1
پی آئی اے کا ساڑھے 4 سال بعد یورپ کیلئے فلائٹ آپریشن بحال، پہلی پرواز پیرس روانہ،وزیر دفاع خواجہ آصف نے مسافروں کو الوداع کیا، پرواز پی کے 749 میں 323 مسافر سوار ہیں، پیرس کیلئے ہفتہ وار 2 براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔
قبل ازیں وزیر ہوابازی خواجہ آصف نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر فرانس ایمبیسی سٹاف کے ہمراہ افتتاحی فیتہ کاٹا ، تقریب میں وزیر ہوابازی، سیکرٹری ایوی ایشن، ڈی جی سی اے اے شریک ہوئے، سی ای او پی آئی اے عامر حیات، ایئرپورٹ منیجر آفتاب گیلانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ایک وقت تھا جب پی آئی اے دنیا کی لیڈنگ ایئرلائن تھی، پی آئی اے نے بہت سی ایئرلائنز کو بنانے میں کردارادا کیا، پھر ہم دوسری ایئرلائنز کے محتاج ہوگئے،جو ہماری پروازلیکر جائیں۔
2
توشہ خانہ ٹو کیس: بشریٰ بی بی کی عدم حاضری پر عدالت کا اظہار برہمی،اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، بشریٰ بی بی اور ان کے وکیل آج عدالت پیش نہ ہو ئے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔سماعت کے دوران چوتھے گواہ کیبنٹ ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈینیشن محمد احد پر جرح مکمل کر لی گئی، جرح بانی پی ٹی آئی کے وکیل قوسین فیصل مفتی نے کی، سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ طلعت کا بیان بھی ریکارڈ کرلیا گیا ۔
عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکلاء کی جانب سے آئندہ سماعت پرگواہ پر جرح مکمل نہ کرنے پر تادیبی کارروائی کی ہدایت کر دی جبکہ آ ئندہ سماعت پر مجموعی طور پر مزید پانچ گواہان کو طلب کر لیا گیا، عدالت نے محمد شفقت،قیصر،عمر صدیق،محسن اور فہیم کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا ہے۔بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی مزید سماعت 14 جنوری تک ملتوی کر دی۔
3
9 مئی مقدمات: عمرایوب ودیگر کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ،سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید سمیت دیگر کیخلاف میانوالی میں درج 6 مقدمات کی سماعت ہوئی، مختلف علاقوں سے آئے 150 سے زائد ملزمان عدالت پیش ہوئے۔
مقدمات میں نامزد ملزمان عمر ایوب، ملک احمد خان بھچر، عالیہ حمزہ، صنم جاوید اور بلال اعجاز چٹھہ کی جانب سے ان کے وکلاء نے حاضری معافی کی درخواست دی، وکلاء صفائی نے ملزمان کی بریت کی درخواست پر بحث مکمل کرلی۔بعدازاں عدالت نے ملزمان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی ، عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 17 جنوری تک ملتوی کردی۔
4
صوبائی وزیراطلاعات و رہنما مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب گڈگورننس ،میرٹ اور کارکردگی میں تمام صوبوں سے لیڈ کررہا ہے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز پنجاب کا پیسہ پنجاب کے عوام پر خرچ کررہی ہیں ، پنجاب کا پیسہ وفاق پر چڑھائی کے لیے خرچ نہیں ہو رہا، مریم نواز جانوروں کے ساتھ سیاسی بونوں اور سیاسی نیم پاگلوں کا بھی علاج کریں گی۔
اب جعلی پیری مریدی کا کاروبار چلانے والوں کے بچے بھی مریم نواز کو طعنے دینگے، مریم نواز کی چند ماہ کی کارکردگی باقی صوبوں کے لیے مثال ہے، پنجاب میں کام ہورہا ہے اور نظر بھی آرہا ہے، مریم نواز کی کارکردگی سے حسد وہ کررہے ہیں جو کئی سالوں سے حکومتوں میں بیٹھے ہیں۔
مریم نواز صوبے کے وسائل سے لوگوں کو سکالرشپس،گرین ٹریکٹرز اور کسان کارڈ دے رہی ہیں، ایک جماعت ایک صوبے میں 16سال سے اور دوسری 12سال سے اقتدار میں ہے، ان دونوں سے کارکردگی کا پوچھیں تو مظلومیت کارڈ اور ذاتیات کارڈ کھیلنا شروع کردیتے ہیں۔
5
عدالت کا ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے ملتان کو گرین سٹی بنانے کا حکم،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے ماحولیاتی آلودگی سے متعلق طاہر جمال کی درخواست پر 15 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا، درخواست میں لاہور ہائیکورٹ کے 2020 میں جاری کردہ ایک آرڈر پر عملدرآمد کی استدعا کی گئی تھی، 2020 کے آرڈر میں عوام کے لیے بنیادی سہولیات اور ایم تھری موٹروے پر شجرکاری کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملتان شہر کی ہریالی میں اضافے کے لیے جامع فریم ورک تشکیل دیا جائے، ملتان کو موٹروے ایم تھری کے ساتھ ایک گرین سٹی میں تبدیل کریں، تمام متعلقہ محکموں میں ترجمان مقرر کیے جائیں اور سٹیک ہولڈرز سے تجاویز لی جائیں، متعلقہ محکموں سے ماہانہ بنیادوں پر کارکردگی رپورٹس کے حصول اور جائزے کے لیے نظام تشکیل دیا جائے۔
جسٹس جواد حسن نے فیصلے میں لکھا کہ تمام متعلقہ حکام ہر ماہ ماہانہ کارکردگی رپورٹس عدالت میں جمع کروائیں، رپورٹس ملتان میں ایئر کوالٹی کی بہتری، شجرکاری اور شہر کے لیے ماحولیاتی حکمت عملی کے بارے میں ہوں گی، بگڑتی ماحولیاتی صورتحال اور ایئر کوالٹی کے حل کے لیے طویل مدتی پالیسی لانا ہوگی۔
6
لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کل ہوں گے، 35 امیدوار مدمقابل،لاہور بار کے الیکشن میں مجموعی طور پر 14 ہزار 712 ووٹرز بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ووٹ کاسٹ کر سکیں گے، پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، ووٹر وکلا بائیو میٹرک طریقے سے ووٹ کاسٹ کریں گے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تمام امیدواروں کو لاکھوں روپے کے جرمانے ہو سکتے ہیں۔
لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں صدر کی نشست پر 4 امیدوار مدمقابل ہوں گے، صدر کی نشست پر ایڈووکیٹ عرفان حیات باجوہ، مبشر رحمان چودھری، ادیب اسلم بھنڈر اور میاں فیض علی مدمقابل ہوں گے۔نائب صدر لاہور بار کی سیٹ پر 6 امیدوار مدمقابل ہوں گے، نائب صدر کی نشست پر ساجد حسین بلوچ، ملک افضل بشیر، ملک سیف کھوکھر، میاں شرجیل، میاں طاہر منیر اور ہمایوں ظہیر بھٹی کا مقابلہ ہوگا۔
نائب صدر ماڈل ٹاؤن کچہری سیٹ پر 3 امیدوار مدمقابل ہوں گے جن میں آصف کنول خان، اسلم بھلر اور وقاص کاہلوں شامل ہیں، نائب صدر کینٹ کچہری سیٹ پر 3 امیدوار مدمقابل ہوں گے، نائب صدر کینٹ کچہری سیٹ پر افلاطون جھکڑ، زاہد محمود گل اور عابد لطیف کھوکھر کا مقابلہ ہوگا۔
7
انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی ضمانت کی درخواستوں پر وکلاء صفائی کو دلائل کا آخری موقع پر دے دیا۔۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی 7 مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے درخواستوں پر سماعت کی، اعجاز چودھری کے وکیل دلائل کے لیے پیش نہ ہوئے، پولیس کی جانب سے تمام مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
دوران سماعت اعجاز چودھری کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سینئر وکیل لاہور ہائیکورٹ میں مصروف ہیں جس پر عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ہمیں کہتے ہیں آپ فیصلہ نہیں کرتے اور خود عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے، پچھلی کئی تاریخوں سے عدالت میں پیش نہیں ہو رہے۔
ایڈمن جج منظر علی گل نے ریمارکس دیئے کہ عدالت آخری موقع دے رہی ہے اگر اگلی تاریخ پر اعجاز چودھری کے وکیل پیش نہ ہوئے تو فیصلہ کر دیں گے۔بعدازاں عدالت نے اعجاز چودھری کی ضمانت کی درخواستوں پر مزید سماعت 22 جنوری تک ملتوی کر دی۔
8
پی سی بی نے 2024 کیلئے ہال آف فیم کرکٹرز کا اعلان کردیاسابق کپتان مشتاق محمد ، انضمام الحق، سعید انور اور مصباح الحق ہال آف فیم میں شامل ہیں، چاروں کرکٹرز پاکستان کے لیے نمایاں کارنامے سر انجام دےچکےہیں، 10 کرکٹرز پہلے ہی ہال آف فیم میں شامل کیے جاچکے ہیں۔ہ کرکٹرز ہمارے سفیر ہیں اور پی سی بی انہیں یہ اعزاز دینے میں فخر محسوس کرتا ہے، یہ چاروں کھلاڑی پاکستان کی کرکٹ کی تاریخ میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔
9
ٹک ٹاک نے 19 جنوری کو امریکا میں ایپ بند کرنے کا عندیہ دیدیاٹک ٹاک انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اگر امریکی حکومت یا سپریم کورٹ نے ایپلی کیشن کی پابندی کی تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی یا اسے رعایت دینے کا اعلان نہیں کیا گیا تو ایپلی کیشن کو امریکا میں 19 جنوری کو بند کر دیا جائے گا۔
امریکی حکومت نے ٹک ٹاک کو قومی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کمپنی کو 19 جنوری تک ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کو کسی بھی امریکی شخص یا کمپنی کو فروخت کرنے کا قانون بنا رکھا ہے۔
امریکی حکومت کی جانب سے بنائے گئے قانون کے مطابق ٹک ٹاک کی مالک کمپنی امریکا میں ٹک ٹاک کے آپریشنز 19 جنوری تک کسی بھی امریکی شخص یا کمپنی کو فروخت کرنے کی پابند ہے، دوسری صورت میں ایپلی کیشن کو امریکا میں بند کر دیا جائے گا۔


