1
گرینڈ جرگہ کسی بھی کارروائی کے بغیر ملتوی، کل دوبارہ ہوگا۔ق گرینڈ جرگہ میں دونوں جانب سے اراکین غیر حاضر تھے، گزشتہ جرگہ اراکین آج نہ پہنچ سکے، اراکین پورے نہ ہونے کی بنا پر جرگہ ملتوی کر دیا گیا۔جرگہ ممبر ذرائع کے مطابق گرینڈ جرگہ کل دوبارہ کمشنر کوہاٹ کی صدارت میں ہوگا، گرینڈ جرگہ کوہاٹ میں منعقد ہوگا۔
2
ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی موہن منجیانی مستعفی ہو گئے۔موہن منجیانی نے اپنا استعفیٰ سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیا ہے ، موہن منجیانی نے استعفیٰ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر دیا، موہن منجیانی نے استعفی پر پارٹی قیادت کو اعتماد میں لیا۔
موہن منجیانی استعفیٰ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہو چکا ہے ، اسمبلی سیکرٹریٹ نے استعفیٰ کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے موہن منجیانی کے دستخط کو ویریفائی کیا جائے گا۔
3
پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیویلن کھلاڑی ارشد ندیم نے کہا ہے کہ 2025 میں بڑے ایونٹس آ رہے ہیں ان میں شرکت کروں گا۔ 2024 میرے لیے اور پورے پاکستان کے لیے بہت اچھا رہا، 2025 میں اپنی بہترین تھرو کرنے کا ٹارگٹ ہے۔
ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں اپنی بہترین تھرو کی تو گولڈ میڈل جیتوں گا، کامن ویلتھ گیمز اور پیرس اولمپکس میں بھی اپنی بہترین تھرو کے باعث ریکارڈز بنائے۔اولمپکس 2028 میں اپنے اعزاز کا دفاع اور ورلڈ ریکارڈ کی خواہش ہے۔
4
صدر مملکت نے بینکوں سے متعلق انکم ٹیکس ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیا۔نئے آرڈیننس کے تحت بینکنگ ٹیکس کی شرح 44 فیصد تک بڑھنے سے حکومت 31 دسمبر تک 70 ارب روپے کمائے گی، صدر آصف علی زرداری نے پیر کی شب انکم ٹیکس (ترمیمی) آرڈیننس، 2024 جاری کیا۔
انکم ٹیکس آرڈیننس، 2001 کے پہلے اور ساتویں شیڈول میں ترمیم کرکے بینکوں کے ٹیکس کے ڈھانچے میں اہم تبدیلیاں کی گئیں، آرڈیننس کے تحت بینکنگ کمپنیوں کے لیے ٹیکس سال 2025 کے لیے 44 فیصد ٹیکس کی شرح مقرر کی گئی ہے۔
توقع ہے کہ 31 دسمبر 2024 تک بینکنگ سیکٹر سے تقریباً 70 ارب روپے جمع ہوں گے، رواں مالی سال میں محصولات کی کمی کو کم کرنے کی توقع ہے، آرڈیننس میں بینکوں کے لیے مجموعی ایڈوانس سے ڈیپازٹ تناسب کی گنتی کے طریقہ کار کی بھی وضاحت کی گئی ہے۔
5
پاکستانی نوجوان اذان علی نے تاریخ رقم کردی، اسکاٹش جونیئر اوپن چیمپئن شپ کے ناقابلِ شکست کھلاڑی بن گئے۔پاکستان جونیئر انڈر 17 کیٹیگری اسکواش چیمپین اذان علی خان ایڈنبرگ میں جاری اسکاٹش جونیئر اوپن چیمپئن شپ 2024 کے چیمپئن بن گئے۔
اذان علی خان نے اسکاٹش جونیئر اوپن چیمپئن شپ کے فائنل میں سوئٹزرلینڈ کے کھلاڑی لینڈرو واگل کو شکست دے دی، پاکستانی جونیئر اسکواش چیمپین اذان علی خان نے جیت پاکستان میں اسکولوں سے باہر بچوں کے نام کر دی۔
6
نئے سال کی تقریبات، مریم نواز کا سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا حکم،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا حکم دے دیا، انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات، پارکس، شاپنگ مالز اور دیگر مقامات پر سکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے۔
پولیس اور انتظامیہ عوام کے تعاون سے ہر قسم کے غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کرے، کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی کی جائے۔
عوام نئے سال کی خوشیوں کو ذمہ داری سے منائیں، ہوائی فائرنگ اور دیگر خطرناک سرگرمیوں سے گریز کریں، قانون کی خلاف ورزی کرنے اور قیمتی انسانی جانوں کو بھی خطرے ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔نئے سال کا آغاز ایک محفوظ اور پُرامن ماحول میں کرنا چاہئے، انشاءاللہ پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔
7
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کا اجلاس 2 جنوری کو طلب کر لیا گیا۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وی پی این رجسٹریشن اور انٹرنیٹ مسائل پر غور ہوگا، کمیٹی نے چیئرمین پی ٹی اے اور سیکرٹری آئی ٹی کو تفصیلی بریفنگ کیلئے طلب کرلیا۔
سیکرٹری آئی ٹی اور چیئرمین پی ٹی اے انٹرنیٹ اور وی پی این کے معاملے پر بریفنگ دیں گے، قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ڈیجیٹل پاکستان بل بھی زیر بحث لایا جائے گا۔ڈیجیٹل پاکستان بل پر پچھلے اجلاس میں کمیٹی ممبران نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، پی ٹی اے سے لانگ ڈسٹینس انٹرنیشنل لائسنس کے اجرا کے حوالے سے بحث ہوگی۔


