1
5 افراد کے قتل میں سزا یافتہ ملزم 23 سال بعد سپریم کورٹ سے بری،سپریم کورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد کی جانب سے تحریر کردہ جاری کیے گئے فیصلے کے مطابق عدالت نے محمد اسحاق نامی ملزم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے کیس سے 23 سال بعد بری کیا ہے۔
فیصلے کے مطابق یہ طے ہے کیس میں موجود ایک بھی شک ملزم کی بریت کیلئے کافی ہے اور ملزم کے خلاف چشم دید گواہان کے بیانات پر شکوک و شبہات موجود ہیں۔عدالت عظمیٰ نے سوال اٹھایا کہ چشم دید گواہ رات کے پچھلے پہر مقتولین کے گھر پر کیسے موجود تھے؟فیصلے میں کہا گیا کہ نامکمل ثبوت اور شک و شبہات پر دی گئی سزا کالعدم قرار دی جاتی ہے اور ملزم کو بری کیا جاتا ہے۔
ملزم پر 2002 میں میرپور خاص میں چچا ، چچی اور تین بیٹوں کو قتل کرنے کا الزام تھا اور سیشن کورٹ نے 5 بار پھانسی اور 2،2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔
2
یورپ کیلئے پی آئی اے کی براہ راست پہلی پرواز 10 جنوری کو اڑان بھرے گی۔پیرس سے پی آئی اے کی پرواز بھی اسی روز اسلام آباد کے لیےروانہ ہوگی۔
قومی ائیرلائن کی پہلی پرواز جمعہ 10 جنوری کو پیرس جائے گی،قومی ائیرلائن کی پہلی پرواز جمعہ دس جنوری کو اسلام آباد سے پیرس کےلیےروانہ ہوگی جس کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں،پیرس سے پی آئی اےکی پرواز بھی اسی روز اسلام آباد کے لیےروانہ ہوگی،دونوں پروازوں کےٹکٹس پہلےہی فروخت ہو چکے۔
3
بلوچستان حکومت نے وفاق کی طرز پر پینشن پالیسی کی منظوری دے دی،محکمہ خزانہ کی جاری کردی نوٹیفکیشن کے مطابق فیملی پینشن کی میعاد 10 سال تک ہوگی،معذور بچوں کی صورت میں پینشن تاحیات ہوگی جبکہ بچوں کی عمر 21 سال تک پہنچنے تک بھی پینشن ادا کی جائیگی۔قبل ازیں وفاقی حکومت نے اخراجات کی مینجمنٹ سے متعلق آئی ایم ایف کی شرط پر عمل کرتے ہوئے پینشن کے شعبے میں اصلاحات کا اجرا کر دیا ہے۔
نئی پینشن سکیم موجودہ مالی سال میں بھرتی ہونے والے وفاقی سویلین ملازمین اور آئندہ مالی سال میں افواج میں بھرتی ہونے والے ملازمین پر لاگو ہو گی۔یکم جنوری 2025 کو جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ریٹائرڈ ملازم کی پینشن ’سروس کے آخری 24 ماہ میں قابل پینشن تنخواہ کی اوسط کی بنیاد پر کیلکولیٹ کی جائے گی۔
4
ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹس کے مکمل شیڈول کا اعلان،پی سی بی کے مطابق 18 ٹیموں پر مشتمل نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ مارچ میں ہوگا، پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو اپریل اور مئی میں منعقد کیا جائے گا۔ قائد اعظم ٹرافی کا آغاز ستمبر میں ہوگا۔انڈر 13 اور انڈر 15 ٹورنامنٹس کو انڈر 15 اور انڈر 17 ٹورنامنٹس کے طور پر متعارف کروایا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ اور ریجنل انڈر 19 ٹورنامنٹس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے انڈر 19 کھلاڑی چیمپئنز انڈر 19 ایونٹس میں جگہ بنائیں گے۔چیمپئنز فرسٹ کلاس ایونٹ کا پہلا ایڈیشن ستمبر اور اکتوبر کی ونڈو میں کھیلا جائے گا۔ چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ کا دوسرا ایڈیشن دسمبر 2025 میں کھیلا جائے گا۔ سال 2025 میں انڈر 19 کرکٹرز کیلئے چیمپئنز انڈر 19 ایونٹس متعارف کروائے جائیں گے۔
5
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پائیدار اقتصادی شرح نمو کے لئے دنیا بھر کی حکومتوں کو آئندہ دس سال کے دوران 30 کھرب ڈالر کے اضافی وسائل پیدا کرنا ہوں گے، پراپرٹی ٹیکسز کم آمدنی والے ممالک کو ترقیاتی ایجنڈا کی تکمیل میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق یہ وسائل تیزی سے ترقی کرتی معیشتوں کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے 4 فیصد جبکہ کم آمدنی والے ممالک کی جی ڈی پی کے 16 فیصد کے مساوی ہیں۔آئی ایم ایف نے تجویز پیش کی ہے کہ اضافی وسائل کی دستیابی کے لئے مقامی سطح پر پراپرٹی ٹیکس کے موثر نفاذ کے اقدامات کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب آئی ایم ایف نے خبر دار کیا ہے کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران ٹیکسز کی شرح میں اضافہ کے حوالہ سے اصلاحات کی بعض ممالک میں سماجی و سیاسی مسائل بھی پیدا ہوئے ہیں جن سے تحفظ کے لئے تمام شراکتداروں کی مشاورت سے اقدامات کرنا ہوں گے اور عوام کو بھی اعتماد میں لینا ہو گا۔
6
پاکستان میں کم از کم تنخواہ ایک ہزار ڈالر کے مساوی کرنے کیلئے آئینی درخواست سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر کردی گئی۔مقامی وکیل فہمید نواز انصاری کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست میں وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کو فریق بنایا گیا ہے ۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان برطانوی کالونی رہا اور وہی قوانین یہاں پر لاگو ہیں، عدالتی کیسوں میں بھی امریکا اور برطانوی عدالتوں کے فیصلوں کو مانا جاتا ہے۔امریکا اور برطانیہ کے قوانین کو بھی پاکستان میں مانا جاتا ہے، پاکستان میں بھی برطانوی اور امریکی لیبر قوانین ہونے چاہئے ، امریکا اور برطانیہ میں کم از کم تنخواہ ایک ہزار ڈالر مقرر ہے۔