1
الیکشن کمیشن نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کیخلاف نااہلی کا ریفرنس خارج کر دیا۔الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے سینیٹر شہادت اعوان اور ماجد محمود کی درخواست خارج کر دی۔ الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی نااہلی کے لئے دائر ریفرنس پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی تھی۔الیکشن کمیشن نے 7 جنوری کو پی ٹی آئی کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
2
وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آج ہم ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑے ہیں، شعبہ تعلیم کے فروغ کیلئے عالم اسلام کو بہت کچھ کرنا ہے۔چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے اسلامی ملکوں میں تعاون ضروری ہے۔
پاکستان کی آدھی آبادی خواتین پر مشتمل ہے، خواتین کی تعلیم کے حوالے سے پاکستان میں عالمی کانفرنس ہو رہی ہے، تعلیمی کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کی جا رہی ہے۔
تین روزہ کانفرنس میں 47 ملکوں کے 150 مندوبین شریک ہوں گے، چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم سمیت مختلف ملکوں کے وزرا، علما و مشائخ اور ماہرین شرکت کریں گے۔ اسلامی دنیا بھی اپنے حالات کی وجہ سے فیصلہ کن موڑ پر ہے، عالمی کانفرنس ایک اہم سنگ میل ہے، تعلیم کے شعبے میں کانفرنس ایک بڑی اہمیت کی حامل ہے۔
جدید تعلیم کے فروغ کے لیے عالم اسلام کو بہت کچھ کرنا ہے، افغانستان کو بھی تعلیمی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
3
پی ٹی آئی رہنماؤں کا بانی عمران خان سے ملاقات کیلئے جیل حکام سے رابطہ، پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے کوششیں تیز ہو گئیں۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی ہدایت پر وکیل فیصل چودھری نے جیل حکام سے رابطہ کیا۔
عمر ایوب کی ہدایات پر جیل حکام سے ملاقات کے لیے رابطہ کیا گیا، کوشش ہے کہ مذاکرات کے تیسرے مرحلے سے قبل بانی عمران خان سے ملاقات ممکن ہو۔ جیل حکام کو بتایا ہے آج ملاقات کا دن ہے لہٰذا ملاقات کا بندوبست کیا جائے، جیل حکام نے تاحال مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔
4
عاقب جاوید کی چھٹی، سابق انگلش بولر ڈیرن گف لاہور قلندر کے ہیڈ کوچ مقرر،لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ کے لیے انگلینڈ کے لیجنڈری فاسٹ بالر ڈیرن گف کی بطورر ہیڈ کوچ خدمات حاصل کر لی ہیں اور ڈیرن گف بھی ایک بار پھر اپنے اس رول کو ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اُنہوں نے اس سے قبل بھی گلوبل سپر لیگ 2024 کے پہلے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے لیے ہیڈ کوچ کے طور پر کام کیا تھا۔گلوبل سپر لیگ کے دوران لاہور قلندرز کی ٹیم نے ان کی نگرانی میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے افتتاحی ایڈیشن ہی میں فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔54 سالہ ڈیرن گف نے کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتیوں کا لوہا منوایا ہے، انہوں نے 1994 سے 2006 تک انگلینڈ کی ٹیم کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
5
صائم ایوب کا ہارلے سٹریٹ کلینک میں چیک اپ، انجری کی صورتحال بہتر قرار،اس حوالے سے صائم ایوب نے کہا ہے کہ میڈیکل رپورٹ آگئی ہے، ڈاکٹرز نے بتایا ہے ٹخنہ بہتر ہے اس پر وزن ڈال سکتا ہوں، رپورٹس میڈیکل پینل کو بھیجی جائیں گی۔
صائم ایوب قومی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود کے ہمراہ ہارلے اسٹریٹ کلینک پہنچے تھے، گزشتہ روز بھی کنسلٹنٹ ٹراما اینڈ آرتھوپیڈک پاؤں اور ٹخنوں کے سرجن جیاسیلان نے ان کا چیک اپ کیا تھا۔اظہر محمود نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ بیٹر کی صحت سے متعلق مثبت پیشرفت ہو رہی ہے، جو بھی رپورٹ ہے میڈیکل پینل کو بھیجی جائے گی۔
6
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان،دونوں ٹیسٹ میچز 17 سے 29 جنوری تک ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، دونوں ٹیسٹ میچوں میں فرسٹ کلاس (وسیم اکرم اور الہٰی برادران) اور جنرل (حنیف محمد اور مشتاق احمد) انکلوژرز میں شائقین کا داخلہ مفت ہوگا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق دونوں ٹیسٹ میچوں کے لیے، پی سی بی گیلری (انضمام الحق) کے ٹکٹ صرف 500 روپے میں فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹوں کی قیمت 150 روپے ہوگی جن میں فضل محمود اور عمران سٹینڈز شامل ہیں، دونوں ٹیسٹ کے لیے پریمیم انکلوژرز (جاوید میانداد اور ظہیر عباس) کے ٹکٹوں کی قیمت 100 روپے ہوگی۔
7
قومی انڈر 19 ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ ختم، کل ملائیشیا روانہ ہوگی۔ آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم کا کراچی میں 9 روزہ تربیتی کیمپ ختم ہوگیا، پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کل کراچی سے براستہ دبئی ملائیشیا روانہ ہو گی ۔پاکستان ٹیم کی قیادت کومل خان کریں گی، 16 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ 18 جنوری سے 2 فروری 2025 تک ملائیشیا میں کھیلا جائے گا۔
8
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے ساتھ ترسیل کے نظام کو بہتر بنا رہے ہیں۔ توانائی منصوبوں میں عوام کے مفاد کو مقدم رکھا جا رہا ہے، سستی توانائی کا حصول ترجیح ہے۔بجلی پیداوار کے نئے پلانٹ لگانے جا رہے ہیں، بھاشا ڈیم پر تیزی سے کام جاری ہے، وفاقی وزیرتوانائی کا تقریب سے خطاب
9
کورین پیداواری مراکز کو پاکستان منتقل کرنے کے منصوبوں کا اعلان،وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور کوریا کے وزیر تجارت انکیو چیونگ نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کر دیئے، معاشی شراکت داری معاہدہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کا سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور کوریا کے درمیان سالانہ تجارتی حجم 1.3 بلین ڈالر ہے جس میں مزید اضافے کی توقع ہے، کوریا کے وزیر تجارت نے پاکستان کی جغرافیائی اہمیت پر زور دیا۔کوریا کے وزیر تجارت نے کورین پیداواری مراکز کو پاکستان منتقل کرنے کے منصوبوں کا اعلان کر دیا، پاکستان کو مشرقی افریقہ اور وسطی ایشیا کے لیے تجارتی مرکز بنانے کا منصوبہ ہے۔
کورین وزیر تجارت مذاکرات کی قیادت کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے، ای پی اے نے مذاکرات جلد مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔


