1
ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے وسیع البنیاد اور بامعنی مشاورت یقینی بنائے، بزنس کمیونٹی ملکی معیشت کی سب سے بڑی اسٹیک ہولڈر ہے اور حکومت کا بجٹ کی تیاری کے لیے بزنس کمیونٹی سے وسیع مشاورت کا فیصلہ خوش آئند ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے حکومت کی جانب سے بجٹ تیاری کے لیے تجاویز طلب کیے جانے پر اپنے بیان میں کہا کہ بجٹ تجاویز کے لیے ایف پی سی سی آئی، چیمبرز اور کاروباری تنظیموں کو بھرپور موقع فراہم کیا جائے، پارلیمنٹ کی متعلقہ قائمہ کمیٹیاں بزنس کمیونٹی کے ساتھ بجٹ کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد کریں۔ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے وسیع البنیاد اور بامعنی مشاورت یقینی بنائے، موجودہ معاشی بحالی کے اثرات کو پائیدار بنیادیں فراہم کرنے کے لیے جامع اصلاحات متعارف کرائی جائیں۔
حکومت کا بجٹ کی تیاری کے لیے بزنس کمیونٹی سے وسیع مشاورت کا فیصلہ خوش آئند ہے، بزنس کمیونٹی ملکی معیشت کی سب سے بڑی اسٹیک ہولڈر ہے، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری بجٹ تیاری کے لیے بھرپور تجاویز دے گی۔
2
نیوزی لینڈ کے کپتان مارٹن گپٹل کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان،عالمی میڈیا کے مطابق مارٹن گپٹل نے بدھ کو اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے اپنے ساتھیوں اور چاہنے والوں کو حیران کردیا۔
جبکہ اعلان کے وقت وہ جذباتی ہوئے اور آنکھوں سے آنسو بھی چھلک پڑے۔مارٹن گپٹل کا شمار ٹی 20 فارمیٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا تھا اس کے علاوہ انہوں نے ون ڈے اور ٹیسٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کی دھاگ بیٹھائی تھی۔
3
راولپنڈی میں 81 لاکھ روپے چوری کا ڈراپ سین، سویٹر کی وجہ سے بیٹی اور دوست پکڑے گئے۔ایس پی راول حسیب راجہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیسں ایمرجنسی پر کال موصول ہوئی کہ تھانہ سٹی کے علاقے میں گھر سے 80 لاکھ روپے سے زائد نقدی چوری ہوئی ہے۔
جس پر پولیس نے ٹیمیں تشکیل دیں پانچ گھنٹوں میں سی سی ٹی کیمروں و ٹیکنالوجی کی مدد سے واردات کو ٹریس کرلیا۔ مدعی کی اپنی بیٹی سحرش اور اس کا ساتھی فہد ہی چور نکلے، جن کو گرفتار کر کے 81 لاکھ روپے نقد برآمد کرلیے گئے ہیں۔ملزمہ سحر نے والد کو بتایا کہ وہ گھر میں اکیلی تھی، اس دوران ایک عورت آئی جس نے اسپرے سے اسے بے ہوش کر دیا اور واردات کی، مدعی نے 15 پر ڈکیتی کی کال کی جس پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر سینئر افسران کو موقع پر پہنچنے کا حکم دیا۔
مدعی کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے سی سی ٹی فوٹیج، ٹیکنیکل ذرائع سے تفتیش کا آغاز کیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک خاتون کا ہاتھ اور سویٹر نظر آیا جسکی تحقیقات کرتے ہوئے پولیس ملزمہ تک پہنچ گئی۔
پولیس نے ملزمہ سحر کو شامل تفتیش کیا تو اس نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی سے واردات کا انکشاف کیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا اور ملزمان سے 81 لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے۔
4
پی ٹی آئی نے اپنے ارکان اسمبلی و ٹکٹ ہولڈرز سے لاکھوں کے فنڈز مانگ لیے۔ پی ٹی آئی اس وقت شدید مالیاتی بحران کا شکار ہے اور پارٹی کے ساتھ منسلک ملازمین کو 3 ماہ سے تنخواہیں بھی نہیں ملیں، جس کی وجہ سے تحریک انصاف نے فوری طور پر فنڈریزنگ مہم شروع کردی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اپنے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے سالانہ 2 لاکھ 40 ہزار روپے فنڈ مانگے گئے ہیں، جس کے اکٹھا کرنے کی ذمے داری چیف وہپ عامر ڈوگر اور پارلیمانی لیڈرز کو سونپی گئی ہے۔اس حوالے سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ارکان اسمبلی و پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز دو قسطوں پر فنڈ جمع کرائیں۔
5
لیاقت آباد سی ایریا میں گھر کے روشن دان سے ایک شخص کی لٹکی ہوئی لاش ملی جو گھر میں داخلے کے دوران پھنس کر ہلاک ہوگیا۔
سپرمارکیٹ تھانے کے علاقے لیاقت آباد سی ایریا میں گھرکے روشن دان سے ایک شخص کی لٹکی ہوئی لاش ملی، اطلاع ملنے پر مدد گار15 پولیس موقع پرپہنچ گئی اور پولیس نے لاش کو ایدھی رضا کاروں کے ہمراہ روشن دان سے اتارکر ضابطے کی کارروائی کے بعد عدم شناخت پرایدھی سردخانے منتقل کردیا۔
سپرمارکیٹ پولیس کے مطابق متوفی شخص نشے کا عادی تھا شبہ ہے کہ متوفی شخص مبینہ طور پرچوری کی نیت سے گھرمیں روشن دان سے گھرمیں داخل ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ اس دوران اس کی گردن روشن دان میں پھنس گئی اور وہیں اس کی موت واقع ہو گئی۔
6
ایف بی آر نے آئندہ بجٹ میں ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کیلیے تجاویز طلب کرلیں۔ایف بی آر کی جانب سے تاجر تنظیموں اور چیمبرزآف کامرس سے کہا گیا ہے کہ انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور پاکستان کسٹمز سے متعلق تجاویز 31 جنوری2025 تک فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو بھجوائی جائیں۔
ایف بی آر حکام کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے تمام فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو لیٹر ارسال کیے گئے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے فنانس بل 2025-26 کے لیے بجٹ تجاویز پر کام شروع کردیا ہے، جس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تجاویز تیار کی جارہی ہیں۔
دستاویز کے مطابق متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے کہا گیا ہے کہ فنانس 2025 کے لیے انکم ٹیکس سے متعلق تجاویز ایف بی آر ہیڈ کوارٹر کو بھجوائی جائیں تاکہ ان بجٹ تجاویز کو آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں شامل کیا جاسکے۔


