1
شراب برآمدگی کیس: عدالت کا علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی ، جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کیس کی سماعت کی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور ان کے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ عدالت پیش نہ ہوئے ، ایس ایس پی آپریشنز نے علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے سابقہ عدالتی حکم کی تعمیل میں کوئی رپورٹ پیش نہ کی جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
جج مبشر حسن نے ریمارکس میں کہا کہ نہ ملزم پیش ہوا نہ ہی اس کا وکیل عدالت آیا۔عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر ایس ایس پی آپریشنزکو علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے دیا اور کیس کی مزید سماعت 21 جنوری تک ملتوی کردی۔
2
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ طلبہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، کسی کا ایندھن مت بنیں۔ سکالر شپس لینے والے تمام طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، آج طلبہ سے بطور وزیراعلیٰ نہیں ایک ماں کے طور پر مخاطب ہوں۔
مجھے معلوم ہے آج کل تعلیم مہنگی ہے ،اخراجات بہت زیادہ ہوتے ہیں، آج طلبہ کی محنت کے صلے نے ماں باپ کا بوجھ اٹھا لیا ہے، بچے پیار سے میرا شکریہ ادا کررہے ہیں، میراشکریہ اداکرنے کی ضرورت نہیں یہ آپ کی محنت کا ثمر ہے فیصلہ کیا تھا کہ ہر جگہ خود جاکر سکالرشپس دوں گی۔
یہ میرا پیسہ بالکل نہیں ،پنجاب کے عوام کا پیسہ ہے، میں یہ پیسہ اپنے گھر سے نہیں لائی، پچھلے 75 سال سے بھی یہ پیسہ آپکا تھا، میرا سوال ہے یہ پچھلے 75 سال میں آپ کو کیوں نہیں ملا؟بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ہونہار سکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب
3
مریم نواز کا سرکاری زمینوں پر قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن کا حکم،مریم نواز نے کسی بھی دباؤ اور سیاسی اثر کو خاطر میں لائے بغیر سرکاری زمینیں واپسی کرانے کی ہدایت کر دی۔وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ جنگلات نے پولیس کے ہمراہ تحصیل خانپور میں بڑی کارروائی کر کے 90 ایکڑ اراضی واگزار کرالی۔
اس دوران قبضہ مافیا نے محکمہ جنگلات کی ٹیم پر حملہ کر کے نقدی اور موبائل فون چھین لئے، سرکاری گاڑی جلانے کی بھی کوشش کی، ٹریکٹر کی بیٹری بھی نکال لی۔پولیس نے با اثر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کردیئے۔
4
لاہور ہائیکورٹ نے اقدام قتل کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ رپورٹ کے مطابق ملزم نے تیز دھار آلے سے حملہ کیا ہے، اس کا زخم 15 سنٹی میٹر لمبا اور چھ انچ تک گہرا ہے، کیا یہ خاتون بچ گئی ہے۔
مضروب خاتون کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جی خاتون کو اللہ نے نئی زندگی دی ہے جس پر عدالت نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کس گراؤنڈ پر ضمانت لینے آئے ہیں، کیا چالان جمع ہو چکا ہے۔خاتون کے وکیل نے کہا کہ ملزم عمران قصاب ہے، ملزم نے کرایہ نہ بڑھانے، دکان خالی کروانے پر مالکن خاتون پر حملہ کیا، ملزم نے خاتون کے خاوند پر بھی حملہ کیا جس سے وہ بھی زخمی ہوا۔
بعدازاں عدالت نے ٹرائل کورٹ کو دو ماہ میں کیس کا فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی۔
5
گوجرانوالہ: ڈاکوؤں نے 80 لاکھ کا سونا، نقدی لوٹ لیا، مزاحمت پر شہری کو گولی مار دی۔ ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز کو وصول ہوگئی، ڈاکواسد نامی شہری کے گھر گھسے اہل خانہ کو یرغمال بناکرلوٹ مارکی، شورسن کر آنے والے ہمسائیوں پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی۔گولیاں لگنے سے زاہد نامی شہری شدید زخمی ہوگیا، پولیس نے بتایا کہ مقدمہ درج کر لیا، جلد ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
6
پاکستان اور بنگلہ دیش کا تجارتی حجم کو فروغ دینے پر اتفاق،وزیر خارجہ اسحاق ڈار 3 سے 5 فروری کو ملائیشیا کے دورے سے واپسی پر ڈھاکہ جائیں گے، وزارت خارجہ نے وزیر خارجہ کے آئندہ ماہ دورہ ملائیشیاء و بنگلہ دیش کی تیاریاں شروع کر دیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کا فروغ ہے، دورے کے دوران کپاس ، ٹیکسٹائل ، سیمنٹ اور زرعی شعبوں پر بات چیت ہوگی۔سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان بنگلہ دیش سے سرجیکل آلات، ڈینٹل اور دیگر طبی آلات، کاغذ، پیپر بورڈ وغیرہ درآمد کرتا ہے، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2023 میں تجارتی حجم 7 لاکھ 13 ہزار ڈالر رہا۔