1
سال نو کی آمد: لاہور میں آتشبازی پر مکمل پابندی، نوٹیفکیشن جاری،ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا ہے کہ نئے سال کی آمد پر کسی قسم کی آتش بازی نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی پر بلا امتیاز سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی، فضا میں آلودگی کے پیش نظر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ سموگ کے تدارک کیلئے کوشاں ہے شہری بھی تعاون کریں، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو خاص طور پر سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھیں، صحت کا خیال رکھنا اولین ترجیح ہے۔
2
جنوری کے پہلے ہفتے گرج چمک کے ساتھ بارش، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری،پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں، برفباری کا یہ سلسلہ یکم جنوری سے 6 جنوری تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، یکم جنوری سے 5 جنوری کے دوران چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، بونیر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
الرٹ کے مطابق باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں،کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش، پہاڑوں پر شدید برفباری متوقع ہے، ۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے مراسلہ جاری کر دیا گیا، جس میں کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
3
وزارت مذہبی امور نے اداروں سے حج لیبر کوٹہ پر کم آمدنی والے ملازمین کی نامزدگیاں طلب کر لیں ۔ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج پالیسی 2025 کے مطابق لیبر کوٹہ کے لیے 300 نشستیں مخصوص ہیں ، پبلک، کارپوریٹ سیکٹر کے سکیل 1 تا 9 کے مساوی ملازمین، مزدور، صنعتی کارکن اور کان کن لیبر کوٹہ کے اہل ہوں گے۔
سماجی ذمہ داری کے تحت لیبر کوٹہ کے حج اخراجات متعلقہ ادارہ برداشت کرے گا، کارپوریٹ اداروں کا ای او بی آئی ، ورکرز ویلفیئر فنڈ سے رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے، خواہشمند ادارے ورکرز ویلفیئر فنڈ کو 15 جنوری تک درخواستیں جمع کروائیں۔درخواستیں زیادہ موصول ہونے کی صورت میں 300 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کی جائے گی۔
4
غزہ میں اسرائیلی فوج نے مظالم کی انتہا کردی، بے گھرفلسطینیوں پر بمباری سے مزید درجنوں شہری شہید ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز کی شمالی غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں بمباری سے 4 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، ہائپو تھرمیا کا شکار ایک اور نومولودزندگی کی باز ی ہار گیا۔
شدید سردی کے باعث20 دنوں کے نوزائیدہ بچے سمیت 7 بچے شہید ہوگئے، شہداء کی مجموعی تعداد 45 ہزار 5سو سے تجاوز کرگئی جبکہ 1 لاکھ 8 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ کے وسطی علاقے دیر البلاح میں شدید بارشوں سے بے گھر خاندانوں کے خیموں میں پانی بھر گیا جس سے غزہ کے بے گھر افراد کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔
5
پلاننگ کمیشن کے اڑان پاکستان کے تحت 5 سالہ اہم اہداف منظر عام پر آ گئے۔دستاویز کے مطابق 2029 تک جی ڈی پی کی شرح کو 6 فیصد تک لے جانے، فی کس آمدنی کو 2405 ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، 2029 تک کرنٹ اکاؤنٹ جی ڈی پی کا 1.2 فیصد سرپلس بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
2029 تک آئی ٹی برآمدات 10 ارب ڈالر بڑھانے، سرمایہ کاری کو جی ڈی پی کے 17 فیصد تک لے جانے، برآمدات کو 63 ارب ڈالر تک بڑھانے اور ترسیلات زر 39.8 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔دستاویز کے مطابق 2029 تک ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 13.5 فیصد تک لے جانے، سرکاری قرضوں کو جی ڈی پی کے 60 فیصد تک رکھنے اور تعلیم پر جی ڈی پی کا 4 فیصد خرچ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔