1
حکومت نے موٹرویز پر ٹول ٹیکس میں اضافہ کردیا۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ٹول ٹیکس میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جو 5 جنوری سے نافذالعمل ہوگا، نوٹیفکیشن کے مطابق قومی شاہراہوں پر موٹرکار سے 60 روپے، ویگن سے 100 روپے اور بس سے 200 روپے ٹول ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
2 اور 3 ایکسل ٹرک سے 250 روپے اوربڑے ٹرکوں سے 500 روپے ٹول ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ملتان سے سکھر جانے والی ایم فائیو پر کار کا ٹول ٹیکس ایک ہزار 50 روپے سے بڑھا کر1100 روپےاورڈی جی خان تا ہکلہ موٹروے ایم چودہ پر ٹول ٹیکس 600 روپے کردیا گیا ہے۔ حسن ابدال، حویلیاں، مانسہرہ ای 35 پر ٹول ٹیکس 250 روپے ادا کرنا ہوگا۔
2
زیر زمین کھربوں ٹن غیر روایتی ایندھن کی موجودگی کا انکشاف، زمین کی زیلی سطح میں کھربوں ٹن ہائیڈروجن گیس موجود ہے جو انسان کی ایندھن کی ضرورت کو 200 برس تک پورا کرنے کے ساتھ ہمارا فاسل فیول پر سے انحصار ختم کر سکتی ہے۔
امریکی ارضیاتی سروے کے محققین کے مطابق زیر زمین ذخائر اور چٹانوں میں 56 کھرب میٹرک ٹن ہائیڈروجن گیس موجود ہوسکتی ہے۔جرنل سائنس میں رواں ماہ کے ابتداء میں شائع ہونے والی تحقیق میں یہ اعتراف کیا گیا کہ ہائیڈروجن کے ان ذخائر کے زیادہ تر حصوں تک رسائی ممکن نہیں ہوسکتی، لیکن ایک اندازے کے مطابق ان ذخائر سے صرف دو فی صد تک ہائیڈروجن کا حاصل کیا جانا تقریباً دو صدیوں تک انسانوں کے لیے کافی ہو سکتی ہے۔
لگائے گئے ایک تخمینے کے مطابق مستقبل میں اس گیس کی طلب متعدد شعبوں میں مجموعی توانائی کی سپلائی کے ایک تہائی تک پہنچ جائے گی،جبکہ عالمی سطح ہر اس کی مانگ میں پانچ گُنا تک اضافہ متوقع ہے۔
3
ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، ایک اہلکار اور ایک مزدور شہید،گزشتہ رات تھانہ درابن کی حدود میں درابن پولیس چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا، حملے کے دوران دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار عصمت اللہ اور کسٹم مزدورعبد اللہ شہید ہوگئے جبکہ ایک اور پولیس اہل کار پرویز زخمی ہو گیا۔
واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔شہید پولیس اہلکار عصمت اللہ کی نماز جنازہ بالی شمالی مندھراں شمالی میں ادا کرکے سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیادریں اثنا درابن کلاں چیک پوسٹ پر حملے کے بعد عملے کو معطل کردیا گیا جب کہ پولیس اہل کاروں کے لیے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا گیا۔
4
خیبرپختونخوا اسمبلی میں فوجی عدالتوں کے فیصلوں کو فوری واپس لینے کی قرارداد منظور،مشترکہ قرارداد پاکستان تحریک انصاف کے عبدالسلام آفریدی نے پیش کی تھی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ آئین و قانون کے مطابق شفاف ٹرائل ہر شہری کا حق ہے، جبکہ فوجی عدالتوں سے سزائیں سنانا انصاف کا قتل ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں کے غیرآئینی اور جانبدارانہ فیصلوں کی مذمت کرتے ہیں۔وفاق سے سفارش کی جائے کہ فوجی عدالتوں کے فیصلوں کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔
5
وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے ریکوڈک پر سعودی عرب کے ساتھ ڈیل کی خبروں کی تردید کردی۔اسلام آباد میں بیٹ رپورٹرز کے ساتھ ملاقات اور گفتگو میں مصدق ملک نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ریکوڈک پر مزاکرات جاری ہیں، ریکوڈک پر سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات مثبت طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں اور جاری ہیں تاہم ابھی کوئی بھی ڈیل فائنل نہیں ہوئی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریکوڈک پرسعودی عرب کے ساتھ ڈیل جلد فائنل کر لی جائے گی اور یہ 2025 کے اوائل میں ہونے کا قوی امکان ہے۔