 گھنٹوں سے بھی زائد ہوچکی ہوگی۔سیکرٹری جنرل رویتِ ہلال ریسرچ کونسل خالد اعجاز مفتی
6
اے این پی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردوں کو جنرل (ر) فیض حمید لیکر آئے، ان سمیت اس فیصلے میں شامل سب سے تفتیش ہونی چاہیے۔ پی ٹی آئی کو کے پی میں 13 سال ہو گئے ہیں، یہ ناکام ترین حکومت ہے، صوبے میں دہشت گردی عروج پر ہے، حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔
آج پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات خراب ہیں، اب تو اس جنگ میں طیارے بھی استعمال ہو رہے ہیں، یہ سفارتی تعلقات کی ناکامی ہے، آج ایک دیر ینہ دوست افغانستان ہمارا دشمن بن گیا ہے۔پشاور میں میڈیا سے بات چیت
7
اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری دن کا آغاز زبردست تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے نتیجے میں انڈیکس کی 4سطحیں بحال ہو گئیں۔پیر کے روز بازارِ حصص میں مارکیٹ کا آغاز 894 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے ساتھ ہی کے ایس ای 100 انڈیکس کی ایک لاکھ 12 ہزار پوائنٹس کی سطح بحال ہو گئی اور انڈیکس 112245 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
مارکیٹ میں تیزی کا رجحان جاری رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں بتدریج 4029 پوائنٹس تک کی زبردست تیزی ریکارڈ ہوئی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس کی ایک لاکھ 12 ہزار، ایک لاکھ 13 ہزار، ایک لاکھ 14 ہزار اور ایک لاکھ 15 ہزار پوائنٹس کی 4سطحیں بحال ہو گئیں اور انڈیکس بڑھ کر 115380 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
8
خیبرپختونخوا میں منی مائیکرو پن بجلی منصوبوں میں کروڑوں روپے کی بے قاعدگیاں سامنے آئیں ہیں جس پر اسپیکر نے معاملہ انکوائری کیلئے قائمہ کمیٹی کے سپرد کرنے اور آڈیٹر جنرل اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو آڈٹ رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس کے دوران جے یو آئی کی خاتون رکن ریحانہ اسماعیل نے منی مائیکرو منصوبوں کے حوالے سے سوال ایوان میں پیش کیا جس پر محکمہ توانائی و برقیات نے تحریری جواب میں کہا کہ اب تک صوبہ میں 316 منی مائیکرو ہائیڈرو پراجیکٹ تعمیر ہوئے ہیں جن کی مجموعی پیداواری صلاحیت 28 میگا واٹ ہے ، منی مائیکرو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ منصوبہ کے فیز ٹو میں کل 142 مزید منصوبے 2027 تک مکمل کئے جائیں گے۔
9
سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف علی خورشیدی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت شہریوں کو بنیادی سہولیات دینے میں ناکام ہوگئی، کراچی ریڈ لائن منصوبہ شہریوں کیلئے اذیت کا باعث بنا ہوا ہے۔کراچی میں پینے کا پانی میسر ہے نہ گیس بجلی دستیاب ہے جبکہ انفراسٹرکچر کی صورتحال یہ ہے کہ شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں کرنے پر مجبور ہیں۔
یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن منصوبہ مارچ 2022 میں شروع کیا گیا لیکن حکومتی نااہلی کے باعث تعطل کا شکار ہے، ریڈ لائن کے روٹ میں بے شمار تعمیراتی کام باقی ہیں جس کی وجہ سے یہ پروجیکٹ شہریوں کیلئے اذیت کا باعث بنا ہوا ہے، ان ادھورے تعمیراتی پروجیکٹس نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں اراکین سندھ اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب


