1
عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس کا فیصلہ آج پھر مؤخر،سماعت میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ پیش نہیں ہوئے۔احتساب عدالت نے اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت میں آج پھر 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کیس کا فیصلہ مؤخر کردیا۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔
سماعت سے قبل احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا اڈیالہ جیل پہنچے جب کہ نیب پراسیکیوٹر چوہدری نذر، نیب لیگل ٹیم کے ممبران عرفان احمد،سہیل عارف اور اویس ارشد، احتساب عدالت اسلام آباد کا عملہ اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکلا سلمان اکرم راجا ایڈووکیٹ اور دیگر بھی جیل پہنچے تھے۔اس موقع پر اڈیالہ جیل کے باہر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی، جس میں لیڈیز پولیس اہلکاروں سمیت ایلیٹ فورس کے تازہ دم دستے بھی شامل تھے۔
اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت میں بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی عدالت پہنچیں، تاہم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی خود عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس پر عدالت نے کیس کا فیصلہ مؤخر کردیا جو اب 17 جنوری کو سنایا جائے گابعد ازاں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل پہنچیں تاہم وہ اندر جائے بغیر باہر ہی سے واپس روانہ ہو گئیں۔
2
عمران خان کی مطالبات سے پسپائی اور پی ٹی آئی میں تقسیم کا بڑا دعویٰ،پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سیاسی پیش گوئیوں کی وجہ سے مشہور منظور وسان نے اپنے بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور پارٹی سے متعلق پیش گوئی کی ہے۔
بانی پی ٹی آئی اب آہستہ آہستہ اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹیں گے اور ریلیف لینےکی کوشش کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی کے مطالبات کسی بھی صورت نہیں مانے جائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے جو پہلے مطالبات کیے تھے، ان سے بھی وہ پیچھے ہٹ جائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی کا جو گزشتہ سال پریشر تھا، وہ نئے سال میں نظر نہیں آرہا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی اور پارٹی کی پوزیشن کم ہوتی نظر آرہی ہے۔ پی پی رہنما منظور وسان کی میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت
3
رحیم یار خان: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 4 نہتے معصوم شہری قتل، آئی جی پنجاب کا نوٹس،واقعے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔آئی جی پنجاب نے ڈی پی او رحیم یار خان کو قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
پولیس کے سینئر افسران، کرائم سین یونٹ اور فرانزک ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ چکے ہیں تاکہ شواہد اکٹھے کیے جا سکیں۔پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، اندھڑ، شر، اور کوش گینگ کے ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاعات پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب کیا۔ دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
ڈی ایس پی خانپور اظہر اقبال اور ڈی ایس پی صدر سرکل خالد محمود کی قیادت میں پولیس ٹیمیں ملزمان کو گھیرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ پولیس کو حملہ آور ڈاکوؤں کے خلاف کامیابی کی قوی امید ہے۔
4
سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ آرمی ایکٹ میں کئی جرائم کا ذکر بھی موجود ہے، ایکٹ کے مطابق تمام جرائم کا اطلاق فوجی افسران پر ہوگا، سویلین کا ملٹری ٹرائل کورٹ مارشل کہلاتا ہے۔
سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں کے کیس کی سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بینچ سماعت کر رہا تھا۔فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت شروع ہوئی تووزارتِ دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دینے شروع کیے۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ مناسب ہوگا کل تک اپنے دلائل مکمل کر لیں، کونسے مقدمات فوجی عدالتوں کو منتقل ہوئے اور کیوں ہوئے اس کو مختصر رکھیے گا، ججز کے اس حوالے سے سوالات ہوئے تو آخر میں اس کو بھی دیکھ لیں گے۔وکیل خواجہ حارث نے مؤقف اپنایا کہ سپریم کورٹ نے آرمی ایکٹ کی سیکشن 59(4) کو بھی کالعدم قرار دیا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ آرمی ایکٹ میں کئی جرائم کا ذکر بھی موجود ہے، ایکٹ کے مطابق تمام جرائم کا اطلاق فوجی افسران پر ہوگا۔
5
اڈیالہ جیل کی سخت سکیورٹی؛ جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بھی ملتوی،انسداد دہشت گردی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت آج جج امجد علی شاہ کے روبرو اڈیالہ جیل میں ہونی تھی، تاہم عدالت نے سماعت 15 جنوری تک ملتوی کردی۔
جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں زیر سماعت دیگر عدالتی امور اور سیکورٹی کے باعث ملتوی کی گئی، جس کے بعد اب آئندہ سماعت پر بیان ریکارڈ کروانے کے لیے استغاثہ کے 5گواہان طلب کیے گئے ہیں۔
6
جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں آئین پر عمل نہ ہونے کے باوجود ہم اپنی آئینی وسیاسی جدوجہد سے دست بردار نہیں ہوسکتے ہیں۔دین کی رہنمائی میں جو زندگی گزارے گا اسے کبھی بھی ٹھوکر نہیں لگے گی لیکن اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے ملک میں سب سے مشکل ترین چیز اسلام کا مطالبہ کرنا ہے۔
سیاسی جدوجہد میں موقع آیا تو ہم نے حکومت اور اپوزیشن دونوں سے اپنا مؤقف منوایا، حکومت اور اپوزیشن کے اشتراک عمل سے مدارس بل منظور ہوا۔تمام علمائے کرام بڑی مضبوطی کے ساتھ ایک مؤقف پر ڈٹے رہے تو کامیابی ملی۔ملتان میں جامعہ خیر المدارس میں تقریب سے خطاب
7
پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے رکن صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر 31 جنوری تک غیر جانبدار جوڈیشل کمیشن نہ بنا تو مذاکرات آگے نہیں چل سکتے، اب بال حکومت کے کورٹ میں ہے ہم جتنی لچک دکھاسکتے تھے دکھا دی۔ دوسرا فریق اگلی میٹنگ میں جوڈیشل کمیشن کے حوالے سے تیاری کرکے آئے، ایک ایسا غیر جانبدار کمیشن تشکیل دیا جائے جو ذمہ داران کا تعین کرسکے، اس کمیشن میں ہم اپنی مرضی کا جج نہیں چاہ رہے بلکہ سپریم کورٹ کے موسٹ سینئر ججز کی بات کررہے جو ان دونوں واقعات کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرسکے۔
بانی کسی ایگزیکٹو آرڈر نہیں قانونی طریقے سے باہر آئیں گے، 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ ملک کی نیک نامی کا سبب نہیں بنے گا، اس ریفرنس میں خان ان کی اہلیہ سمیت فیملی کا کوئی ممبر بینیفشری نہیں، 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کے فیصلہ کے بعد مذاکراتی عمل میں ہمارے رویوں میں تلخی آئے گی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو
8
26 نومبراحتجاج، بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں مسترد،ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے 26 نومبر کو احتجاج کے حوالے سے بشریٰ بی بی کی ضمانت کی 3 درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت پراسیکیوٹر اقبال کاکٹر اور وکیل خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔ بشری بی بی کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے استثنی کی درخواست دائر کی۔
پراسیکیوٹر اقبال کاکڑ نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے اپنے ضمانتی مچلکے جمع ہی نہیں کروائے۔ جج نے ریمارکس دئیے کہ آپ نے ابھی تک ضمانتی مچلکے ہی جمع نہیں کروائے۔ آپ عدالت کے حکم پر عمل درآمد نہیں کررہے۔ وکیل خالد یوسف چوہدری نے جواب دیا کہ آج 90 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا فیصلہ ہے بشریٰ بی بی کو اڈٰیالہ جیل جانا ہے۔
9
سندھ ہائی کورٹ نے عدالتصحافی فرحان ملک کی سفری پابندیوں کے خلاف درخواست پر فریقین کو 20 جنوری کے لئے نوٹس جاری کردیے۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کے ربرو صحافی فرحان ملک کی سفری پابندیوں کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواستگزار کے وکیل نے مؤقف دیا کہ میرے مؤکل اسٹیبلشمنٹ کی جمہوریت میں مداخلت پر اپنے رائے رکھتے ہیں، درخواست گزار یوٹیوب پر پوڈ کاسٹ کے ذریعے رائے کا اظہار کرتے ہیں۔
چیف جسٹس محمد شفیع صدیقی نے ریمارکس دیے کہ ہمیں اس کہانی میں دلچسپی نہیں ہے، ہمیں حقائق بتائیں کس قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف دیا کہ قطر جاتے ہوئے درخواست گزار کو آف لوڈ کیا گیا، 5 گھنٹے بعد پی این آئی ایل سے نام نکالنے کی درخواست دائر کرنے کا کہا گیا۔
10
بائیڈن اور نیتن یاہو ٹیلیفونک رابطہ، غزہ جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی پر تبادلہ خیال،وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم نیتن یاہو نے صدر بائیڈن کو غزہ جنگ بندی مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا، جبکہ صدر بائیڈن نے اس عمل کو تیز کرنے اور فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جو بائیڈن نے غزہ میں انسانی امداد کی فوری فراہمی کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ جنگ بندی کے ذریعے امدادی سرگرمیوں کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم نیتن یاہو نے اسرائیل کے لیے امریکی حمایت پر صدر بائیڈن کا شکریہ ادا کیا اور جنگ بندی معاہدے کے حوالے سے اسرائیل کے موقف سے آگاہ کیا۔
11
لاہورکے علاقے برکی میں شراب نوشی اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر 28 لڑکوں اور لڑکیوں کو گرفتار کرلیا۔ون فائیو پر کال کے ذریعے اطلاع ملی تھی کہ اونچی آواز میں گانے لگا کر ڈانس پارٹی چل رہی ہے۔ پولیس نے چھاپہ مار کر 18 لڑکوں اور 10 لڑکیوں کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔گرفتار ہونے والوں میں آصف،عامر،شاہد، حذیفہ، عمر،محمد علی، عدنان،زبیر، مصلفین،عدیل،حمزہ، فراز،ظہیر،زین،ساحل،دانیال،روبن،صبا،نہیال،عائشہ، ربیعہ، نور،سدرہ،اقصی وغیرہ شامل ہیں۔ان کے قبضے سے شراب،شیشہ فلیور، اسلحہ،ساونڈ سسٹم اور دیگر غیر قانونی اشیاء برآمد کی گئیں۔ پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے
12
پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ القادر ٹرسٹ کیس نہیں، ایجنڈا ہے جس سے عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔بانی پی ٹی آئی کو ٹرسٹ کی پراپرٹی پر ایک علم کا شہر آباد کرنے کے مقدمہ میں سزا دی جا رہی ہے، یہ کیس نہیں، یہ ایجنڈا ہے جس سے بانی اور پی ٹی آئی کو کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ سب سیاست ہے، سزا سے پہلے کیا فرق پڑا تھا۔بشری بی بی یا نوجوانوں کو جو ملٹری کسٹڈی میں بھی رہے، جو نوجوان ملٹری کسٹڈی میں رہے، معافی بھی نہیں مانگی، ان کا باہر نکلنے پر شاندار استقبال کیا گیا، جو کچھ ہو رہا ہے یہ کینگرو کارروائی ہے، ایسا مقدمہ جس کا فیصلہ جج نے سنانا ہے وہ سوشل میڈیا پر پہلے ہی سنایا جا چکا ہے۔نجومی سوشل میڈیا پر بانی پی ٹی آئی کی سزا کا اعلان کر رہے ہیں، کہہ رہے ہیں کہ اس مرتبہ بہت لمبا 72 صفحوں والا فیصلہ آئے گا، یہ کیسی عدالت ہے؟اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو