1
پارا چنار میں پشاور کے نوجوان کا بہیمانہ قتل، سر دھڑ سے جدا کردیا گیا پارا چنار کے علاقے سدہ لوئر کرم میں ندیم نامی پشاور کے ایک مسافر کو نامعلوم افراد نے قتل کر کے اسکا سر کاٹ کر پھینک دیا۔
اہلخانہ کے مطابق مقتول ندیم بیمار بچے کیلئے دوائی لینے سدہ گیا تھا۔ ندیم کے قتل پر گھر کی اطلاع پہنچی تو صف ماتم بچھ گئی جبکہ بیوہ نے متعلقہ اداروں سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
2
سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ کے جرم میں ایران کے 6 شہریوں کا سر قلم کردیا گیا۔سعودی پریس ایجنسی نے رپورٹ میں بتایا کہ منشیات اسمگلنگ کے جرم میں سزا پانے والے ایرانی شہریوں کا خلیجی ساحلی شہر دمام میں سرقلم کردیا گیا۔
منشیات اسمگلنگ کے حوالے سے سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ مذکورہ افراد کو خفیہ طریقوں سے سعودی عرب میں چرس لانے پر سزا دی گئی ہے تاہم مذکورہ افراد کی سزا پر کب عمل درآمد کیا گیا اس حوالے سے بیان میں کچھ نہیں بتایا۔رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں 2024 میں منشیات اسمگلنگ کے جرم میں 117 افراد کے سرقلم کردیے گئے۔
3
شہر قائد کے علاقے لانڈھی شیرپاؤ کالونی کے رہائشی دوست نے دوست کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔قائدآباد کے علاقے لانڈھی شیرپاؤ کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، مقتول کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کے وقت بھی دونوں گھر کے قریب بیٹھے ہوئے تھے جس پر دونوں میں پرانی بات پر تلخ کلامی ہوئی جس میں ملزم قدوس نے جان محمد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا ، پولیس نے قتل میں ملوث ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
ایس ایچ او قائدآباد انسپکٹر فراصت نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 40 سالہ جان محمد ولد فیروز خان کے نام سے کی گئی ، مقتول شیرپاؤ کالونی کا رہائشی اور بے روزگار تھا اور آبائی تعلق ضلع بٹگرام سے تھا۔
4
کراچی نمائش دھرنے سے گرفتار 19 ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ،کراچی میں انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت کے روبرو پولیس نے نمائش چورنگی سے گرفتار 19 ملزمان کو پیش کیا ان میں 4 کم عمر بھی ہیں۔ملزمان میں اصغر شہیدی، حامدعلی، زاہد حسین، سید عباس، احمد علی، محمدعباس، ایان، حنان، نثار حسین، صادق علی، حمزہ، سہیل عباس، زین، حسن رضا، صادق علی، ایوب، صدیق، شایان، شکیل شامل ہیں۔
تفتیشی افسر افتخار احمد نے کہا کہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا، 3 پولیس اہلکار ملزمان کے پتھراؤ سے زخمی ہوئے، ملزمان کا 14 دن کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
5
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح 81 ماہ کی کم ترین سطح پر آنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2024ءمیں مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد پر آنا خوش آئند ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مہنگائی کم ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ میکرو اکنامک استحکام حاصل کرلیا ہے لیکن یہ صرف آغاز ہے، ہم نے اڑان پاکستان جیسے منصوبے کا آغاز کیا ہے اور یہ منصوبہ پاکستان کو دنیا کے صف اول ممالک کی صف میں کھڑا کر دے گا۔
حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن ہے 24 سال بعد کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوا اور افراط زر 38 فیصد سے کم ہو کر 4.1 فیصد پر آ گیا جبکہ اسٹاک مارکیٹ دنیا کی دوسری بہترین مارکیٹ بن چکی ہے، پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہو کر 13 فیصد پر آ گیا ہے۔
6
جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیرعبدالواسع نے پشاور میں احتجاج کرنے والے بلدیاتی نمائندوں پر صوبائی حکومت کی جانب سے بدترین لاٹھی چارج کو فسطائیت کی بدترین مثال قرار دیا ہے۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں بلدیاتی نمائندوں پر صوبائی حکومت کی بدترین لاٹھی چارج پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کا بلدیاتی نمائندوں پر وحشیانہ لاٹھی چارج اور شدید آنسوگیس شیلنگ فسطائیت کی بدترین مثال ہے۔
صوبائی حکومت وفاق کے خلاف احتجاج کرتی ہے اور اپنے صوبے میں خود اپوزیشن پرظلم کر رہی ہے، صوبائی حکومت نے تین سال سے بلدیاتی نمائندوں کے فنڈزروک کر انہیں دیوار سے لگایا ہوا ہے۔
7
ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بیرون ممالک کی ایئرلائنز میں فضائی خدمات سر انجام دینے کے لیے تربیت یافتہ پاکستانی پائلٹس کو ایکسپورٹ کرنے کا اعلان کر دیا۔
ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار نے پاکستان سے پائلٹس ایکسپورٹ کرنے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہمارے ریجن کے اندر کاک پٹ پائلٹس کی انتہائی کمی ہے، سی اے اے نے اس معاملے پر کام شروع کردیا ہے۔
پاکستانی ہوابازی کی صنعت کو جتنے کپتانوں کی ضرورت ہے وہ تیار کیے جا رہے ہیں جو پاکستانی ایئرلائنز کی ضرورت سے زائد ہوں گے ان کی خدمات غیر ملکی ایئرلائنز کو دی جائیں گی۔
8
پنجاب کی سینیئروزیر مریم اورنگزیب نے کہنا ہے گزشتہ برس پنجاب میں 95 فیصد اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ طریقہ کار پرمنتقل کیا گیا۔ 1191 بھٹے مسمار جبکہ 1335 کو سیل کیا گیا، آلودگی پھیلانے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔پنجاب میں 95 فیصد بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کو ممکن بنایاگیا باقی 5فیصد پر بھی کام جاری ہے۔
گزشتہ 10 روز میں ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب نے زگ زیگ پرمنتقل نہ ہونے پر ساہیوال میں ایک، چنیوٹ میں چار، فیصل آباد میں 4، رحیم یارخان میں سات بہاولپور میں 9 بھٹے مسمار کئے گئے۔ پنجاب میں کل 25 غیر زیگ زیگ بھٹے مسمار کئے گئے ہیں۔
اسی طرح لاہور میں 7 صنعتی یونٹوں سمیت پنجاب بھر میں 22 یونٹس بند جبکہ 29 صنعتی یونٹس سیل کئے گئے۔ جن میں ٹیکسٹائل، اسٹیل ملز، رائس ملز اور پلاسٹک فائبر یونٹس شامل ہیں۔آلودگی پھیلانے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
9
پاکستان میں رجب المرجب 1446 ہجری کا چاند نظر آگیا۔ رجب کا چاند دیکھنے کیلیے اسلام آباد میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر کی زیر صدارت رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس ہوا۔اس کے علاوہ کراچی، کوئٹہ، لاہور، پشاور سمیت دیگر علاقوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے رجب المرجب 1446 ہجری کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا اور بتایا کہ یکم رجب المرجب 2جنوری کو ہوگی۔


