1
گوجرانوالہ: انسانی اسمگلنگ میں ملوث بدنام زمانہ لینڈ روٹ ایجنٹ سمیت دو ملزمان گرفتار, ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایات پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرکے کارروائی کی گئی، گرفتار ملزمان میں محمد زمان اور آصف اشرف شامل ہیں، ملزم محمد زمان انسانی سمگلنگ میں مطلوب ملزمان کی فہرست میں بھی شامل ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کو منڈی بہاءالدین اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا، ملزمان سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے، ملزم محمد زمان شہریوں کو غیر قانونی بارڈر پار کروانے میں ملوث ہے، ملزم سال 2020ء سے کمپوزٹ سرکل گجرات کو مطلوب تھا ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے شہری کو غیر قانونی بارڈر پار کروانے کے لیے 10لاکھ روپے لے کر ملزم کو ترکی بھجوایا، شہری کو ترکی سے ڈی پورٹ کردیا گیا تھا۔
2
سندھ حکومت کی درخواست کے باوجود وفاق نے کرمنل وصی اللہ لاکھو کے وارنٹ جاری نہ کیے.محکمہ داخلہ سندھ نے وفاقی وزارت داخلہ کو استدعا کی تھی کہ وصی اللہ لاکھو کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رجوع کیا جائے۔
اپنے مراسلے میں داخلہ سندھ نے کہا کہ وزارت داخلہ انٹرپول سے رابطہ کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس کا اجراء کرائے تاکہ ملزم گرفتار ہوسکے، آئی جی سندھ نے چند ماہ قبل وصی اللہ لاکھو کی گرفتاری کے لیے محکمہ داخلہ سندھ کو مکتوب بھیجا تھا۔
مراسلے میں کہا گیا کہ آئی جی کی سفارش پر محکمہ داخلہ سندھ کے سیکشن آفیسر جوڈیشل نے سیکریٹری وزارت داخلہ کو خط تحریر کیا تھا۔پولیس کے مطابق پولیس کو مطلوب ملزم وصی اللہ لاکھوں پر زیادہ تر مقدمات 2012 میں لیاری آپریشن کے وقت قائم کیے گئے تھے، ملزم وصی اللہ لاکھو نے لیاری آپریشن کے دوران ایس ایس پی چوہدری اسلم سمیت متعدد پولیس افسران پر فائرنگ کی تھی، ملزم وصی اللہ لاکھو کی فائرنگ سے ایس ایچ او سول لائن سمیت متعدد پولیس افسران و ملازمین جاں بحق و زخمی ہوئے تھے، ملزم وصی اللہ لاکھو پر قتل، اقدامِ قتل، پولیس مقابلوں، بھتہ خوری، اسمگلنگ سمیت 40 سے زائد مقدمات درج ہیں۔
3
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک احمد خان نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) اس وقت سیاسی مجرم نہیں ہیں۔اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے لاہور میں لحمرا میں پینل آف ڈسکشن میں کہا کہ کوئی سیاست میں جرم کرتا ہے یا کوئی مجرم سیاست کرتا ہے۔ کیا ملک میں آگ لگانا کسی کا سیاسی حق ہے۔ پرویز خٹک کو سیاسی گروہوں کے ساتھ ہمراہ حملہ آور ہوتے دیکھا۔
اسٹیبلشمنٹ کو مورد الزام ٹھہرائیں لیکن اپنا کردار سامنے رکھیں۔ 2024 کے الیکشن کو دیکھنا ہے تو پچھلے تمام الیکشن کو دیکھا جائے۔ مقبولیت مزاحمت سے ملتی ہے جو پہلے ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف اور اب پی ٹی آئی کے حصے میں آئی ہے۔ کیا بندوق کے ذریعے سیاسی حل نکلتے ہیں۔ اپوزیشن 2024 کے الیکشن پر بات کرتی ہے۔ 2024 کے الیکشن میں کیا ہوا۔ کیا ہمارا مینڈیٹ چوری نہیں کیا گیا۔ بانی پی ٹی آئی اس وقت سیاسی مجرم نہیں ہیں۔
4
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا کوئی نظریہ نہیں ہے، ان کا نظریہ صرف اتھارٹی ہے کہ گرفت ہماری رہے، اس پر ہمیں اعتراض ہے اور رہے گا۔ پی ٹی آئی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر اعتماد میں نہیں لیا، پی ٹی آئی نے اس حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا اور مجھے اس بارے میں کوئی علم نہیں ہے کہ وہ کہہ رہے ہیں اور کیا کر رہے ہیں۔
مدت کرنے کا الیکشن کی شفافیت سے کوئی تعلق نہیں ہے، مدت تو آمرانہ حکومتیں بھی پوری کرلیتی ہیں، بلکہ 10، 10 سال حکومت کرتی ہیں، اس کا الیکشن کی شفافیت سے تعلق نہیں ہے، ابھی بلوچستان کے حلقہ 45 میں الیکشن ہوا، اس میں فاتح قرار دیا گیا امیدوار کسی ایک حلقے میں بھی نہیں جیتا ہے، فارم 45 میں کہیں ایک، کہیں دو، کہیں 5 اور کہیں 20 ووٹ حاصل کیے، یہ ان کا ووٹ ہے، ہم چیف الیکشن کمشنر پر کیسے اعتماد کریں، ابھی تک ان وتیرہ تبدیل نہیں ہو رہا ہے۔
ابھی تک اسٹیبلشمنٹ کہتی ہے کہ میں نے فیصلے کرنے ہیں، میں نے تنائج مرتب کرنے ہیں، عوام کی کیا حیثیت ہے کہ وہ کہیں میں نے اس کو ووٹ دیا، اس کو وو دیا، اس کا معنیٰ یہ ہے کہ وہ جمہوریت کا مذاق اڑا رہے ہیں۔کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب
5
لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے کہا ہے کہ ہمیں لڑکیوں کی تعلیم کے لیے معاشرتی رویوں کو چیلنج کرنا ہوگا۔مسلم معاشروں میں لڑکیوں کی تعلیم کے موضوع پر 2روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے کہا کہ تعلیم کا موضوع میرے دل کے قریب ہے ۔ پڑھی لکھی خواتین معاشرے میں ترقی کی ضامن ہیں ۔ خواتین کو با اختیار بنانا وقت کی ضرورت ہے ۔خواتین کی تعلیم کے حوالے سے چیلنجز ضرور ہیں مگر موجود مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ نیشنل پالیسی اور بجٹ میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے اقدامات کیے جانے چاہییں۔ خواتین کی تعیم کے حوالے سے معاشرے میں آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے کیوں کہ آج کی پڑھی لکھی خاتون معاشرے میں کردار ادا کرے گی۔
6
پولیس پر فائرنگ کا الزام: پی ٹی آئی کے رہنما کامران بنگش پر فرد جرم عائد ,پولیس پارٹی پر فائرنگ کیس میں نامزد پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کے مقدمے کی سماعت ہوئی، سماعت اے ٹی سی جج اسد اللہ نے کی۔پراسیکیوشن نے کہا کہ تھانہ چمکنی پولیس نے پی ٹی آئی کے روپوش رہنماء مراد سعید کی گرفتاری کے لیے کامران بنگش کے حجرے پر چھاپہ مارا تھا، چھاپے کے دوران کامران بنگش اور دیگر ساتھیوں نے پولیس پارٹی فائرنگ کی تھی، فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
پراسیکیوشن نے استدلال کیا کہ واقعہ 20 دسمبر 2023 کو پیش آیا تھا ، پولیس نے کامران بنگش اور دیگر کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا ہے، پولیس نے تحقیقات مکمل کرکے چالان عدالت میں پیش کردی ہے۔دوران سماعت عدالت نے پولیس پر فائرنگ کرنے کے مقدمے میں پی ٹی آئی کے رہنما کامران بنگش پر فرد جرم عائد کر دی، ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا۔عدالت نے اگلی سماعت پر استغاثہ گواہان طلب کرتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی۔
7
کرک میں ٹرالر نے کئی گاڑیوں کو کچل دیا، 12 افراد جاں بحق، ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ,انڈس ہائی وے امبیری کلہ چوک پر حادثے میں جاں بحق و زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ اسپتالوں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے، مرنے والوں کی تعداد 12 ہوگئی جبکہ 13 زخمی ہیں۔اطلاعات کے مطابق حادثہ 22 وہیلر ٹرالر کا بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا، ٹرالر بریک فیل ہونے کی وجہ سے کئی گاڑیوں سے بھی ٹکرایا جبکہ ایک مسافر بس ٹرالر کے نیچے دب گئی، ٹرالر کے نیچے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالنے کا عمل جاری ہے۔
8
ملاوٹ شدہ ایل پی جی کی فروخت سے لاکھوں زندگیوں کو خطرات,اوگرا نے شکایات موصول ہونے پر غیر معیاری سلنڈر میں ملاوٹ شدہ ایل پی جی فروخت کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا، اوگرا کی اسپیشل ٹیموں نے پنجاب اور سندھ میں کریک ڈاؤن کر کے درجنوں کمپنیوں اور ملاوٹ والا کیمیکل پکڑلیا۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کی شکایات پر چیئرمین اوگرا نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں، ایل پی جی بوزر سے گیس نکال کر اس میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی ملاوٹ کی جا رہی تھی۔اوگرا نے مکسنگ پلانٹ اور کاربن ڈائی آکسائیڈ سے بھرے ہوئے کنٹینر قبضہ میں لے لیے، ایل پی جی میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی ملاوٹ سے سلنڈر پھٹنے کی شکایات سامنے آئی تھیں۔
اوگرا نے پکڑے گئے گے ملاوٹ شدہ بوزر اور پلانٹ سے لیے گئے سمپل لیبارٹری بھجوا دیے ہیں، اوگرا نے پہلے پانچ ایل پی جی کمپنیوں کو پانچ پانچ لاکھ جرمانے بھی کیے اوگرا نے جن کمپنیوں کے سمپل لیبارٹری بھجوائے انکو بھی بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔
9
قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے کہا ہے کہ مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس طلب کرنے کے لیے اپوزیشن یا حکومت نے رابطہ نہیں کیا۔اسپیکرایاز صادق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فریقین جب کہیں گے ایک دو روز کے نوٹس پر اجلاس بلانے کے لیے تیار ہوں۔ مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس طلب کرنے کے لیے اپوزیشن یا حکومت نے رابطہ نہیں کیا۔
10
الیکشن کمیشن نے پی بی 45 سے پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار کا نوٹیفکیشن معطل کردیا.الیکشن کمیشن نے پی بی 45 کے آر او سے اصلی فارم 45 طلب کرلیے، الیکشن کمیشن کے 2 رکنی کمیشن نے فیصلہ جاری کردیا۔فیصلے کے تحت ریٹرننگ افسر سے 16 جنوری کو فارم 45 طلب کرلئے گئے،اس میں کہا گیا کہ درخواست گذار جے یو آئی امیدوار محمد عثمان نے فارم 45 جمع کرائے،درخواست گزار کے فارم 45 میں اور فارم 47 میں واضح فرق ہے۔
فیصلے کے مطابق درخواست گذار کے جمع کرائے گئے فارم 45 پر انگھوٹوں کے نشانات واضح ہیں، درخواست گذار کے مطابق ووٹوں کی گنتی کا آر او نے نوٹس نہیں دیا۔الیکشن کمیشن نے آر او سے تفیصلی رپورٹ طلب کرلی، الیکشن کمیشن آئندہ سماعت 16 جنوری کو کریگا، الیکشن کمیشن نے آر او سمیت امیدواروں کو طلب کرلیا ری پول کرائے گئے 15 پولنگ اسٹیشنر کے فارم 45 بھی طلب کرلیے۔
11
لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق کانفرنس میں شرکت کیلئے نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی پاکستان پہنچ گئیں۔پاکستان پہنچنے پر پارلیمانی سیکریٹری تعلیم نے ملالہ یوسف زئی کا استقبال کیا، ملالہ یوسف زئی پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق کانفرنس میں شرکت اور خواتین کی تعلیم سے متعلق چینلنجز کے حوالے سے بات کریں گی۔اپنے ایکس پیغام میں ملالہ نے کہا کہ وہ دنیا بھر کے مسلم رہنماؤں کے ساتھ لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے کانفرنس میں شرکت کیلئے پرجوش ہیں۔ وہ اس کانفرنس میں تمام بچیوں کے اسکول جانے کے حق اور افغان خواتین و لڑکیوں کے خلاف جرائم کے لیے طالبان کو جوابدہ ٹھہرانا سے متعلق بات کریں گی۔
12
اسرائیل نے یمن میں فوجی تنصیبات، بندرگاہوں پر بم برسا دئیے.غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے یمن میں حوثیوں کے کنٹرول والے علاقوں میں شدید بمباری کی۔ اسرائیلی بمباری سے ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ بمباری میں فوجی تنصیبات، بندرگاہوں اور پاور اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی حملوں سے حدیدہ اور راس عیسیٰ بندرگاہ، حزیاز پاور اسٹیشن اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا۔اس سے قبل اسرائیلی فورسز نے یمن سے فائر کیے 2 ڈرونز کو مار گرایا تھا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دھمکی دی ہے کہ حوثی اسرائیل کے خلاف کارروائیوں کی قیمت چکا رہے ہیں اور انہیں مزید بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔


