1
وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔کابینہ کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان کا اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر دو سالہ مدت کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی وفاقی کابینہ نے سفارتی محاذ پر اس بڑی کامیابی کو سراہا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گوادر بندرگاہ سے پچھلے تین ماہ میں پبلک سیکٹر درآمدات کی تفصیلات اگلے اجلاس میں پیش کی جائیں۔اجلاس میں کابینہ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (ری آرگنائزیشن) ایکٹ کے سیکشن 3 (7) میں ترامیم پر قانون سازی کی اصولی منظوری دے دی جبکہ وزارت اطلاعات کی جانب سے انفارمیشن گروپ کے افسران کی بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز میں تعیناتی کے حوالے سے قوائد و ضوابط کی منظوری کی سفارش کر دی۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ان قواعد و ضوابط کے نتیجے میں بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز میں تعیناتی کے عمل کو مزید شفاف اور میرٹ پر مبنی بنایا جا سکے گا، کابینہ نے لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز ٹھٹھہ کی رجسٹریشن/شناخت کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں زندگی بچانے والے میڈیکل آلات کی قیمتوں کی تعین کیلئے کمیٹی کی تشکیل نو، نیشنل فوڈ سیفٹی، اینیمل اینڈ پلانٹ ہیلتھ اتھارٹی بل کو پارلیمنٹ بھیجنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 17 دسمبر کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق اور سٹیزن شپ ایکٹ میں ترامیم کی توثیق موخر جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 18 دسمبر کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔
2
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ دھرنے والوں کو الگ مقام کی آفر کرتا ہوں، یہ مہلت نہیں پیش کش ہے۔ آئی جی اور دیگر اداروں کو واضح احکامات دے دیے کہ کراچی کی سڑکیں یرغمال بنانے نہیں دے سکتے، پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا کام کریں گے، اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کریں گے۔
معلوم نہیں کون سی قوتیں کراچی کا امن خراب کرنا چاہتی ہیں؟، ہم مسئلے کا پر امن حل تلاش کرنا چاہ رہے تھے، مذاکرات ناکام ہوئے تو ایکشن لیا جائے گا، اس میں ہمیں میڈیا کی جانب سے مثبت رد عمل کا ساتھ چاہیے ہوگا۔ دھرنے والوں کو الگ مقام کی آفر کرتا ہوں، یہ مہلت نہیں ہے، بلکہ پیشکش ہے، سڑکیں بلاک کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے، پارا چنار کے واقعہ پر ہمیں افسوس ہے، تمام متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں، تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ کراچی کی تمام اہم سڑکیں بند کردی جائیں۔
ہم پر بھی تنقید ہورہی ہے کہ پورا کراچی محصور ہے اور ہم کچھ نہیں کر رہے، کراچی کی مختلف شاہراہیں بند کردی گئی ہیں، جو بھی حکومت کی رٹ چیلنج کرے گا، اس کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔کراچی میں پریس کانفرنس
3
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی امن اور سکیورٹی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ فلسطینی مسلمانوں کی منظم نسل کشی، اسرائیل کے جنگی جرائم اور کشمیر میں ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے، دنیا کو ملکر اسے ختم کرنا ہوگا، فلسطین اور کشمیر میں جاری مظالم اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے۔
دنیا کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان عالمی امن اور سکیورٹی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت پاکستان کیلئے اعزاز ہے، اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی جانب سے پاکستان کو سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب کرنے پر شکر گزار ہیں، پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری پر عمل کرنے کیلئے پر عزم ہے۔اسلام آباد میں سفرا کانفرنس سے خطاب
4
نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر حماس پر یرغمالیوں کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کردیا۔صحافی کے غزہ جنگ بندی سے متعلق سوال پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دیکھیں گے کیا ہوتا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بہتر ہے کہ وہ یرغمالیوں کو جلد واپس آنے دیں امریکی ریاست فلوریڈا میں سالِ نو کی تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حماس کے لیے بہتر ہے جلد یرغمالیوں کو رہا کردیں۔
5
انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ انڈور باؤلز چیمپئن شپس میں اسرائیل کے کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی عائد کردی گئی۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ باؤلز ٹور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگست میں سکاٹش انٹرنیشنل اوپن میں اسرائیلی کھلاڑیوں کی شرکت پر سیاسی حوالوں سے کشیدگی پھیل گئی تھی۔
بیان میں کہا گیا کہ صورت حال کی نوعیت کا ادراک کرتے ہوئے ورلڈ باؤلز ٹور بورڈ نے ٹورنامنٹ کے منتظمین اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ مشکل فیصلہ کیا کہ اسرائیل کو آنے والے ورلڈ انڈور چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے دیا گیا دعوت نامہ واپس لیا جائے۔