1
حکومت بجلی 10 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی خواہشمند، مختلف آپشنز پر کام جاری،وفاقی حکومت کا پہلا آپشن آئی پی پیز سے بات چیت کا فائدہ عوام کو منتقل کرنا ہے، 5 آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرکے حکومت کو مجموعی طورپر 411 ارب روپے کی بچت ہوگی اور یہ بچت سالانہ 70 ارب روپے بنے گی۔
بگاس کے 8 پاورپلانٹس کا ٹیرف تبدیل ہونے سے 238 ارب روپے کی بچت ہوگی، یہ بچت سالانہ 8 ارب 83 کروڑ روپے بنتی ہے، مزید 16 آئی پی پیز سے معاہدوں کے نتیجے میں 481 ارب روپے کا فائدہ ہوگا، آئی پی پیز معاہدوں کےخاتمے یا ان میں تبدیلی کا فائدہ صارفین کو دیا جائے گا۔
2
کرم: امن کی بحالی کیلئے ٹاسک فورس بنانے اور چیک پوسٹیں قائم کرنے کا فیصلہ،محکمہ داخلہ کی دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے ٹل پاراچنار روڈ پر 48 چیک پوسٹیں قائم کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، پولیس چیک پوسٹوں کے لیے درکار فنڈز سے متعلق حکومت کو آگاہ کیا جائےگا جب کہ محکمہ داخلہ کے پی وفاقی حکومت سے پاراچنار میں ایف آئی اے سائبر ونگ قائم کرنے کی درخواست کرے گی۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ٹل پاراچنار روڈ کی حفاظت کے لیے اسپشل پوسٹس فورس قائم کی جائےگی جس میں 399 ایکس سروس مینز کو بھرتی کیا جائے گا۔
3
افغان خواتین پر پابندیاں: انگلینڈ کے سیاستدانوں کا افغانستان کیخلاف میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ،سابق لیبر رہنما جیریمی کاربن اور ریفارم کے رہنما نائیجل فراگ سمیت 160 سے زائد ارکان پارلیمنٹ نے انگلش کرکٹ بورڈ کو خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا ہےکہ ای سی بی کو 26 فروری کو افغانستان کے خلاف گروپ میچ کھیلنے سے انکارکرنا چاہیے، افغانستان کے ساتھ میچ کا بائیکاٹ ظلم کے خلاف عدم برداشت کا واضح پیغام ہوگا، ای سی بی سےگزارش کرتے ہیں کہ افغان خواتین سے یکجہتی کا مضبوط پیغام دیں۔
4
سپریم کورٹ میں سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے کیس میں عدالت نے کہا ہےکہ صرف چوکی کے باہرکھڑےہونے پر تو شہری کے ساتھ کچھ نہیں ہوگا، اگر شہری آرمی ایکٹ میں درج جرم کا مرتکب ہوا تو ٹرائل ہوگا۔سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے سویلینز کےفوجی عدالتوں میں ٹرائل کےفیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت کی جس سلسلے میں وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیے۔
خواجہ حارث نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ماضی میں قراردیا کہ فوج کے ماتحت سویلینزکا کورٹ مارشل ہوسکتا ہے، اپیل وزارت دفاع کی جانب سے دائر کی گئی ہے، اس پر جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کہ وزارت دفاع کیا ایگزیکٹو ادارہ ہے؟ ایگزیکٹو کے خلاف اگر کوئی جرم ہو تو کیا خود جج بن کر فیصلہ کرسکتاہے؟جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آرمی ایکٹ کو صرف مسلح افواج کے ممبران تک محدود کیا گیا ہے، اس پر خواجہ حارث نے کہا کہ ایسانہیں ہے، آرمی ایکٹ صرف آرمڈ فورسز تک محدود نہیں،مختلف کیٹیگریزشامل ہیں، اس موقع پر جسٹس جمال نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 8(3) فوج کے ڈسپلن اور کارکردگی کے حوالے سے ہے، کیا فوجداری معاملے کو آرٹیکل8(3) میں شامل کیا جا سکتا ہے؟ آئین میں شہریوں کا نہیں پاکستان کے شہریوں کا ذکر ہے۔
جسٹس جمال نے مزید کہا کہ آرمی ایکٹ آرمڈ فورسز کو فوج کےڈسپلن میں لانے کیلئے لایا گیا، ہمارے ملک میں 14 سال تک مارشل بھی نافذ رہا، فرض کریں ایک چیک پوسٹ پر عام شہری جانےکی کوشش کرتا ہے تو کیا یہ بھی آرمڈفورسز کےفرائض میں خلل ڈالنے کے مترادف ہوگا؟
5
فیصل آباد کے علاقے تاندلیانوالہ میں مسلح افراد کے تھانے پر حملے کی ویڈیو سامنے آگئی۔ملزمان نے لاک اپ میں بند مخالف گروپ کے تین ملزمان کو فائرنگ کرکے قتل کیا جس کی سی سی ٹی وی سامنے آئی ہے۔ویڈیو میں 8 ملزمان کو تھانےکی عقبی طرف سےفائرنگ کرتےہوئے فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔