اسلام آباد /کراچی (ای پی آئی)ملک بھر کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، برفباری اور ٹھنڈی یخ بستہ ہواں نے نظام زندگی مفلوج کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کے باوجود سڑکوں سے برف نہ ہٹانے کے باعث پھسلن پیدا ہو گئی جس سیسیاحوں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑا۔آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری کے بعد کئی مقامات پرراستے ٹریفک کے لئے بند کر دئیے گئے۔
دوسری جانب شمالی بلوچستان میں مغربی سسٹم کمزور ہونے کے بعد برفباری کا سلسلہ تھم گیا تاہم ریکارڈ توڑ سردی اب بھی برقراررہی۔بلوچستان میں سائبیرین اور برفیلی ہوائیں چلنے سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا، کوژک ٹاپ پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ صفر رہنے کے بعد مختلف پہاڑی مقامات پر درجنوں گاڑیاں پھنس گئی، مسافر اپنی گاڑیاں چھوڑ کر پیدل ہی پہاڑی علاقے عبور کرنے لگے۔
کراچی میں بھی 2 روز کی چھٹیوں کے بعد سردی پھر سے لوٹ آئی ہے، تیز ٹھنڈی ہواں کے جھکڑوں نے صبح سویرے دفاتر اور اسکول جانیوالوں کو سوئٹروں کے ساتھ جیکٹیں بھی پہننے پر مجبور کردیا ہے۔کراچی میں گرد کے باعث حد نگاہ ایک کلومیٹر رہ گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 25 فیصد ہو گیا ہے۔