1
پنجاب دھی رانی پروگرام 51 شادیوں کے اجتماعی تقریب سے لانچ، دلہن کو سلامی کارڈ بھی دیا گیا۔لاہور کے میرج ہال میں 51 شادیوں کے اجتماعی تقریب سے پروگرام کا آغاز ہوا اور نوبیاہتا جوڑوں میں پانچ کرسچن جوڑے بھی شامل تھے۔
وزیراعلیٰ نے تمام نوبیاہتا جوڑوں کو مبارکباد اور دعائیں دیں۔ ڈاکٹر مفتی محمد رمضان سیالوی اور بشپ ندیم کامران نے دعا کرائی۔نو بیاہتا دلہا دلہن کو میٹرس، کھانے پکانے کا سامان، ڈنر سیٹ سمیت دیگر سامان کے تحائف دیے گئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دھی رانی پروگرام سلام کارڈ کی لانچنگ بھی کی اور ہر دلہن کو سلامی کارڈ بھی دیا۔
2
خودکشی کی کوشش کے بعد اسپتال لیڈی گارڈکے ساتھ مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج،فیصل آباد چلڈرن اسپتال کی لیڈی گارڈ کی مدعیت میں درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ایک ڈاکٹر نے اسے نوکری سے نکلوانےکی دھکمیاں دے کر متعدد بار زیادتی کا نشانہ بنایا اور ویڈیوز بھی بنائیں۔
متاثرہ خاتون کے مطابق جب اس نے ڈی ایم ایس کو شکایت کی تو انہوں نے اسے بلیک میل کرنےکی کوشش کی جب کہ گارڈ سپروائز نے بھی اسے ایک ساتھی سمیت کمرے میں بند کرکے زیادتی کی کوشش کی۔
مقدمےکے متن کے مطابق خاتون نے پولیس کو تمام واقعات سے آگاہ کیا لیکن کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی جب کہ شوہر نے بھی بدنامی کے ڈر سے قانونی کارروائی سے باز رہنےکا کہا، جس پر اس نےدلبرداشتہ ہوکر خودکشی کی کوشش کی۔
3
بنگلادیش نے پاکستانیوں کیلئے ویزا شرائط نرم کردیں، آن لائن ویزا بھی مل سکے گا۔بنگلادیش کے سفیر محمد اقبال خان نے لاہور چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی تہذیب اور ثقافت کسی تعارف کی محتاج نہیں، بنگلادیش کے عوام پاکستانی عوام سے محبت کا رشتہ رکھنا چاہتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔
پاکستان بنگلادیش باہمی تجارت بڑھانے کیلئے لاہور چیمبر کردار ادا کر سکتا ہے اور بنگلاعوام پاکستان کوعزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دونوں ممالک کو معاشی واقتصادی تعاون کو مضبوط کرنا ہوگا۔
4
پاکستان کا ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان، 7 تبدیلیاں کردی گئیں۔شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، محمد رضوان، نعمان علی اور سلمان علی آغا کو برقرار رکھا گیا ہے۔اس کے علاوہ اسپن کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے آف اسپنر ساجد خان اور لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی کے ساتھ لیگ اسپنر ابرار احمد کو واپس بلایا گیا ہے۔
زخمی صائم ایوب اور آؤٹ آف فارم عبداللہ شفیق کی جگہ اوپنرز امام الحق اور محمد ہریرہ کو واپس اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔عامر جمال، محمد عباس، میر حمزہ اور نسیم شاہ کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ سلیکٹرز نے خرم شہزاد کو برقرار رکھا ہے جبکہ محمد علی کو واپس اور ان کیپڈ کاشف علی کو شامل کیا ہے۔
وکٹ کیپر بیٹر حسیب اللہ کی غیر موجودگی میں پاکستان انڈر 19 کے سابق کپتان اور شاہینز کے کپتان روحیل نذیر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، ابرار احمد، بابر اعظم، امام الحق، کامران غلام، کاشف علی، خرم شہزاد، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر/ بیٹر )، نعمان علی، روحیل نذیر (وکٹ کیپر/ بیٹر )، ساجد خان، اور سلمان علی آغا شامل ہوں گے۔
5
بلاول نے شہید ذوالفقار علی بھٹو ایکسپریس وے کے فیز ون کا افتتاح کردیا۔چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری ایکسپریس وے کے افتتاح کے لیے پہنچے جہاں انہوں نے خود اپنی گاڑی شہید ذوالفقارعلی بھٹو ایکسپریس وےپر ڈرائیو کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی گاڑی میں موجود تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے ایکسپریس وے پر 100 روپے ٹول ٹیکس بھی ادا کیا اور ایکسپریس وے کا تفصیلی جائزہ لیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شاہراہ بھٹوبنانے میں ہمیں بہت دیرہوگئی ہے، آج سے 30 سال پہلے محترمہ بینظیر نے ایک پیکج دیا تھا، اس پیکج میں اس منصوبے سمیت لیاری ایکسپریس وے اور دیگر منصوبے شامل تھے۔
6
کے پی حکومت کا انٹرنیٹ اسپیڈ کے معاملے پر ایلون مسک سے رابطہ کرنے پرغور،خیبرپختونخوا حکومت کے معاون خصوصی شفقت ایاز نے کہا کہ صوبائی حکومت انٹرنیٹ کے مسئلے پر ایلون مسک سے رابطہ کرنے پرغورکررہی ہے، دیگر شخصیات سے بھی انٹرنیٹ مسئلے پر تعاون کیلئے رابطہ کریں گے۔
7
بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ میں ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کے گھپلوں کا انکشاف،آڈیٹر جنرل پاکستان کی جانب سے بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کے حوالے سے آڈٹ رپورٹ تیار کرکے صوبائی اسمبلی میں پیش کردی گئی ہے جس میں بورڈ میں ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کے گھپلوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق 2017 سے 2022 کے دوران ضرورت کے برعکس کتابوں کی مشکوک پرنٹنگ سے قومی خزانے کو 11کروڑ 64 لاکھ کا نقصان پہنچا یا گیا،کاغذ اور دیگر پرنٹنگ مٹیریل کی خریداری میں تقریباً 53کروڑ 80 لاکھ جب کہ وینڈرز کو غیر ضروری رعایت دینے سے 23کروڑ 85 لاکھ روپے کی بے قاعدگی سامنے آئی۔
رپورٹ میں بتایاگیا ہےکہ اسکولوں اور کالجز کے لیے چھپنے والے کتب رکھنےکیلئے عمارت کے حصول میں قومی خزانے کو 11کروڑ کا ٹیکا لگایا گیا، اسی طرح لائسنس فیس کی مد میں غیر ضروری اخراجات سے 21کروڑ جب کہ گورنمنٹ ٹیکس کی کم کٹوتی سے قومی خزانے کو 27کروڑ 23لاکھ کا نقصان اٹھانا پڑا ْ۔