1
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اڑان پاکستان منصوبہ نئے سال میں نیگ شگون ثابت ہوگا، معیشت میں استحکام آچکا ہے اب ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ پاکستان اور عوام کیلئے نیا سال خوشیوں کا ہو،اڑان پاکستان پروگرام نئے سال میں نیک شگون ثابت ہوگا، وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیر خزانہ اور تمام کابینہ کی کاوشیں بہت اہمیت کی حامل ہیں۔
وزارت پاور، ہیلتھ، انرجی اور پٹرولیم نے بھی بہت محنت کی، متعلقہ معزز سیکرٹریز نے بھی اڑان پاکستان پروگرام کیلئے پوری محنت کی ہے، معیشت میں استحکام آچکا اب ہمیں آگے بڑھنا ہے۔دسمبر میں اہداف کو حاصل کرنے میں کامیابی ملی ہے، گورنر سٹیٹ بینک کی کوششوں سے خزانے میں 72 ارب روپے کی محصولات آئیں جو بہترین کارکردگی کی علامت ہے، ایف بی آر کی بھی 100 فیصد ڈیجیٹائزیشن کر رہے ہیں، برآمدات میں اضافے کے سوا ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں۔
5 ماہ میں ترسیلات زر 15 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، یہی رفتار رہی تو ترسیلات زر 35 ارب ڈالر ہو جائیں گی۔وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب
2
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن اور سکیورٹی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔فلسطینی مسلمانوں کی منظم نسل کشی، اسرائیل کے جنگی جرائم اور کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے، دنیا کو ملکر اسے ختم کرنا ہوگا، فلسطین اور کشمیر میں جاری مظالم اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔دنیا کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان عالمی امن اور سکیورٹی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔اسلام آباد میں سفرا کانفرنس سے خطاب
3
سینئر سفارت کار شفقت علی خان نئے ترجمان دفتر خارجہ مقرر، شفقت علی خان اس وقت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ برائے یورپ تعینات ہیں، شفقت علی خان روس میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں اور پولینڈ میں بھی پاکستانی سفیر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔
اس وقت دفتر خارجہ کے ترجمان کے فرائض ممتاز زہرہ بلوچ سرانجام دے رہی ہیں، اطلاعات ہیں کہ ممتاز زہرہ بلوچ کو وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی تجویز پر فرانس میں پاکستانی سفیر تعینات کیا جائے گا۔
4
یونان کشتی حادثہ: مزید 4 پاکستانیوں کی نعشیں مل گئیں۔ایف آئی اے کے مطابق یونان کشتی حادثے میں ملنے والی پاکستانیوں کی نعشوں کی تعداد 9 ہوگئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ3 نعشوں کی شناخت نارووال کے شبیر، زین علی اور ذیشان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ 1 نعش کی شناخت سیالکوٹ کے اویس علی کے نام سے ہوئی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق نعشیں یونان کے جزیرے گیواڈوس سے ایتھنز کے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جس کے بعد پاکستانی سفارت خانہ نعشوں کو پاکستان بھجوانے کے انتظامات کر رہا ہے۔
5
پنجاب کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہونے کا انکشاف، رپورٹ کے مطابق پنجاب کی جیلوں میں 37 ہزار 563 قیدیوں کی گنجائش ہے جبکہ 43 جیلوں میں 67 ہزار سے زائد قیدی بند ہیں، جیلوں میں خواتین قیدیوں کی تعداد 1167 اور کم عمر قیدیوں کی تعداد 932 ہے۔ہائی سکیورٹی سیل اور بیرکس میں 6616 قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے، ہائی سکیورٹی سیل اور بیرکس لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان اور میانوالی میں قائم کئے گئے ہیں۔
جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی رکھنا قیدیوں کے بنیادی حقوق کے خلاف ہے اور اس حوالے سے انتظامیہ کو فوری طور پر ایکشن لینا چاہیے، جس جس جیل میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں وہاں پر ان قیدیوں کو دوسری نئی جیلیں بنا کر منتقل کرنا چاہیے تاکہ ان قیدیوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہو سکے۔
6
پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سالانہ 4 ارب ڈالر نقصان کا انکشاف،پلاننگ کمیشن کی دستاویزات کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں پاکستان آٹھویں نمبر پر آ چکا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں پر کنٹرول نہ کیا تو 2080 تک درجہ حرارت میں 4 ڈگری مزید اضافہ ہو سکتا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث زیر زمین اور پانی کے ذخائر میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے۔
دستاویز میں کہا گیا کہ 2030 تک پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے 348 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلی فنانسنگ کیلئے پانڈا بانڈز اور گرین بانڈز کا اجرا نیشنل کلائمیٹ فنانس اسٹریٹیجی میں شامل ہے۔
جاری کردہ دستاویز کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبے شروع کئے جائیں گے، نیشنل کلین ایئر پالیسی کے تحت ٹرانسپورٹ، زراعت اور صنعتی دھوئیں کو 81 فیصد کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔