1
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے الوداعی ملاقات کی جس میں دو طرفہ اقتصادی تعاون اور تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وزیر خزانہ نے میکرو اکنامک استحکام کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر زور دیا اور آئی ایم ایف سے قرض پر سہولت فراہم کرنے پر امریکا کا شکریہ بھی ادا کیا۔
امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، امریکا پاکستانی مصنوعات اور خدمات کیلئے ایک اہم مارکیٹ ہے، دونوں ممالک قریبی اقتصادی تعلقات سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔وزیر خزانہ نے خاص طور پر بڑھتے ہوئے آئی ٹی ایکسپورٹ سیکٹر پر روشنی ڈالی اور آئی ٹی و ڈیجیٹل خدمات کے شعبوں میں تجارت بڑھانے کے امکانات کو بھی اجاگر کیا۔
2
پی ٹی آئی رہنما نادیہ خٹک کو گرفتار نہ کرنے کا حکم، پی ٹی آئی خاتون رہنما نادیہ خٹک کی مقدمات کی تفصیل اور حفاظتی ضمانت کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت جسٹس کامران حیات میاں خیل اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال نے کی۔عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں سے درخواست گزار کے خلاف درج مقدمات کی رپورٹ طلب کرلی۔
عدالت نے نادیہ خٹک کو 21 جنوری تک حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے نادیہ خٹک کو کسی بھی درج مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں لیکن تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
جسٹس کامران حیات نے کہا کہ ہم وفاق سے مقدمات کی تفصیل طلب کررہے ہیں۔بعدازاں عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر فریقین درخواست گزار کے خلاف درج مقدمات کی رپورٹ آئندہ سماعت پر طلب کرلی۔
3
بجلی کی قیمت میں کمی کا امکان؛ صارفین کو 4 ارب 89 کروڑ کا ریلیف ملے گا۔منفی ایف سی اے سے صارفین کو 4 ارب 89 کروڑ کا ریلیف مل سکتا ہے۔ پرانی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں ڈھائی روپے منفی ہیں۔
گزشتہ ماہ کے دوران مقامی کوئلے سے پیداوار اضافی رہی اور نومبر میں 7 ارب 22 کروڑ بجلی کے یونٹ پیدا کیے گئے۔نومبر میں پیداواری لاگت ریفرنس لاگت کے نزدیک آئی۔
این ٹی ڈی سی حکام نے کہا کہ گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں رواں سال نومبر میں بجلی فروخت میں کمی ہوئی۔ رواں سال کے ماہ نومبر گزشتہ اسی عرصے کے مقابلے میں گرم ترین ماہ تھا۔بجلی کی فروخت میں کمی کی بڑی وجہ سولرائزیشن ہے۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ این ٹی ڈی سی لاہور نارتھ لائن کی تکمیل کے بارے میں آگاہ کرے، جس پر حکام نے کہا کہ ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل اب تک نہیں ہو سکی۔ چیئرمین نیپرا نے استفسار کیا کہ ماہ دسمبر میں اس ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل ہونا تھی، جس پر حکام نے بتایا کہ اپریل تک لاہور نارتھ ٹرانسمیشن لائن مکمل ہوگی۔
4
بشری بی بی، عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچ گئیں۔رپورٹ کے مطابق بشری بی بی خیبر پختونخوا پولیس کے پروٹوکول میں اڈیالہ جیل آئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق بشری بی بی کو حکام کی جانب سے جیل کے اندر جانے کی اجازت مل گئی۔اس میں کہا گیا کہ وہ بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھ کر اڈیالہ جیل کے اندر داخل ہوئیں جہاں وہ کانفرنس روم میں عمران خان سے ون آن ون ملاقات کریں گی۔
5
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے سابق کرنل نثارعلی شہزاد کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران وکیل سے مکالمہ کیا کہ آپ آرمی سیکٹر کمانڈر کو فریق بنانے کے لیے درخواست دیں اور عدالت کی معاونت کریں کہ عدالت کیسے آرمی کے سیکٹر کمانڈر کو طلب سکتی ہے؟سابق کرنل نثار علی شہزاد کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت لاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سمیت دیگر پولیس افسران عدالت میں پیش ہوئے۔
دورن سماعت سرکاری وکیل نے بتایا کہ کہ مغوی کے بارے میں تمام صوبوں کے آئی جیز کو مراسلہ لکھا گیا، سابق کرنل نثار علی شہزاد کے اغوا کی ایف آئی آر درج ہو چکی ہے، تفتیش جاری ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ مجھے آج صبح ہی اس بارے میں معلوم ہے، ہم اس حوالے سے آرمی سے بھی رابطہ کر رہے ہیں۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ آپ نے ابھی تک آرمی سے رابطہ کیوں نہیں کیا؟ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم نے ان سے رابطہ کیا ہے، ہمارے ڈی آئی جی ان سے رابطے میں ہے۔وکیل درخواست گزار اے ڈی ڈاہر نے کہا کہ میرا پہلے دن سے موقف ہے کہ مغوی سیکورٹی ایجنسیوں کے پاس ہے، جن لوگوں نے سابق کرنل کو اغوا کیا ان کی شکلیں فوٹیج میں واضح نظر رہی ہیں، ہماری درخواست ہے کہ آپ سیکٹر کمانڈرز کو عدالت میں طلب کریں۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ ان لوگوں کو اس کیس میں پارٹی بنائیں، آپ سیکٹر کمانڈر کو فریق بنانے کے لیے درخواست دیں، آپ عدالت کی معاونت بھی کریں کہ عدالت کیسے سیکٹر کمانڈر کو بلا سکتی ہے؟وکیل درخواست گزار نے کہا کہ میں نے جتنا قانون پڑھا ہے، عدالت کسی کی بازیابی کے لیے کسی کو بھی طلب کر سکتی ہے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے پولیس کو مغوی_کی بازیابی کے لیے 6 جنوری تک کی مہلت دے دی۔
6
لیویز فورس نے 72 غیر قانونی افغان شہری گرفتار کرلیے۔سیکیورٹی اداروں نے سرحد کو غیرقانونی طریقے سے پار کرکے چاغی آنے والے 72 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا۔لیویز کے مطابق یہ کارروائی پاکستان میں غیر قانونی داخلے کو روکنے کے عزم کا مظہر ہے، تمام گرفتار شدہ افراد کو بارڈر کراسنگ براپچہ کے ذریعے افغانستان واپس بھیج دیا گیا۔
لیویز کے مطابق ضلع میں امن قائم رکھنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری رہیں گے، یکم جنوری سے 31 دسمبر تک 3826 غیرقانونی باشندے گرفتار کیے گئے۔


