1
گورنر ہاؤس کراچی میں تاریخ ساز پہلی گورنرز سمٹ شروع ہوگئی جس میں چاروں صوبوں کے گورنرز شریک ہیں۔تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، پنجاب کے گورنر سردار سلیم حیدر خان، خیبر پختونخوا کے گورنرفیصل کریم کنڈی بھی موجود ہیں، بلوچستان کے گورنر شیخ جعفر خان مندوخیل اور گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ بھی شریک ہیں۔تقریب میں ملکی معاملات پر مختلف امور پر بات کی جائے گی۔
2
عمران خان کی بہنیں عظمیٰ اور علیمہ پشاور پہنچ گئیں، زیرِعلاج کارکن کی عیادت، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمٰی خان نے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکن سمیع وزیر کی عیادت کی اور انہیں تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اس موقع پر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دوررہ بھی کیا ۔ عظمیٰ خان اور علیمہ خان نے زیر علاج کارکن کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکنوں کی قربانیوں کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سلام پیش کرتے ہیں۔مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہنے والے ہی پارٹی کے اصل ہیرو ہیں۔ زخمی کارکن سمیع وزیر کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
3
امریکی ڈاکٹروں نے ٹرمپ کے منتخب کردہ سیکریٹری کو خطرہ قرار دے دیا۔17,000 سے زیادہ ڈاکٹروں نے امریکی سینیٹرز کو لکھے ایک خط میں کہا ہے کہ رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر قومی صحت کی دیکھ بھال کے لیے خطرہ ہیں اور ان کے پاس محکمہ صحت اور انسانی خدمات کی قیادت کرنے کی اہلیت کا فقدان ہے۔
ڈاکٹرز شکاگو میں قائم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ ہیلتھ کیئر کے ممبر ہیں جو امریکا میں تقریباً 20,000 ڈاکٹروں اور دیگر طبی پیشہ ور افراد کی نمائندگی کرتی ہے۔کمیٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر روب ڈیوڈسن نے خط میں کہا کہ ہم منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کو قومی صحت اور انسانی خدمات (ایچ ایچ ایس) کا سیکرٹری مقرر کرنے کے فیصلے پر سخت تنقید کرتے ہیں۔
4
باپ کا ظالمانہ رویہ؛ عدالت میں کمسن بچوں کا والد کے ساتھ جانے سے انکار،سندھ ہائی کورٹ میں شیخوپورہ کے شہری کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں والد کے رویے کے باعث اولاد نے والد کے ساتھ جانے سے انکار کردیا۔ بچوں نے عدالت میں بیان دیا کہ والد کا رویہ ظالمانہ رہا ہے، وہ ان سے بے رحمانہ سلوک اختیار کریں گے۔ لہٰذا وہ والد کے ساتھ نہیں جانا چاہتے۔عدالت نے انکار کے بعد بچوں کو شیلٹر ہوم واپس بھیجتے ہوئے سماعت 29جنوری تک کے لیے ملتوی کردی۔
5
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کرم کی صورتحال تشویشناک ہے مگر صوبائی حکومت کو کوئی تشویش نہیں۔کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو جب تک اسلحہ فراہم نہیں کریں گے تو وہ کیسے لڑے گی، ایک طرف صوبے میں آگ لگی ہے، صوبائی حکومت کہتی تھی فوج نکل جائے، دوسری طرف وہ کہتے ہیں کہ بانی چیئرمین آزاد ہو جائیں گے، گورنر راج جمہوری عمل نہیں ہے۔
فی الوقت کے پی لوٹ مار کا شکار ہے، پبلک سیکٹر کی 34 جامعات میں وائس چانسلر نہیں ہیں، یہ اپنے پارٹی کے لوگوں کو وائس چانسلر بنانا چاہتے ہیں، گورنر ہاؤس میں یونیورسٹیاں قائم کرنے والے آج وہ تعلیمی اداروں کی زمینیں بیچ رہے ہیں۔
صوبہ خیبر پختونخوا نااہل اور نالائق کے ہاتھوں آگیا ہے، ایک ایسی حکومت آئی ہے جو صوبے کو بدامنی کی طرف لیکر جارہی ہے، جب صوبے میں کسی سیاح کو آنے کی اجازت نہ ہو تو اس کا مطلب واضح ہے کہ حالات خراب ہیں، وزیر اعلیٰ جب اندر بیٹھتے ہیں تو ایک کیسٹ سناتے ہیں اور باہر جاکر اپنی کیسٹ تبدیل کردیتے ہیں، میں نے امن کے حوالے سے اے پی سی بلائی تھی حالانکہ یہ ذمہ داری صوبائی حکومت کی تھی۔
کرم میں اسلحہ جمع کرنے کا پراسیس شروع ہوا ہے، اس میں وقت بھی لگے گا، اگر کوئی بات نہیں تسلیم کرے گا تو پھر سختی بھی کرنے پڑی گی، پیپلز پارٹی قیام امن کے لیے ہمیشہ ساتھ ہے، ہم امن کے لیے ہر کسی سے بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
6
پنجاب کی وزیراطلاعات عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل فتنہ نے فائنل کال دی تو وہ مس کال ثابت ہوئی۔ سول نافرمانی کی تحریک سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ سول نافرمانی کر کے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے گئے۔
اڈیالہ جیل فتنہ نے فائنل کال دی تو وہ مس کال ثابت ہوئی۔ ترسیلات زر نہ بھیجنے کی کال کے باوجود اضافہ ہوا اور بیرون ملک سے 3 ارب 10 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر آئی۔ایک شخص کی سازش ہے کہ اداروں اور ملک کو نقصان پہنچانا ہے۔ ادھر تو پھونکوں تعویزوں اور گنڈوں کی حکومت تھی۔ جلاؤ گھیراؤ کے باوجود پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔کہتا رہا این آر او نہیں دو اب گھٹنوں پر این آر او مانگ رہا ہے۔ اب وہ کہتا ہے کہ مجھ سے جیل میں نہ ملو بلکہ مجھے کسی طرح این آر او کرکے باہر نکالو۔
قوم کے بچے غلیلیں بنائیں اور اسلحہ لہرائیں لیکن ان کے اپنے بچے لندن میں عیاشیاں کررہے ہیں۔شاہدرہ میں پریس کانفرنس سے خطاب ،کہا کہ علی امین گنڈا پور اور ان کی کابینہ کرپشن میں ملوث ہے۔ خیبرپختونخوا میں نئی بھرتی وزیرتعلیم میٹرک فیل تھے۔ کے پی میں مساجد کے نام پر 26 نومبر سے پہلے 2 ارب روپے بٹورے گئے۔ 12 سال سے نالائق شخص کی حکومت کی وجہ سے تکالیف میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان لوگوں کو صرف یہ فکر ہے کہ خان کو اڈیالہ جیل میں بھنا مرغی کا گوشت مل رہا ہے یا نہیں۔
7
سندھ حکومت کی درخواست کے باوجود وفاق نے کرمنل وصی اللہ لاکھو کے وارنٹ جاری نہ کیے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے وفاقی وزارت داخلہ کو استدعا کی تھی کہ وصی اللہ لاکھو کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رجوع کیا جائے۔
اپنے مراسلے میں داخلہ سندھ نے کہا کہ وزارت داخلہ انٹرپول سے رابطہ کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس کا اجراء کرائے تاکہ ملزم گرفتار ہوسکے، آئی جی سندھ نے چند ماہ قبل وصی اللہ لاکھو کی گرفتاری کے لیے محکمہ داخلہ سندھ کو مکتوب بھیجا تھا۔مراسلے میں کہا گیا کہ آئی جی کی سفارش پر محکمہ داخلہ سندھ کے سیکشن آفیسر جوڈیشل نے سیکریٹری وزارت داخلہ کو خط تحریر کیا تھا۔


