1
کرم امن معاہدے پر دستخط کے بعد خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اعلان، دونوں فریقین کی جانب سے امن معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں، ایک فریق کی جانب سے چند دن پہلے دستخط ہو گئے تھے جبکہ دوسرے فریق نے آج دستخط کر دیے ہیں۔
بنکرز کی مسماری اور بھاری اسلحے کی حوالگی پر دونوں فریقین متفق ہو گئے ہیں، امن معاہدے کے دستخط پر اہلیانِ کرم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
2
فرقہ وارانہ کشیدگی میں امریکا کی مکروہ سیاست ملوث ہے، مولانا سے ایرانی سفیرکی ملاقات،پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ میں ملاقات کی۔
ایرانی سفیرڈاکٹر رضا امیری نے وفد کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے موقع پران کی صحت و تندرستی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اورملاقات میں ایران پاکستان تعلقات، علاقائی صورت حال بالخصوص غزہ میں جاری ناجائز صہیونی ریاست کی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عالم اسلام فلسطینیوں کی حمایت میں مضبوط آواز بلند کرے، خطے کے اہم ممالک پاکستان، ایران، ترکیہ، سعودی عرب اور ملائشیا دفاع غزہ اور اسرائیل کے خلاف ٹھوس اقدامات کریں۔
3
سندھ نے وفاقی اداروں سے واٹر چارجز کی مد میں 20 ارب کے واجبات مانگ لیے۔سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے صوبے کے وفاقی اداروں پر 20 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات اور سی ای او واٹر بورڈ کو وفاقی حکومت کے متعلقہ اداروں کو خط لکھنے کی ہدایت کردی ہے۔
پانی کے بلوں کی مد میں سندھ کے 20 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کے لیے وفاقی حکومت کے مختلف اداروں کے متعلقہ حکام کو 21 جنوری کو پی اے سی میں طلب کیا گیا ہے۔
4
انسانی اسمگلنگ؛ ایف آئی اے کے 13 اہلکاروں کیخلاف مقدمات، 35 نوکری سے فارغ،وزیراعظم کی ہدایت پر کشتی حادثے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، اسی سلسلے میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایف آئی اے کے 13 اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
کشتی حادثات میں غفلت اور لاپروائی برتنے میں ملوث اہلکاروں کی ادارے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ملوث اہلکاروں کے خلاف انضباطی کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر
5
پنجاب کی سینیئروزیر مریم اورنگزیب نے کہنا ہے گزشتہ برس پنجاب میں 95 فیصد اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ طریقہ کار پرمنتقل کیا گیا۔ 1191 بھٹے مسمار جبکہ 1335 کو سیل کیا گیا، آلودگی پھیلانے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔گزشتہ 10 روز میں ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب نے زگ زیگ پرمنتقل نہ ہونے پر ساہیوال میں ایک، چنیوٹ میں چار، فیصل آباد میں 4، رحیم یارخان میں سات بہاولپور میں 9 بھٹے مسمار کئے گئے۔
پنجاب میں کل 25 غیر زیگ زیگ بھٹے مسمار کئے گئے ہیں۔اسی طرح لاہور میں 7 صنعتی یونٹوں سمیت پنجاب بھر میں 22 یونٹس بند جبکہ 29 صنعتی یونٹس سیل کئے گئے۔ جن میں ٹیکسٹائل، اسٹیل ملز، رائس ملز اور پلاسٹک فائبر یونٹس شامل ہیں۔آلودگی پھیلانے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ بھٹوں اور صنعتوں کی نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، ماحولیاتی آلودگی کے خلاف کارروائی سے عوامی صحت میں بہتری آئے گی۔
6
فنڈ نہ ملنے پر کے پی اسمبلی کے سامنے احتجاج کرنے والے بلدیاتی ملازمین پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کردی۔چند روز قبل بلدیاتی ملازمین نے کے پی اسمبلی کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے بلدیاتی فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے یکم جنوری کی ڈیڈ لائن دی تھی۔
فنڈز کی فراہم کے معاملے پر حکومت کی جانب سے کوئی سرگرمی نظر نہ آنے اور کسی حکومتی عہدے دار کے مذاکرات نہ ہونے پر بلدیاتی ملازمین نے اپنی دی گئی ڈیڈلائن پرعمل کیا اور آج یکم جنوری کو کے پی اسمبلی کے سامنے احتجاج شروع کرتے ہوئے خیبر روڈ کو بند کردیا۔
7
پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی اثاثوں اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ، یہ تبادلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات اور تنصیبات کے خلاف حملوں کی ممانعت کے معاہدے کے تحت ہوا۔ 31 دسمبر 1988 کو دستخط کیے گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس معاہدے میں، دوسری باتوں کے ساتھ، یہ فراہم کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک ہر کیلنڈر سال کی یکم جنوری کو اپنی جوہری تنصیبات اور تنصیبات کے بارے میں ایک دوسرے کو اگاہ کریں گے۔
اس کے مطابق پاکستان میں جوہری تنصیبات اور تنصیبات کی فہرست باضابطہ طور پر وزارت خارجہ میں اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کی گئی۔اس کے ساتھ ہی بھارتی وزارت خارجہ نے ہندوستان کی جوہری تنصیبات اور تنصیبات کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے کے حوالے کردی۔