1
سیکورٹی اداروں کو دھمکی دینے پر خالد خورشید کو 34 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔گلگت میں سیکورٹی اداروں کو دھمکی دینے اورمقدمہ سے راہ فرار اختیار کرنے پر انسداد دہشتگری عدالت گلگت کے جج رحمت شاہ نے ایک مقدمے میں مختلف دفعات کے تحت سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو مجموعی طور پر 34 سال قید کی سزا سنا دی۔
چھبیس جولائی 2024 کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اورسابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے اتحاد چوک گلگت میں ایک جلسے کے دوران سیکیورٹی اداروں، چیف سیکریٹری، چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کوسنگین نتائج کی دھمکی دی جسکا مقدمہ سٹی تھانہ گلگت میں درج کیا گیا۔
2
یمن کے حوثی جنگجوؤں کا تل ابیب کے بن گوریان ایئرپورٹ پر میزائل حملہ،حوثی ترجمان کےمطابق اسرائیلی ایئرپورٹ اور ایک پاور اسٹیشن کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں ہائپر سانک اور ذولفقار بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے۔ اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ میزائل کو فضا میں ہی تباہ کیا گیا تھا ۔
صرف ملبہ زمین پر گرا۔اسرائیل اوریمن کے درمیان کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں اسرائیلی مندوب نےحوثیوں کو حزب اللہ اور حماس کےرہنماؤں کی طرح ٹارگیٹڈ کارروائی کی دھمکی دے دی،روسی مندوب نے یمن پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی۔
3
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر نمایاں کمی،عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے مگر سب سے زیادہ استعمال کرنے والے ممالک میں مانگ کے خدشات کی وجہ سے وہ مسلسل دوسرے سال کم ہونے کے راستے پر ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق عالمی منڈی میں برطانوی خام تیل برینٹ آئل 74 ڈالرز فی بیرل پر فروخت ہورہا ہے جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی 71 ڈالرز فی بیرل کی سطح پر موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق سال 2024 کے دوران برطانوی خام تیل برینٹ آئل کی قیمت میں 3.2 فیصد جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں 0.1 فیصد کمی ہوئی ہے۔
4
اوورسیز پاکستانیوں نے سول نافرمانی کی تحریک مسترد کر دی۔سپین کے بعد اٹلی کے اوور سیزپاکستانیوں نے بھی سول نافرمانی اور ترسیلات زر کے بائیکاٹ کی کال مسترد کر دی۔اٹلی کے شہر بریشیا میں اوورسیز پاکستانیز کا پاکستان اور پاک فوج کے حق میں بڑا اجتماع منعقد ہوا، اوورسیز پاکستانیز کا پہلے سے بھی زیادہ زر مبادلہ پاکستان بھجوانے کا اعلان کردیا۔
5
کمشنر کراچی نے شہرقائد میں دوروز کےلیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ پابندی 31 دسمبر سے یکم جنوری 2025 تک نافذ العمل ہوگی۔کمشنر کراچی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق نئے سال کے موقع پر ہوائی فائرنگ، آتش بازی پرپابندی ہوگی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔نوٹی فکیشن کے مطابق شہر میں دفعہ ایک سو چوالیس کا نفاذ 31 دسمبر سے یکم جنوری 2025 تک ہوگا۔
6
محکمہ موسمیات نے جنوری 2025 کے پہلے ہفتے میں ملک بھر میں بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کی پیش گوئی کردی۔ بالائی علاقوں میں راستوں کی بندش اور سردی کی شدید لہر کا اندیشہ ہے۔ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق یکم سے 6 جنوری کے دوران مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہوں گی جو گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کا باعث بنیں گی۔یکم سے پانچ جنوری کے دوران دیر، سوات، شانگلہ اور مہند میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ مری اور گلیات میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔


